تازہ ترین

۔9روزہ کُل ہند اُردو کتاب میلہ اختتام پذیر ،50لاکھ روپے کی کتب فروخت

کشمیر میں اردو کامستقبل روشن اور تابناک : ڈاکٹر شیخ عقیل

24 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر//کشمیر یونیورسٹی میں9روزہ کُل ہند اُردو کتاب میلہ اختتام پذیر ہوا۔ میلے میں  تقریباً 50 لاکھ روپئے کی کتابیں فروخت ہوئیں ۔ 23 ویں کل ہند اردو کتاب میلے کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے کہاکہ ’میلے میں محبان اردو اور شائقین اردو کے ہجوم کو دیکھتے ہوئے یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ کشمیر میں اردوکا مستقبل روشن اور تابناک ہے‘۔انہوںنے کہاکہ کتاب میلے میں کشمیر کے بیشتر کالجوں اور اسکولوں کے طالب علموں اور ان کے اساتذہ کی موجودگی کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ اردو کے اساتذہ حضرات اور طالب علم اردو کی ترقی و ترویج کے تئیں بے حد سنجیدہ اور بیدار ہیں۔ ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے مزید کہا کہ’’کشمیر کے کل ہند اردو کتاب میلے میں اہل کشمیر نے جس قدر اچھا ریسپانس دیا ہے ہم اس کے لیے آپ سب کے شکر گذار ہیں‘‘۔ انہوںنے کہاکہ ’ ہم جلد ہی کشمیر میں اردو صحافیوں کی تربیت سازی کے ورکشاپ کا بھی اہتمام کریں گے‘۔صدارتی کلمات ادا کرتے ہوئے کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد نے کہا کہ کتاب میلہ فروغ اردو کی سمت میں ایک اچھا قدم ہے۔کتاب میلے کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے قومی اردو کونسل کو کشمیر یونیورسٹی کے دوسرے کیمپس میں بھی اس طرح کے پروگرام کا انعقاد کرنا چاہئے تاکہ دور دراز کے اردو شائقین بھی اس سے مستفید ہوسکیں۔تقریب کے مہمان خصوصی معروف دانشور اور ادیب پروفیسر زماں آزردہ نے کہا کہ قومی اردو کونسل نے میلے کے ذریعہ پورے کشمیر میں اردو کا ماحول بنادیا ہے۔کشمیر یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر نثار احمد میر نے بطور مہمان ذی وقار شرکت کرتے ہوئے کہا کہ ہم مستقبل میں بھی قومی اردو کونسل کے پروگراموں میں تعاون دینے کو تیار ہیں۔انھوں نے قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر سے کشمیری زبان کی نایاب کتابوں کا ترجمہ اردو میں اور اردو کی نایاب کتابوں کا ترجمہ کشمیری زبان میں کرانے کی تجویز پیش کی جس پر ڈائرکٹر نے غورکرنے کا  وعدہ کیا۔کشمیر میں میلے کے کو آرڈینیٹر یونیورسٹی کی علامہ اقبال لائبریری کے لائبریرین پروفیسر جی این پیرزادہ نے کلمات تشکر ادا کیا اور میلے کے کامیاب انعقاد کے لیے یونیورسٹی اسٹاف، قومی اردو کونسل کے اسٹاف اور دیگر تمام حاضرین اور مختلف تنظیموں،اداروں سے وابستہ افراد کا بھی شکریہ ادا کیا۔تقریب میں قومی اردو کونسل کی جانب سے پبلشروں کو اعزازات بھی دیے گئے۔کتابوں کے بہترین کلیکشن کے لیے کتاب دار ممبئی کو،سب سے بہتر فروخت کے لیے الحسنات بکس پرائیویٹ لمٹیڈ کو جبکہ بہترین ڈسپلے کے لیے نیشنل بک ٹرسٹ کو اعزازات سے نوازا گیا۔ان کے علاوہ میلے میں مختلف ثقافتی پروگراموں اور مقابلوں میں پہلی دوسری و تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو بھی انعامات تقسیم کیے گئے۔اختتامی تقریب میں نظامت کے فرائض جناب منیر انجم نے بحسن و خوبی انجام دیے۔