تازہ ترین

بھارت کامقابلہ آج ویسٹ انڈیزسے ہوگا

27 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

یو این آئی
مانچسٹر؍ ہندوستانی کرکٹ ٹیم جمعرات کو ویسٹ انڈیز کے خلاف جیت کے ساتھ سیمی فائنل کی اپنی امیدوں کو مضبوط کرنے کے لیے اترے گی۔وراٹ کوہلی کی کپتانی والی ٹیم پانچ میچوں میں چار جیت اور ایک میچ منسوخ ہونے کے بعد ٹیبل میں تیسرے نمبر پر ہے اور اس کے فی الحال 9 پوائنٹس ہیں۔ آسٹریلیا 12 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں اپنی جگہ یقینی کر چکی ہے اور اب باقی تین پائیدانوں کیلئے نیوزی لینڈ، ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان مقابلہ ہے ۔ ہندوستانی ٹیم یہ کوشش کرے گی کہ وہ ہر حال میں باقی میچوں میں اپنی کارکردگی سے پوزیشن مضبوط کر لے ۔اولڈ ٹریفورڈ میں جمعرات کو ہونے والے میچ میں ٹیم انڈیا کا پلڑاویسٹ انڈیزپر بھاری مانا جا رہا ہے جو ٹورنامنٹ میں اب تک صرف ایک ہی میچ جیت سکی ہے ۔ ویسٹ انڈیز نے اپنے چھ میچوں میں ایک جیت اور چار میں شکست جبکہ ایک میں کوئی نتیجہ نہیں نکلا ہے ۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے تقریبا باہر ہو چکی ہے ، گزشتہ میچ میں اسے نیوزی لینڈ سے پانچ رن سے قریبی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد وہ مزید دباؤ میں آ گئی ہے ۔دو مرتبہ کی چیمپئن اور شاندار فارم میں کھیل رہی ٹیم انڈیا نے بھی اگرچہ گزشتہ میچ میں افغانستان سے قریبی 11 رن سے میچ جیتا تھا۔ ایسے میں اس کی کوشش رہے گی کہ وہ اس میچ میں کی گئی غلطیوں کو سدھارتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے خلاف کسی الٹ پھیر سے بچے ۔ہندوستانی ٹیم کے پاس ایک مضبوط بلے بازی آرڈر ہے لیکن افغانستان کے خلاف اس کے بلے بازوں میں صرف کپتان وراٹ اور کیدار جادھو ہی پچ پر ٹک کر رن بنا سکے تھے ۔ افغانستان کے گیندبازوں کے سامنے ٹیم انڈیا کے باقی کھلاڑیوں نے کافی مایوس کیا اور لوکیش راہل اور روہت شرما کی اوپننگ جوڑی اچھی شروعات نہیں دلا سکی۔مڈل آرڈر میں مہندر سنگھ دھونی کی کارکردگی کپتان وراٹ کے لئے باعث فکر ہے ۔ دھونی کوافغانستان کے خلاف 52 گیندوں میں 28 رن کی اننگ کے لئے ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انہوں نے اب تک چار میچوں میں 22.50 کی اوسط سے 90 رن بنائے ہیں۔ وراٹ تین نصف سنچریوں سمیت 244 رن بنا کر ٹیم کے دوسرے بڑے اسکورر ہیں جبکہ روہت دو سنچری اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 320 رنز بنا کر ٹیم کے ٹاپ اسکورر ہیں۔اگرچہ ٹیم کی گیند بازی آرڈر ہی اس کی طاقت دکھائی دے رہی ہے ۔ افغانستان کے خلاف اسے شکست سے بچانے میں تیزگیندباز محمد شامی کا اہم کردار رہا تھا۔ شامی نے آخری وقت میں شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا تھا۔ ویسٹ انڈیز کے جارح بلے بازوں کو قابو میں کرکے بڑے اسکور سے روکنے کی ذمہ داری گیندبازی پر رہے گی ۔شامی کے علاوہ گزشتہ میچ کے مین آف دی میچ رہے جسپریت بمراہ بھی اہم گیندباز ہیں ۔