تازہ ترین

دنیشور شرما ،فاروق خان اور نوین چودھری گورنر سے ملاقی

16 جولائی 2019 (40 : 10 PM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر//جموں وکشمیر میں مذاکرات کے لئے مرکز کے خصوصی نمائندے دنیشور شرما نے  یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔دنیشور شرما نے ریاست میں سماج کے مختلف طبقوں کے ساتھ تبادلہ خیال کے بارے میں گورنر کو آگاہ کرتے ہوئے ریاست کے نوجوانوں اور طالب علموں کی اُمیدوں کا خیال رکھنے پر زور دیا۔گورنر اور دنیشور سرما نے شری امرناتھ جی یاترا سے جڑے کئی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔اس دوران حال ہی میں گورنر کے مشیر کے طور مقرر کئے گئے فاروق خان نے گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔گورنر اور فاروق خان نے ریاست کی ترقیاتی اور سلامتی صورتحال کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔گورنر نے فاروق خان کی اُن کے مشیر کے طور تقرری پر انہیں مبارک باد دیتے ہوئے اُن کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دریں اثنا فاروق خان نے گورنر کے پانچویں مشیر کی حیثیت سے باضابطہ طور اپنا عہدہ سنبھالا۔ ادھرصنعت و حرفت محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری نوین کمار چودھری نے گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔نوین کمار چودھری نے ریاست میں صنعتوں کے فروغ ، کارخانہ داری کے ماحول کو بڑھاوا دینے اور گھریلو و دیہی صنعتوں کے علاوہ دستکاری کی صنعت کو ترقی دینے کے لئے اُٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی۔نوین کمار چودھری جنہیں حال ہی میں محکمہ سیاحت کی ذمہ داریاں بھی سونپی گئی ہیں، نے گورنرکو ریاست میں سیاحتی ڈھانچے، سیاحوں کی آمد اور سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے سے متعلق اقدامات کی جانکاری دی۔گورنر نے نوین کمار چودھری کو صلاح دی کہ وہ ریاست میں ایسے غیر معروف سیاحتی مقامات جہاں سیاحتی سرگرمیوں کی وسیع گنجائش موجود ہے، کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کریں۔انہوں نے ریاست کی متوازن صنعتی ترقی کو قدرتی وسائل کا استعمال کرنے سے ممکن بنانے پر بھی زور دیا۔