تازہ ترین

میونسپل اہلکار سے مارپیٹ کے الزام میں آکاش وجے ورگیہ گرفتار

27 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

اندور// مدھیہ پردیش کے شہر اندور کی مہاتما گاندھی روڈ تھانہ پولس نے آج میونسپل اہلکار کیساتھ مارپیٹ کے معاملے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن اسمبلی آکاش وجے ورگیہ کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا۔ پولس کے باوثوق ذرائع کے مطابق وجے ورگیہ کو گرفتار کرنے کے بعد مجسٹریٹ گورو گرگ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس دوران وجے ورگیہ کے سیکڑوں حامیوں نے مہاتما گاندھی روڈ تھانے کا گھیراوکرتے ہوئے رکن اسمبلی کو تھانے سے عدالت لے جانے کے دوران جم کر ہنگامہ کیا۔سخت سکیورٹی میں وجہ ورگیہ کو عدالت میں پیش کیا گیا۔قبل ازیں آج صبح کمپاوئونڈ علاقے میں بوسیدہ مکان کو توڑنے کے لیے جانے والے میونسپل اہلکار کی ایک ٹیم پر وجے ورگیہ نے حملہ کیا۔ میونسپل کے بلڈنگ انسپیکٹر کی شکایت پر وجے ورگیہ کو گرفتار کیا گیا۔وجے ورگیہ اور ان کے دس حامیوں کے خلاف پولس نے سرکاری کام میں رخنہ اندازی اور دیگر دفعات کے تحت رپورٹ درج کی ہے۔ الزام ہے کہ مکان توڑنے کے لیے جانے والے میونسپل اہلکار کو کرکٹ کے بلے سے وجے ورگیہ نے پیٹا ہے۔ عدالت میں پیشی کے دوران حد سے زیادہ بھیڑ ہونے کے سبب عدالت کے اہم دروازوں کو سکیورٹی کے پیش نظر بند کر دیا گیا تھا۔