تازہ ترین

کامیاب یاترا کیلئے فورسز نہیں کشمیری اصل محرک

ویجی لنس میں زیر تفتیش سرکاری ملازمین کیخلاف حتمی کارروائی ہوگی:گورنر

12 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

عارف بلوچ
اننت ناگ //گورنر ستیہ پال ملک نے کہا ہے کہ امر ناتھ یاترا کامیاب بنانے کا سہرا بالخصوص کشمیری عوام کو جاتا ہے جو سالہاسال سے ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے مہمانوں کا دل کھول کراستقبال کرتے ہیں۔ پہلگام میںنون ون بیس کیمپ کا دورہ کرنے کے موقعہ پر گورنر نے کہا کہ سالانہ یاترا کا انعقاد سیکورٹی فورسز نہیں بلکہ کشمیری عوام ممکن بناتے ہیں۔ گورنر نے بتایا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ سیکورٹی فورسز  امرناتھ یاترا کے پرامن انعقاد کیلئے دن رات کام کررہے ہیں تاہم یہ بات بھی ناقابل تردید ہے کہ کشمیری عوام سالانہ امرناتھ یاترا کو منعقد کرانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یاترا میں کشمیریوں کی اہمیت و افادیت پر گورنر کا کہنا تھا کہ مقامی کشمیری ہی اصل میں یاترا کامیاب بنانے کے محرک ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے یاتریوں کی سہولیات کیلئے بیشتر مقامات پر خصوصی کیمپس کو قائم کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں جس سے لوگ بہت خوش ہوئے ہیں۔ میں اُمید کرتا ہوں لوگوں میں اس طرح کی خوشی اور مسرت یاترا کے آخر تک برقرار رہے۔گورنر کا کہنا تھا کہ یہ اتفاق کی بات ہے کہ ایک طرف مسلمان حج کی ادائیگی کیلئے کمر بستہ ہیں تو دوسری طرف امرناتھ یاترا کو انجام دینے کیلئے ہندو برادری کے لوگوں میں بھی خوشی کا سماں ہے۔ دونوں یاترائیں ساتھ ساتھ منعقد ہورہی ہیں۔ حاجی صاحبان مکہ کیلئے روانہ ہورہے ہیں جبکہ یاتری ملک بھر کی ریاستوں سے گھپا کی طرف سفر کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں یاترائوں کو خوش اسلوبی کے ساتھ اختتام پذیر کرنے کیلئے خصوصی انتظامات کرنے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں انتظامیہ نے شاہراہ پر ٹریفک دبائو کم کرنے کیلئے کچھ قواعد و ضوابط کو منظوری دی ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ پوری آبادی کیلئے شاہراہ پر نقل و حرکت کرنے پر پابندی ہے۔انتظامیہ میں مختلف محکموں میں رکی پڑی فائلوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں گورنر ستیہ پال ملک کا کہنا تھا کہ میں اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات کررہاہوں تاکہ انتظامیہ میں شفافیت اور جوابدی کا احساس اُجاگر ہو۔ گورنر کا کہنا تھا کہ ریاستی انتظامیہ اس سلسلے میں کام پر لگی ہوئی ہے اور عنقریب ایک ایسا ڈیجیٹل ایپ شروع کیا جائے گا جس کے ذریعے سائل فائل کا مقام بہ آسانی تلاش کرسکے گا۔محکمہ ویجی لینس کی جانب سے کی گئی کارروائیوں پر ایک سوال کے جواب میں گورنر کا کہنا تھا کہ جن سرکاری ملازمین کیخلاف مقدمات درج ہیں اُن کیخلاف حتمی کارروائی کرنے کیلئے کام کیا جارہا ہے۔اس سے قبل ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں گورنر نے یاترا 2019 کے انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ڈپٹی کمشنر خالد جہانگیر نے ایک پاور پوائینٹ پرذنٹیشن کے ذریعے یاترا کیلئے کئے گئے انتظامات کے بارے میں جانکاری دی ۔ انہوں نے کہا کہ جواہر ٹنل ، گلاب باغ اور قاضی گنڈ میں تین اضافی ٹرانزٹ کیمپ قایم کئے گئے ہیں جہاں آکسیجن سہولیات ، ضروری ادویات اور دیگر قسم کا ساز و سامان دستیاب رکھا گیا ہے اس کے علاوہ پوتر گپھا کے راستے تمام لازمی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ 
 

۔13555 یاتریوں نے حاضری دی 

سرینگر// امر ناتھ یاترا کے 11 ویں روزجمعرات کو 13555 یاتریوں نے گپھا میں حاضری دی ۔ ابھی تک 144058 یاتریوں نے پوتر گپھا میں شو لنگم کے درشن کئے ہیں ۔