تازہ ترین

۔ 13جولائی 1931کے شہداء سے متعلق ٹویٹ

کانگریسی لیڈر کیخلاف تحقیقات کا عدالتی حکم صادر

16 جولائی 2019 (40 : 10 PM)   
(      )

ڈار محسن
کشتواڑ//چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کشتواڑ نے پولیس کو کانگریس لیڈر وکرم ادتیہ سنگھ کے 13جولائی کے شہداء سے متعلق ٹویٹ پر سات دنوں کے اندراندر ابتدائی تحقیقات کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ذرائع کے مطابق جموں وکشمیر پیپلز کانفرنس کے ضلع صدر کشتواڑ شیخ احمد نجار کی طرف سے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے ایک درخواست پیش کی گئی جس میں انہوں نے سینئر کانگریس لیڈر وکرم ادتیہ سنگھ کے خلاف 13جولائی کے شہداء سے متعلق ان کے ٹوئٹ پر قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔درخواست دہندہ نے درخواست میں کہاہے کہ اس ٹوئٹ کی وجہ سے ریاست اور ضلع کشتواڑ کے مسلم طبقہ کے جذبات مجروح ہوئے ہیں ۔درخواست میں وکرم ادتیہ سنگھ کے ٹوئٹ کا حوالہ دیاگیاہے جس میں موصوف نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر لکھاکہ ’’یوم شہداء ان ہزاروں بہادروں کے اعزاز میں ہوناچاہئے جنہوں نے ملک کی خاطر اپنی زندگیاں قربان کردیں ،13جولائی 1931کوجیل توڑنے والوں اور مجرموں کاسرینگر شہر میں لوٹ اور غارت گری کا سلسلہ ختم ہوا ،یہ جموں وکشمیر پر ایک داغ ہے کہ اس دن کو ریاستی یوم شہداء کے طور پر منایاجاتاہے‘‘۔درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے عدالت نے پولیس کو ابتدائی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہاہے کہ یہ انکوائری سات دنوں کے اندراندرکی جانی چاہئے ۔عدالت نے ہدایت دی ہے کہ تحقیقات میں اگر کوئی جرم ثابت ہواتو ایس ایچ او پولیس تھانہ کشتواڑ قانون کے مطابق کارروائی کریں گے ۔