تازہ ترین

مزید خبرں

12 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

 گلاب گڑھ کے صحت افزاء مقامات کو سیاحتی نقشے پر لایا جائے

 پی ڈی پی ضلع صدر کا گورنر اور سیکریٹری محکمہ سیاحت سے مطالبہ

زاہد ملک
مہور//پی ڈی پی کے ضلع صدر ایڈووکیٹ شفیق الرحمان بٹ نے جموں و کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک و سیکریٹری ٹور ازم سے مطالبہ کیا ہے کہ دگن ٹاپ، سونہ بھگ، آگسی، آڑیتل، کوثر ناگ، ماکھی دہار، دلانہ مال، جِج مال وغیرہ مقامات کو سیاحتی نقشہ پر لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایسے مقامات ہیں جو اپنی خوشگوار آب و ہوا اور خوبصورتی کی مثال آپ ہیں اور پتنی ٹاپ و گلمرگ وغیرہ سے کم نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر سرکار ان مقامات کو سیر و سیاحت کے نقشہ پر لاتی ہے تو اس سے ان مقامات سے منسلک علاقہ جات کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر ہونگے اور اس پسماندہ علاقے میں بیروزگاری کافی حد تک کم ہوجاے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان مقامات کو سیر و سیاحتی درجہ ملنے سے نہ صرف جموں خطہ کے لوگ یہاں آئیں گے بلکہ بیرون ریاست سے بھی کافی تعداد میں سیاح یہاں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان مقامات کو سیاحتی درجہ ملنے کی وجہ سے اس علاقہ کے سینکڑوں نوجوان دوکانیں، ہوٹلیں اور رہڑیاں وغیرہ کھول کر اپنی روزی روٹی کما سکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان مقامات کو سیاحتی درجہ ملنے کی وجہ سے یہاں کی سڑکوں کی حالت بھی زیادہ بہتر ہوگی۔ انہوں نے گورنر موصوف اور سیکریٹری ٹورازم سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ بلاک مہور، بلاک چسانہ، بلاک گلابگڑھ اور بلاک جِج میں ایک ایک پارک بھی بنایا جانا چاہیے جس میں چھوٹے چھوٹے پودے، تالاب، پھول وغیرہ لگاے جائیں جہاں عوام آرام کے وقت میں جاکر ان صحت افزا جگہوں سے لطف اندوز ہوسکے۔
 
 

رام بن میں ضلع سطح کی ٹاسک فورس میٹنگ

سالڈ ویسٹ مینجمنٹ قوانین کا جائزہ لیا گیا 

رام بن//ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن شوکت اعجاز بٹ نے ضلع سطح کی ٹاسک فورس کی میٹنگ طلب کی جس میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ قوانین کا جائزہ لیا گیا ۔میٹنگ میں سی جے ایم رام بن پردیپ ،سی پی او کستوری لال،سی ای او اے ایچ فانی،ڈپٹی ایس پی محمد اصغر اور دیگر متعلقہ افسران نے شر کت کی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے ایگزیکٹو آفیسر میونسپلٹی اور پولیو شن کنٹرول بورڈ کے افسران کو پہلے سے موجود ڈمیپنگ سائٹس کی نگرانی کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ایگزیکٹو آفیسر کو شہر میں اہم مقامات پر کوڑے دان نصب کرنے اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ قوانین 2016کے تحت نئی جگہوں کی شناخت کرنے کی ہدایت دی۔اسی طرح چیف ایجوکیشن آفیسر کو طلاب کے لئے بیداری پروگرم منعقد کرانے کی ہدایت دی گئی۔
 

ابن رساؔکے انتقال پر خراج عقیدت

ڈوڈہ// رساؔ جاودانی بھدرواہی کے فرزند پروفیسر خیرات محمد جوکہ لاہور پاکستان میں رحلت فرما گئے ،کو تعزیت پیش کرنے کیلئے زیر صدارت محبوب احمد ٹاک صدر سٹیزن فورم ڈوڈہ کا ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہواجس میں معززین ڈوڈہ محمد یاسین سہروردی ، عطا ء اللہ نہرو ، مسعود احمد ٹاک، ریاض احمد بیگ ، ڈاکٹر فہیم احسن وارکان سٹیزن فورم ڈاکٹر بشارت ، جاوید اقبال منٹو ایڈووکیٹ محمد اقبال بٹ ،شبیر احمد، عطاء محمد حجام، شیخ عبدالرشید، خورشید احمد اور بشیر احمد بٹ بھی موجو دتھے۔اس موقعہ پر مقررین نے کہا کہ اس مایہ ناز ہستی کی وفات پر نہ صرف ہم بلکہ تمام خطہ چناب اور ریاست غمزدہ ہے ۔یاد رہے کہ جناب پروفیسر خیرات محمد صدر محبوب احمد ٹاک کے حقیقی رشتہ دار ماموں زاد بھائی تھے ۔پروفیسر ابن رساؔ پاکستان ملتان یونیورسٹی کے پہلے وائس چانسلر اور پنجاب یونیورسٹی کے بھی وائس چانسلر رہ چکے ہیں۔ ان کے والد محترم رساؔ جاودانی نہ صرف خطے چناب کے مایہ ناز شاعر تھے بلکہ یوری ریاست میں ان کی شاعری کے الفاظ بکھرے ہیں۔ انہوں نے اپنے فرزند پروفیسر خیرات محمد کے واپس آنے کی نسبت اپنے اشعار ’’اگر سو بہی ہے ژہ دل ملہین/ میں گوس ژلیہے میں داید بلہن‘‘ تحریر کئے تھے۔ تمام حاضرین نے اجتماعی طورپرخراج عقیدت اوردعائے مغفر ت و فاتحہ خوانی کی ۔
 
