تازہ ترین

فریضہ ٔحج2019، عازمین کی روانگی شروع

۔ 304افراد پر مشتمل پہلے قافلے کو گورنر نے رخصت کیا

5 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

بلال فرقانی
 سرینگر// فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے کشمیری عازمین کی جدہ روانگی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور سرینگر انٹرنیشنل ائر پورٹ سے جمعرات کو 304 عازمین پر مشتمل پہلے قافلے کو ریاستی گورنر ستیہ پال ملک نے رخصت کیا۔ حج ہاؤس سے جمعرات کی صبح حجاج کو ایس آر ٹی سی کی مخصوص گاڑیوں کے ذریعے ائر پورٹ پہنچایا گیا۔ پہلے روز دو پروازوں میں304عازمین سفرمحمود پر روانہ ہوئے جن میں160مرد اور144خواتین شامل تھیں،جبکہ ہر ایک طیارے میں152عازمین بیت اللہ کی زیارت پر روانہ ہوئے۔ پہلے طیارے میں152عازمین میں67کا تعلق سرینگر،جبکہ بارہمولہ سے50،بڈگام سے11،کپوارہ سے8،اننت ناگ سے5،پلوامہ سے5،بانڈی پورہ سے4اورشوپیان سے2 عازمین شامل تھے۔  اس موقع پر حج ہاؤس کے سی ای او ڈاکٹر عبدالسلام نے بتایا’’امسال 11 ہزار 700 کشمیری فریضہ حج کی ادائیگی سے شرفیاب ہوں گے جن میں سے750  دہلی سے جدہ روانہ ہوں گے جب کہ باقی سرینگر کے انٹر نیشنل ائر پورٹ سے روانہ ہوں گے‘‘۔
ضلع مجسٹریٹ سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے بتایا کہ حجاج کرام کا پہلا قافلہ سرینگر سے جمعرات کو دو اسپائس جیٹ طیاروں کے ذریعے روانہ ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ ہوائی اڈے سے4  جولائی سے 29 جولائی تک حج پروازیں اڑان بھریں گی۔شاہد اقبال نے کہا کہ حجاج کرام کی سہولیات کے لئے تمام تر انتظامات کو عملی شکل دی گئی ہے، انہوں نے حجاج کے احباب و اقارب سے ائر پورٹ پر تشریف لانے سے احتراز کرنے کی اپیل کی ہے۔قبل ازیں سی ای او سٹیٹ حج کمیٹی نے ایک میٹنگ میں حج کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سال ریاست سے کُل 11527 عازمین حج سفر محمود کے لئے روانہ ہورہے ہیں جن میں جموں کے 1351 اور لداخ صوبے کے 107 عازمین بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان میں سے 10759 سرینگر جبکہ 768 عازمین سفر محمود کے لئے نئی دہلی سے روانہ ہوں گے۔انہو ں نے کہا تھا کہ امسال 49 خادم الحجاج عازمین کی سہولیت کیلئے اُن کے ساتھ روانہ ہوں گے۔ حج ہائوس میں 250 عازمین کے لئے قیام و طعال کی سہولیات میسر رکھی گئی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پروازوں کا سلسلہ 29 جولائی 2019 تک جاری رہے گا۔ اس موقع پر بتایا گیا تھا کہ پہلے17 دن ہر روز دو دو پروازیں روانہ ہوں گی جبکہ باقی ماندہ دنوں میں ہر روز چار چار پروازیں اڑان بھریں گی۔