تازہ ترین

امت شاہ کا دورہ | جھیل ڈل اور ملحقہ علاقے سیل،سیکورٹی انتظات سخت

لوگوں کو عبورومرور میں مشکلات کاسامنا

27 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

سٹی رپورٹر
سرینگر//وادی میں سیکورٹی صورتحال اور امرناتھ یاترا کے سلسلے میں حفاظتی انتظامات کا جائیزہ لینے کیلئے مرکزی وزیرداخلہ بدھ کو2 روزہ دورے پر وادی وارد ہوئے جس دوران انہوں نے سرینگر میں فوج کے اعلی حکام سے ملاقات کی اور سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ان کے دورے کے پیش نظرجھیل ڈل کے کنارے پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سنٹرکے ارد گرد کثیر دائروں والی سیکورٹی کا بندوبست کیا گیا ہے اور بیلورڈکو عام ٹریفک کیلئے بند کردیا گیااور ایس کے آئی سی سی کی طرف جانے والے تما م راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے ۔ اس صورتحال کی وجہ سے جہاں مقامی آبادی نے اپنی سرگرمیاں پورے دن محدود کر دیں، وہیں بیرون ریاستوں اور ممالک سے سیر و تفریح کیلئے آئے سیاحوں اور سیلانیوں نے بھی اپنا زیادہ تر وقت ہوٹلوں میں ہی گزارا۔علاقہ میںفورسز کی بھاری تعیناتی عمل میں لانے کے ساتھ ساتھ سڑکوں، پلوں اور چوراہوں کو سیل کیا گیاجبکہ شہر میں اہم سڑکوں،بازاروں اور حساس مقامات کے ساتھ ساتھ اہم تنصیبات پر ہزاروں کی تعداد میں پولیس او رسی آر پی ایف اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ ٹریفک پولیس نے ایڈوائزری جاری کی ہے جس کے تحت نشاط ،شالیمار ،ہارون اور اس کے ملحقہ علاقوں میں ٹریفک پر 26جون کو صبح 8بجے سے رات ساڑھے 10بجے اور 27جون کوصبح 7بجے سے شام 4بجے تک پابندی ہے۔