تازہ ترین

مزید خبریں

22 جون 2019 (11 : 04 AM)   
(      )

نیو ڈسک

کشتواڑ میں پانچواں یوگا دن منعقد کیا گیا 

عاصف بٹ 

کشتواڑ// دنیا بھر کی طرح ضلع کشتواڑ میں بھی مختلف مقامات پریوگاتقریبات کا اہتمام کیاگیا۔ سب سے بڑی تقریب چوگان گرائونڈ میں منعقد ہوئی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا، ایس ایس پی کشتواڑ شکتی کمار پاٹک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کشتواڑ انیل کمار و دیگر محکموں کے افسران کے ساتھ ساتھ اسکولی بچوں ،نوجوانوں، بزرگوں و خواتین نے بھی اس تقریب میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ نے کہا کہ لوگوں کو یوگا کو روز کا معمول بنانا چاہئے اوریوگ کرنے سے انسان ذہنی، جسمانی و روحانی طور سے ٹھیک رہتا ہے، اس سے تمام بیماریوں سے بچا بھی جاسکتا ہے۔ یہ پروگرام محکمہ سروس سپورٹس و ای ایس ایم نے منعقد کیا ۔
 
 
 

ڈوڈہ سیول سوسائٹی کا اجلاس ،احتجاج کا انتباہ

 پروفیسر ڈاکٹر وحید خاور بلوان کا تبادلہ منسوخ کرنے کا مطالبہ

ڈوڈہ//گورنمنٹ ڈگری کالج ڈوڈہ میں تعینات پروفیسر ڈاکٹر وحید خاور بلوان کے تبادلہ کے احکامات کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ڈوڈہ سیول سوسائٹی نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ تبادلہ کے احکامات منسوخ نہ ہوئے تو وہ احتجاج کے لئے سڑکوں پر آئیں گے۔ ڈوڈہ میں اشتیاق احمد دیو کی صدارت میں منعقد ہونے والے ہنگامی اِجلاس میں تمام گرپوں نے کہا کہ وحید خاور بلوان ڈوڈہ کالج میں کالج کی تعمیر و ترقی کے لئے کلیدی کردار ادا کررہے ہیں اور موجودہ وقت میں کالج کو NAAC ایگریڈگریشن و دیگر ترقیاتی مسائل کا سامنا ہے۔ وحید خاور کا تبادلہ گورنمنٹ ڈگری کالج کلہوتران میں ہوا ہے جہاں اْن کے مضمون کی کلاس ہی نہ ہے اور بی ایس سی سال اول میں اس وقت ہیومن جنیٹک مضمون پڑھانے والا دوسرا کوئی نہ ہے جس وجہ سے اس نئے مضمون کو پڑھنے والے طلباء کو مشکلات کاسامنا کرناپڑسکتاہے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ یوں بھی Mid-session میں تبادلہ نامناسب ہے اور اس وقت جب کالج ڈوڈہ ایک مخلص پرنسپل و مقامی و غیر مقامی تدریسی عملہ کے باہمی اشتراک محنت لگن سے اونچائیوں کی طرف جا رہا ہے اور ترقی کے منازل طے کر رہا ہے ، تعلیمی تدریسی و غیر تدریسی میدان میں ریاست کے چند کالجوں میں اپنا مقام بنا رہا ہے ایسے میں کالج میں کلیدی کردار ادا کرنے والے ڈاکٹر وحید خاور کا تبادلہ ناقابل تلافی نقصان ہے جو کسی بھی طور قابل قبول نہ ہے۔اِجلاس سے خواجہ کرامت اللہ نہرو ،محمد اقبال بلوان ،غلام حسن پامپوری ،نصیر احمد کھوڑا ،محبوب احمد ٹاک ،ماسٹر گیان چند ،عبدالمنان بانڈے ،آصف جہاں گتّو ،ڈاکٹر بشارت فریدی ،نے امید ظاہر کی ہے کہ محکمہ اعلیٰ تعلیم کے حکام بالا عوامی خواہشات عوامی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے اس تبادلہ کو منسوخ کر دیں گے۔
 
