تازہ ترین

ڈاکٹر جتیندر سنگھ کی پیش گوئی

امسال کشمیر میں ملی ٹنسی کا آخری سال

16 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

یو این آئی
جموں// وزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا ہے کہ سال رواں کشمیر میں ملی ٹنسی کا آخری سال ہوگا۔سنگھ نے کہا’’کشمیر میں ملی ٹنسی کا یہ آخری سال ہے ، وہ دن دور نہیں جب وادی میں مکمل طور پر امن قائم ہوگا کیونکہ لوگ تین دہائیوں سے جاری بندوق کلچر سے اب تنگ آگئے ہیں‘‘۔ ریاسی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران سنگھ نے علیحدگی پسندوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا’’عام لوگ اب علیحدگی پسندوں کے ساتھ تعاون نہیں کررہے ہیں کیونکہ وہ اب یہ جان گئے ہیں کہ یہ لوگ انہیں اور ان کے بچوں کا استحصال کررہے ہیں، اپنے بچوں کو بیرون ملک حصول تعلیم کے لئے بھیجتے ہیں جبکہ ان کے بچوں کو ملک دشمن سرگرمیوں کی ترغیب دیتے ہیں‘‘۔ان کا کہنا تھا’’کشمیر میں لوگ اب یہ بات سمجھ چکے ہیں کہ علیحدگی پسند اور مین اسٹریم جماعتیں انہیں بلی کا بکرا بناکر تشدد سے اپنے مفادات کی آبیاری کررہے ہیں، عام کشمیری کی قیمت پر یہ جماعتیں اپنے مفادات کی تکمیل کررہے ہیں جس کو وہ (کشمیری لوگ) اب برداشت نہیں کریں گے ‘‘۔