تازہ ترین

مرکزی وزیر داخلہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد شاہ کا پہلا دورہ آج

امرناتھ گھپا پر حاضری دیں گے، ملی ٹینسی مخالف آپریشنوں اور مجموعی صورتحال پر جانکاری لیں گے

26 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

بلال فرقانی
سرینگر// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ،2 روزہ دورہ پر آج وادی پہنچ رہے ہیں،وزیر داخلہ بننے کے بعد یہ انکا وادی کا پہلا دورہ ہے۔ امت شاہ امرناتھ گھپا پر حاضری دینگے،جبکہ سرینگر میں سیکورٹی گرڈ کی میٹنگ کی صدارت بھی کرینگے۔ وزیر داخلہ کو پہلے30جون کو وادی کے دورے پر پہنچنا تھا،تاہم بجٹ سیشن میںانکی مصروفیات کی وجہ سے انکے دورہ میں تبدیلی لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ سیکورٹی حکام نے بتایا’’وزیر داخلہ 2روز کیلئے آج(بدھ) کو وادی پہنچ رہے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ امت شاہ کے دورے کیلئے تمام سیکورٹی انتظامات مکمل کئے گئے ہیں۔ وزیر داخلہ کی وادی میں مصروفیات سے جڑے بی جے پی کے ایک لیڈر نے کہا کہ امت شاہ بدھ کی صبح وادی وارد ہونگے،اور براہ راست امرناتھ گھپا کے درشن پر جائیں گے۔انہوں نے کہا’’ گھپا میں حاضری دینے کے علاوہ وہ خصوصی پوجا پاٹ میں بھی شرکت کرینگے‘‘۔انہوں نے کہا کہ گھپا میں درشن کے بعد امت شاہ دوپہر کوجھیل ڈل کے کنارے ایس کے آئی سی سی میں اعلیٰ سطحی سیکورٹی میٹنگ کی صدارت کرینگے۔ انہوں نے کہا’’ تمام سیکورٹی ایجنسیوں کے سربراہوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس میٹنگ میں شرکت کریں‘‘۔ ان کا کہنا تھا کہ میٹنگ میں پہلے سالانہ امرناتھ یاترا کے سیکورٹی منصوبے کا مفصل کاجائزہ لیا جائے گا،جس کے بعد ریاست بالخصوس وادی کی مجموعی صورتحال ، جنگجو مخالف آپریشنوں، دراندازی،اور امن و قانون پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی حکام نے وزیر داخلہ کیلئے2پائور پوائنٹ پرزنٹیشن بھی تیار کی ہے،جن میں ایک امرناتھ یاترا کیلئے سیکورٹی انتظامات اور دوئم وادی کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے ہے۔ ایک اور بھاجپا لیڈر کے مطابق جمعرات کو وزیر داخلہ امت شاہ،بی جے پی کے جموں کشمیر میں کور گروپ ممبران سے ملاقی ہونگے۔ انہوں نے کہا’’ وہ پنچوں اور سرپنچوں کے مشترکہ وفد سے بھی ملاقی ہونگے،جبکہ سیول سوسائٹی اور نوجوانوں کے کچھ وفود سے بھی ملاقات کرینگے‘‘۔ مذکورہ بھاجپا لیڈر کا کہنا تھا کہ امت شاہ ریاستی گورنر سے بھی علیحدہ طورملیں گے۔ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ جمعرات کو دہلی پرواز بھرنے سے قبل میڈیا نمائندوں سے بھی ممکنہ طور پر بات چیت کرینگے۔