 
 
 

بانہال میں 2منشیا ت فروش گرفتار،چرس بر آمد

ایم ایم پرویز

بانہال//جمعہ کے روز بانہال میں پولیس نے 2منشیات فروشوں سے ایک کلو اور ایک سو گرام چرس بر آمد کر کے انہیں گرفتار کر لیا جب کہ ایک فرار ہونے میں کامیاب ہوا۔پولیس کے مطابق ایک خصوصی اطلاع ملنے پر ٹی چوک ریلوے کراسنگ پر ایک ناکہ لگایا گیاجہاں تین افراد بانہال قصبہ کی طرف جا رہے تھے جوپولیس کو دیکھتے ہی فرار ہوگئے تا ہم پولیس نے دوافراد کوپکڑ کر ان سے ایک کلو اور ایک سو گرام چرس بر آمد کی ۔ دونوںمنشیات فروشوں کی پہچان پرویز احمد ولد عبدالرحمن شیخ ساکن پرستان اکھڑال اور توقیر احمد بٹ ولد غلام بٹ ساکن سینا بتی تحصیل اکھڑال کے طورپر کی گئی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ ابتدائی جانچ کے دوران دونوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے اکھڑال کے نو جوانوں کو بیچنے کیلئے یہ کھیپ کشمیر سے لائی ۔انہوں نے کہاکہ تیسرے شخص مشتاق احمد کٹوچ ولد غلام محمد کٹوچ ساکن اکھڑال کو گرفتار کرنے کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں۔اس سلسلہ میں بانہال پولیس سٹیشن میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔
 
 
 

رام بن میںیوگا کا عالمی دن منایاگیا

رام بن //رام بن میں بھی یوگا کا عالمی دن منایاگیا ۔اس سلسلے میں ایک تقریب آیوش محکمہ نے محکمہ سکول ایجوکیشن اور یوتھ سروسز و سپورٹس کے اشتراک سے منعقد کی ۔یہ تقریب گورنمنٹ ہائراسکینڈری سکول رام بن میں منعقد کی گئی جس میں بڑی تعداد میں طلباء اور اساتذہ کے علاوہ چیف ایجوکیشن افسر رام بن عبدالحمید فانی ، ضلع نوڈل افسر آیوش ڈاکٹر مسعود اقبال زرگر، ای او میونسپلٹی رویندر شرماو دیگرافسران نے بھی شرکت کی ۔اس دوران شرکاء کو یوگا کے حوالے سے ماہرین کی طرف سے تکنیکی باتیں سکھائی گئیں ۔اس موقعہ پر چیف ایجوکیشن افسر نے شرکاء خاص طور پر نوجوانوں پر زور دیاکہ وہ یوگا کواپنی روز مرہ زندگی میں اپنائی اور روزانہ مشق کیاکریں ۔ انہوں نے کہاکہ یوگا سے انسانی صحت متوازن رہتی ہے ۔اسی طرح کی تقریبات گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ، بی وی ایم رام بن، سنت نرنکاری مشن اور دیگر مقامات پر بھی ہوئیں ۔
 
 
 
 

ڈوڈہ میں یوگا کے عالمی دن پر تقریبات 

ڈوڈہ //یوگا کے عالمی دن پر ڈوڈہ اور بھدرواہ میں مختلف مقامات پر تقریبات منعقد ہوئیں ۔اس دوران ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ڈاکٹر ساگر ڈی ڈوئیفوڈ نے بھی یوگا تقریب میں شرکت کی جبکہ دیگر افسران بھی شامل ہوئے ۔یوگا کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ اس سے جسمانی اور ذہنی تندرستی متوازن رہتی ہے اور یہ سائنسی بنیادوں پر ایک اہم مشق ہے ۔انہوں نے کہاکہ یوگا کو تعلیمی اداروں میں سکھایاجاناچاہئے اور معزز شہریوں کیلئے خصوصی انتظامات کرنے کی ضرورت ہے ۔یوگاتقریبات میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جن میں طلباء بھی شامل تھے ۔