تازہ ترین

قوموں کی ذہنی و فکری نشو ونما کیلئے علم کا حصول لازمی

گلی کدل نوشہرہ میں قائم نجی سکول میں منعقدہ تقریب سے میرواعظ کا خطاب

26 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر//حریت (ع) چیرمین میرواعظ مولوی محمد عمر فاروق نے قوموںکی ذہنی و فکری نشو ونما کیلئے تعلیم و تربیت اور علم کے حصول کو لازمی قرار دیتے ہوئے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے آنے والے کل کیلئے آج کی نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے اپنے وسائل کو بروئے کار لائیں ۔ گلی کدل نوشہرہ میں قائم Four Friends Public School کے زیر اہتمام منعقدہ ایک پُر وقار تقریب میں خطاب کرتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ ہمارے نونہالوں اور نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ہے اور وہ زندگی کے کسی بھی میدان میں دوسری قوموں کے مقابلے میںنمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج سے سوا سو سال پہلے جب پورا کشمیر ظلم و جفا، غربت و جہالت کے گھٹا ٹوپ اندھیرے میں ڈوبا ہوا تھا تو اس وقت کے مرد آہن میرواعظ کشمیر علامہ رسول شاہ نے اسلامیہ اسکول کی بنیاد ڈال کر ظلم و جہالت کیخلاف ایک منظم جہاد کا آغاز کیااور آج آپ دیکھ رہے ہیں کہ پورے کشمیر میں جگہ جگہ تعلیمی اداروںکا جال بچھا ہوا ہے جو ہر لحاظ سے خوش آئند ہے ۔اس سے قبل میرواعظ جب گلی کدل پہنچے تو اسکول انتظامیہ طلباء اور مقامی لوگوں نے موصوف کا پرتپاک اور والہانہ استقبال کیا۔