تازہ ترین

اینٹی کرپشن بیورو میں 4اہم تقرریاں

کچھ افسران کے تبادلے، انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی سفارشات منظور

12 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیوز ڈیسک
 سرینگر // ریاستی حکومت نے انسداد رشوت ستانی بیورو کو مزید مضبوط کرنے کیلئے تین اعلیٰ پولیس افسران کی خدمات حاحل کر کے انکی تقرریاں عمل میں لائی ہیں اسکے علاوہ بیورو میں ڈائریکٹر پراسکیوشن کی تقرری بھی عمل میں لائی گئی ہے۔اس دوران ریاستی حکومت نے انتظامیہ میں4افسران کے تبادلے عمل میں لائے اور تمام گزیٹیڈ افسران کی جائیدادوں سے متعلق انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرنے کی سفارشات کو منظوری دی ہے۔سرکاری حکم نامے کے مطابق جوائنٹ ڈائریکٹر پراسکیوشن سی آئی ڈی ہیڈکوارٹرس بشیر احمد وانی کو تبدیل کر کے انہیں فوری طور پر ڈائریکٹر پراسکیوشن اینٹی کرپشن بیورو کے عہدے پر تعینات کردیا گیا ہے۔اسکے ساتھ ہی ایک اور حکم نامے کے مطابق ایڈیشنل ایس پی اننت ناگ سندیپ گپتا،جموں و کشمیر پولیس اے آئی جی (سی آئی وی) پولیس ہیڈکوارٹرس دلیپ کمار اور ایڈیشنل ایس پی کرائم جموں مشتاق احمد چودھری کو اینٹی کرپشن بیورو میں تعینات کردیا گیا ہے۔ بیورو میں تعینات ایس ایس پی اینٹی کرپشن بیورو جاوید اقبال متو کو محکمہ داخلہ  میں رپورٹ کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔اس دوران ریاستی انتظامیہ نے پروجیکٹ آفیسر ویج ایمپلائمنٹ(اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ) بڈگام کو تبدیل کر کے ڈپٹی سیکریٹری ٹورازم ڈیپارٹمنٹ بنایا گیا۔ سب ڈویژنل مجسٹریٹ کھیرو غلام محمد کو تبدیل کر کے اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ کرگل بنایا گیا۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر بڈگام نزہت خورشید قریشی کو تبدیل کر کے اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ بڈگام کے عہدے پر تعینات کردیا گیا جبکہ وسیم راجہ کو وہاں سے تبدیل کر کے انہیں ڈپٹی ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر بڈگام بنایا گیا۔ڈپٹی ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر لیہہ عبدالغفار زرگر کو تبدیل کر کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ کھیرو بنایا گیا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ لیہہ کو ڈپٹی ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔دریں اثناء ریاستی ویجی لنس آرگنائزیشن نے محکمہ تعمیرات عامہ کے انتظامی کنٹرول میں شامل سبھی محکموں کے سربراہان سے کہا ہے کہ وہ سبھی گزیٹیڈ افسران کو ہدایات دیں کہ وہ  انکم ٹیکس کے سالانہ گوشوارے ہر سال جنوری میں سیکریٹریٹ میں جمع کرائیں۔نان گزیٹیڈ ملازمین متعلقہ محکموں کے سربران کے پاس جمع کراسکتے ہیں۔