تازہ ترین

سرنکوٹ میں موسلا دھار بارش سے سیلابی صورتحال پیدا

نکاسی نظام مفلوج ،پانی مکانوں میں داخل ،ایس ڈی ایم نے صورتحال کاجائزہ لیا

12 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

بختیار حسین
سرنکوٹ//سرنکوٹ میںہوئی موسلادھار بارش کی وجہ سے گلیوں کا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔گزشتہ روز ہو ئی بارش کی وجہ سے قصبہ کی متعدد نالیوں کے بند ہو نے کی وجہ سے نقاسی آب پوری طرح سے مفلوج ہو کر رہ گیا ۔جموں وکشمیر بینک شاخ کے نزدیک والی مارکیٹ کی کئی دکانوں میں پانی داخل ہو نے کی وجہ سے ساز وسامان کا نقصان بھی ہوا جبکہ اس کے علا قہ اقبال مارکیٹ و دیگر علاقوں میں بھی بارش کا پانی لوگوں کے گھروں اور دکانوں میں داخل ہو ا۔مقامی لوگوں نے میونسپل کمیٹی اور مقامی انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ قصبہ کی نالیوں کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جاتی جس کی وجہ سے بارش کے دنوں میں عام لوگوں کو مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔اس دوران ایس ڈی ایم اور تحصیلدار سرنکوٹ نے موقعہ پر جا کرپیدا شدہ حالات کا جائزہ لیا ۔ایس ڈی ایم سرنکوٹ نے بتایا کہ قصبہ کے اقبال نگر علا قہ میں صورتحال خستہ ہے ۔انہوں نے مقامی لوگوں کو تلقین کرتے ہوئے کہاکہ وہ کوڑا کرکٹ کو نالیوں میں نہ ڈالیں ۔انہوں نے متعلقہ آفیسران کو ہدیات جاری کیں کہ قصبہ کی نالیوں کو جلدازجلد بہتر بنایا جائے تاکہ بارشوں میں عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