 

خبر کا اثر 

صفائی ستھرائی کیلئے بھدرواہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے ٹاسک فورس قائم کی 

طاہر ندیم خان 
بھدرواہ //گریٹر کشمیر میں خبر شائع ہونے کے بعد بھدرواہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے بالائی علاقوں میں واقع سیاحتی مقامات (خوبصورت چراگاہوں)میں صفائی ستھرائی کیلئے ٹاسک فورس تشکیل دی ہے ۔اس حوالے سے گریٹر کشمیر کے دس جولائی کے شمارے میں ایک خبر شائع کی گئی تھی جس میں بتایاگیاتھاکہ بھدرواہ کے بالائی علاقوں میں واقع چراگاہوں میں صفائی ستھرائی کا کوئی بندوبست نہیں ہے اور سیاحوں کی طرف سے پالی تھین اور دیگر اشیاء وہیں پر پھینک دی جاتی ہیں جس سے ماحولیات پر اثر پڑرہاہے ۔ خاص طور پر پدری چراگاہ میں گندگی دیکھی جارہی ہے۔اس پر بھدرواہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو افسر ڈاکٹر راجندر پرساد کھجوریہ نے ایک ٹاسک فورس تشکیل دی ہے جو ڈاکٹر افتخار احمد ملک ، گاجا سنگھ رانا اور آنچل سنگھ پر مشتمل ہے جس کی سربراہی ایگزیکٹو انجینئر امر جیت سنگھ کریں گے ۔اس ٹیم نے پولیس کے ہمراہ فوری طور پر حرکت میں آتے ہوئے پدری میں چھاپے مارے اور ساتھ ہی صفائی مہم بھی چلائی ۔امرجیت سنگھ نے بتایاکہ پدری کے دکانداروں کو تنبیہ جاری کی گئی ہے کہ وہ گندگی نہ پھیلائیں اور فوری طور پر پالی تھین اور دیگر پلاسٹک والی اشیاء کا استعمال ترک کریں نہیں تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایاکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پانچ سو روپے جرمانہ ہوگااورساتھ ہی قانونی کارروائی بھی کی جائے گی ۔انہوں نے بتایاکہ بھدرواہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی طر ف سے لوگوں کو ماحولیاتی تحفظ کیلئے بیدار کیاجارہاہے ۔
 
 

مرکزی معاونت والی سکیموں کا جائزہ لیاگیا

رام بن //ڈپٹی کمشنر رام بن شوکت اعجاز بٹ کی قیادت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران مرکزی معاونت والی سکیموں کی عمل آوری کا جائزہ لیاگیا ۔اس دوران مرکزی معاونت سے چلائی جارہی سکیموں کے بارے میں تفصیل سے تبادلہ خیال کیاگیا اور ساتھ ہی ایکشن پلان پر بھی بحث ہوئی ۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی کہ وہ ان سکیموں کے ذریعہ سے مستحقین کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچائیں اور ان کے جائز مسائل حل کئے جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ سکیموں کی عمل آوری قوانین کے مطابق ہو ۔انہوں نے کہاکہ عوام میں بیداری لائی جائے اور انہیں سکیموں کے بارے میں روشناس کروایاجائے ۔
 

کچلو کا مادر مہربان کو خراج عقیدت

کشتواڑ //نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر وسابق وزیر داخلہ سجاد احمد کچلو نے مادر مہربان کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیاہے ۔کچلو نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ مادر مہربان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں اور وہ شیر کشمیر کے ساتھ ایک ستون کی مانند کھڑی رہیں ۔ انہوں نے کہاکہ انہوں نے سماج کے دبے کچلے طبقوں کیلئے ناقابل فراموش خدمات انجام دیں اور ان کے رول کو بھلایانہیں جاسکتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ وہ خواتین کی بااختیاری کیلئے بھی کافی سرگرم رہیں ۔سابق وزیر نے ریاست کارکنان پر زو ردیاکہ وہ مادر مہربان کے اپنائے ہوئے راستے پر عمل پیرا ہوں اورلوگوں کیلئے خدمات انجام دیں۔