تازہ ترین

جموں میں بیک ٹو ولیج پروگرام کا ساتواں دن

افسروں نے دیہی ترقی سکیموں کی مؤثر عمل آوری پر زور دیا

27 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

  جموں’’ بیک ٹو وِلیج‘‘  پروگرام کے ساتویں روز آج جموں خطے کے اضلاع میں کافی گہما گہمی دیکھنے کو ملی جبکہ دیہی آبادی کے ساتھ تبادلہ خیال کی نشستوں کا بھی انعقاد کیا گیا۔ اس موقعہ پر افسروں نے دیہی ترقی پر مرکوز سکیموں کی موثر عمل آوری کے لئے مختلف محکموں کے مابین قریبی تال میل پر زور دیا۔پنچایت راج اداروں کے ممبران کے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران افسروں نے’’ بیک ٹو وِلیج‘‘  پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کئے اور لوگوں سے تلقین کی کہ وہ اس پروگرام سے بھرپور استفادہ کریں اور گائوں کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا رول ادا کریں۔
سانبہ میں بیک ٹو ولیج پروگرام کے آخری مرحلہ آج ضلع کے تین بلاکوں کی 35 پنچایتوں میں عملایا گیا جہاں نامزد افسروں نے سرکاری سکیموں کے بارے میں لوگوں کو جانکاری دی۔پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت نوین کمار چودھری نے سانبہ بلاک کے چھجوال پنچایت کا دورہ کر کے وہاں ضلع ترقیاتی کمشنر سشما چوہان ، سرپنچ گردھارا سنگھ اور دیگر سینئر افسران کی موجودگی میں پنچایت گھر کا افتتاح کیا۔ انہوں نے پنچایت گھر میں نصب کئے گئے سمارٹ ایل ای ڈی ٹی وی کو لوگوں کے نام وقف کیا۔ دریں اثنا پرنسپل سیکرٹری نے جسمانی طور خاص افراد میں مخصوص سکوٹر تقسیم کئے اور اس کے علاوہ انہوں نے خط افلاس سے نیچے گزر بسر کرنے والی 30 طالبات میں سائیکلیں تقسیم کیں۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ چھجوال پنچایت حلقے میں بچوں کی ایمونائزیشن کے تعلق سے 100فیصد نشانہ حاصل کیا گیا اور 400سے زائد بچوں کے ہیلتھ کارڈ تیار کئے گئے ہیں۔آج کے روز ضلع کی مختلف پنچایتوںمیں ویٹرنری کیمپ بھی منعقد کئے گئے ۔چیف ایجوکیشن آفیسر سانبہ نے جانکاری دی کہ سات سال تک کی عمر کے بچوں کی سکول انرولمنٹ کے سلسلے میں بھی سو فیصد نشانہ حاصل کیا گیا ہے۔تبادلہ خیال کی نشستوں کے دوران مقامی لوگوں نے عوامی اہمیت کے حامل کئی مطالبات افسران کی نوٹس میںلاتے ہوئے ان کو پورا کرنے کا مطالبہ کیا۔بعد میں پرنسپل سیکرٹری نے پنچایت میں نصب کی گئی سولر سٹریٹ لائیٹس کا بھی افتتاح کیا۔ محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کی جانب سے ایک تمدنی پروگرام منعقد کیا گیا اور نٹرنگ تھیٹر کے معروف اداکاروں نے سکٹ کے ذریعے حکومت کی جانب سے چلائی جارہی سکیموں کے بارے میں لوگوں کو جانکاری دی۔چھجوال پنچایت میں والی بال کے ایک مقابلے کا بھی انعقاد کیا گیا جس دوران دورہ کرنے والے افسروں نے شرکا میں انعامات اور سپورٹس کِٹ تقسیم کئے۔ اس سے قبل پرنسپل سیکرٹری اور ضلع ترقیاتی کمشنر نے منشیات کی روکتھام کے عالمی دِن کے سلسلے میں ایک جانکاری ریلی کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ دریں اثنا سانبہ ، وِجے پور اور پُر منڈل بلاکوں کی مختلف پنچایتوں میں شجرکاری ، کھیل کود ، مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح اور جانکاری کیمپوں کا اہتمام کیا گیا۔
