عالمی یوم آبادی:کشمیر یونیورسٹی میں تقریب کا اہتمام

مختلف چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے منظم لائحہ عمل کی ضرورت: وِجے کمار

11 جولائی 2019 (30 : 11 PM)   
(      )

نیو ڈسک
سر ی نگر//عالمی یوم آبادی کے سلسلے میں کل کشمیر یونیورسٹی کے نیشنل سروس سکیم یونٹ کی طرف سے ایک تقریب کا اہتمام ہوا جس میں گورنر کے صلاح کار کے وِجے کمار نے مہمان خصوصی جبکہ یونیورسٹی وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد نے مہمان ذی وقار کے طور پر شرکت کی۔ا س دِن کو منانے کا مقصد بڑھتی آبادی کے نتائج اور مختلف ترقیاتی منصوبوں اور پروگراموں پر اس کے اثرات کو اُجاگر کرنا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صلاح کار نے بڑھتی آبادی کے نتائج اور اثرات کو اُجاگر کرنے کے علاوہ کئی اہم تجاویز بھی پیش کیں۔اُنہوں نے کہاکہ بڑھتی آبادی سے متعلق مختلف چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے منظم لائحہ عمل کی ضرورت ہے ۔یونیورسٹی میں خواتین طالبات کے بڑھتے تناسب پر وائس چانسلر کو مبارک باد دیتے ہوئے صلاح کا ر نے کہا کہ مختلف شعبوںمیں خواتین کے آنے سے بہتر ی آتی ہے اور جنسی تناسب بھی برابر ہوتاہے۔پروفیسر طلعت احمد نے کہا کہ خواتین کو تعلیم کے ذریعے بااختیار بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی لگاتار خواتین سے متعلق امور پر مختلف سرگرمیوں اور بیداری پروگراموں کا اہتمام کرتی ہے۔بعدمیں صلاح کار نے لیڈر شپ سکلز پر ایک خصوصی لیکچر دیا جس میں مختلف شعبوں کے سربراہاں ، سینئر فیکلٹی ممبران اور منیجمنٹ سٹیڈیز کے طالب علموں نے شرکت کی۔صلاح کار نے لیڈر شپ سے متعلق مختلف امور ، طلباء میں لیڈر شپ سکلز کو فروغ دینے اور ان کی صلاحیت سازی میں اضافہ سے متعلق کئی اہم نکات کو اُجاگر کیا۔لیکچر کے بعد صلاح کار نے طلباء سے تبادلہ خیال کیا اور ان کے استفسارات کے جوابات دئیے۔تقریب میں یونیورسٹی کے رجسٹرار نثار احمد میر، کاڈنیٹر این ایس ایس پروفیسر شمیم احمد شاہ اور دیگر فیکلٹی ممبران اور رضاکاروں نے شرکت کی۔