تازہ ترین

آرٹس مضامین کے امیدواروں کا پریس کالونی میں دھرنا

پنچایتوں میں اکاونٹس اسسٹنٹ اسامیوں کیلئے نا اہل قرار دینے پر اظہار برہمی

20 جولائی 2019 (57 : 10 PM)   
(      )

بلال فرقانی
سرینگر// پنچایتوں میں اکاونٹس اسسٹنٹ اسامیوں کو پُر کرنے میں آرٹس مضامین کے امیدواروں کو اس پوسٹ کیلئے نا اہل قرار دینے کے خلاف پریس کالونی میں تعلیم یافتہ نوجوانوں نے احتجاج کیا اور نعرہ بازی کرتے ہوئے انکے ساتھ ہو رہی ’’نا انصافی‘‘ ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ سرکار انہیں ان اسامیوں کیلئے درخواستیں دینے کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔احتجاجی امیدواروں کا کہنا تھا کہ وہ خود کو اس پوسٹ کیلئے دیگر مضامین کے امیدواروں کی طرح ہی اہل سمجھتے ہیںاور انہیں بھی اپنی قابلیت منوانے کا موقعہ فراہم کیا جانا چاہئے۔ مظاہرے میں شامل ایک امیدوار نے کہا’’ اگر آرٹس مضامین کے امیدوار سیول سروس کیلئے امتحانات دے سکتے ہیں،تو ہمیں اس اسامی کیلئے کیوں دور رکھا جا رہا ہے۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ اس اسامی کیلئے کسی بھی اسکول یا کالج میں کوئی مخصوص مضمون نہیں پڑھایا جاتا اور’’ حکام ہماری ڈگریوں سے ہماری اہلیت کس طرح متعین کر سکتی ہے۔‘‘ احتجاجی امیدوار بعد میں پرامن طور پر منتشر ہوئے۔