اودھمپور میں’’ بیک ٹو وِلیج‘‘ پروگرام کے تحت آج بھی مختلف پنچایتوںمیں کئی طرح کے پروگرام منعقد کئے گئے ۔فائنانشل کمشنر مال ڈاکٹر پون کوتوال نے اَپر میر بلاک پنچاری پنچایت کے دورے کے دوران وہاں گرام سبھا میں مقامی لوگوں کے ساتھ بات کی اور پنچایتی حلقے کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے لوگوں کو درپیش مشکلات کا جا ئزہ لیا۔گفت وشنید کی نشستوں میں معزز شہریوں ، متعلقہ افراد ، سبکدوش ہوئے سرکاری ملازمین اور نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے حصہ لے کر اپنے مسائل اور مشکلات افسروں کی نوٹس میںلائے ۔ا س موقعہ پر ڈاکٹر پون کوتوال نے مرکزی اور ریاستی سرکاروں کی جانب سے چلائی جارہی فلاحی سکیموں کے بارے میں مقامی لوگوں کو آگاہ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پنچایتی راج اداروں کے ممبران رقومات کا منصفانہ استعمال کریں گے تاکہ دیہات کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنا یا جاسکے ۔انہوں نے صفائی ستھرائی کی جانب خاص دھیان دینے پر زور دیا۔مقامی لوگوں نے بجلی ، پانی ، سڑک ، صحت ، تعلیم ، صحت عامہ اور دیگر اداروں و محکموں سے جڑے اپنے مطالبات اور مسائل ان کے سامنے رکھے۔اسی طرح کی تقریبات دیگر پنچایتوں میں بھی منعقد کی گئی ۔ دریں اثنا ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر پیوش سنگلا نے بھی کئی پنچایت حلقوں کا دورہ کر کے’’ بیک ٹو وِلیج‘‘ پروگرام کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔علاوہ ازیں ضلع کی مختلف پنچایتوں میں منشیات کے اِستعمال کے خلاف عالمی دِن کے سلسلے میں کئی تقریبات منعقد ہوئیں۔
کٹھوعہ میں ’’ بیک ٹو وِلیج‘‘ کے ساتویں دِن ضلع کے پانچ بلاکوں کی84 پنچائتوں میں شجرکاری، صحت و صفائی، مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح، انسپکشن اور استفسار کے پروگرام منعقد ہوئے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پونڈ، نگروٹہ گجرو زو، برنوٹی، کیریاں گنڈیال اور ڈینگا امب علاقوں کو’’ بیک ٹو وِلیج‘‘ پروگرام کے دائرے میں لایا گیا اور اس دوران ڈی ڈی سی وکاس کنڈل نے ترقیاتی پروگراموں کی عمل آوری کا جائیزہ لیا۔ اس موقعہ پر متعلقہ دیہاتوں کے عوام نے اپنے مسائل اُبھارے جن میں پی ایم فصل بیمہ یوجنا، اولڈ ایج پنشن، پی ایم جن آروگیہ یوجنا، پینے کے پانی، بجلی کے بنیادی ڈھانچے، پی آر سی، ڈوگرہ سر  ٹیفکیٹ، زرعی آلات میں سبسڈی، بہتری تعلیم سہولیات اور رابطہ سڑکوں کی مرمت شامل تھے۔اپنے دورے کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر نے پی آر آئی نمائندوں کے پروگرام کی عمل آوری اور سرگرمیوں کا جائیزہ لیا۔انہوں نے مختلف اہم جاری اور التوأ میں پڑے ترقیاتی پروجیکٹوں، سکولوں، طبی مراکز اور دیگر سرکاری اثاثوں کا دورہ کیا اور تعمیر کئے گئے عوامی بنیادی ڈھانچے کا افتتاح بھی کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے بُدی اور پونڈ کے دورے کے دوران وہاں طبی بنیادی ڈھانچے اور مریضوں کو فراہم کی جارہی طبی سہولیات کا جائیزہ لیا۔ انہوں نے لوگوں کے مسائل بغور سُنے۔ڈی ڈی سی نے بکھر اور ڈوڈلہ میں سرکاری ایلوپیتھک مرکز کی کارکردگی کا بھی جائیزہ لیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر کے ہمراہ اے سی ڈی سکھ پال سنگھ، بی ڈی او اور متعلقہ پنچایتوں کے پٹواری بھی تھے۔