تازہ ترین

جے کے بنک آر ٹی آئی کے دائرے میں

بہتر نظام کار اور نمایاں شفافیت ،17جون سے نئے قانونی ڈھانچے کا اطلاق

16 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیوز ڈیسک
  سرینگر// جموں و کشمیر بینک کی انتظامی شفافیت اور اس ادارے کے احتساب میں بہتری لانے کیلئے بینک کے کارپوریٹ آفس واقع مولانا آزاد روڈ پر بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرس کا ایک غیر معمولی اجلاس منعقد ہوا جس میں دیگر بورڈ ممبران کے علاوہ نو منتخب چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر راجیش کمار چھبر، پرنسپل سیکریٹری فائنانس اے اے ایس ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے بھی شرکت کی اور کئی اہم فیصلوں پر اپنی رضا مندی ظاہر کی۔ اس موقع پر بینک کے مکمل انتظامی ڈھانچے اور سٹاف پر اپنے اعتماد کو جتلاتے ہوئے بورڈ نے تمام تعلق داروں کو یہ بھروسہ دلایا کہ جے اینڈ کے بینک مکمل محفوظ زون میں ہے اور اس کے نظامِ کار میں مزید شفافیت اور جواب دہی کا خاص خیال رکھا جائے گا  جسکے لئے چند با اثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ بینک کی اعلیٰ قیادت میں تبدیلی کے بعد اس پہلی میٹنگ میں چند ٹھوس اقدامات کو عملانے کا فیٖصلہ کیا گیا جیسے کہ 17جون 2019سے یہ بینک رائٹ ٹو انفارمیشن یعنی  RTI ایکٹ 2009 کے تحت کام کریگا اور ساتھ ساتھ سینٹرل ویجلنس کمیشن یعنی CVCکی ہدایات بھی بینک پر لاگو ہونگی ۔ایک مضبوط احتسابی ڈھانچے میں یہ بینک سختی کے ساتھ ایک ذمہ دار کارپوریٹ کے بطور اپنا کام کاج چلائے گا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ بورڈ آف ڈائریکٹرس نے سرکاری ہدایات کے بعد 16مارچ 2019 کو منعقد میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا تھا کہ بینک کو RTI اور CVC دائرے میں لایا جائے گا۔ بینک کے ٹیکنالوجی نظریے میں مزید وسعت لائی جائے گی اور کور بینکنگ سلیوشن سے نکل کر بینک فنیکل10- آپریٹنگ سسٹم کو روبہ عمل لائے گا تاکہ سسٹم میں فوری وارننگ اور الرٹ سسٹم مضبوط ہوسکے۔  بورڈ آف ڈائریکٹرس کے اس غیر معمولی اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ غیر منافع بخش قرضوں میں مزید اضافے پر روک تھام لگانے کیلئے جان بوجھ کر بینک کا قرضہ واپس نہ کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت اقدامات کئے جائیں گے ۔ بورڈ ممبران نے اس بات کو دہرایا کہ بینک کے ہر عمل میں جوابدہی،  شفافیت اور احتساب ہمارا مقصد ہے لہٰذا  بورڈ کے ہر فیصلے کی وقت پر عمل آوری یقینی بنائی جائے گی۔ دریں اثناء بورڈ  ممبران اس بات پر مطمئن تھے کہ بینک اپنے تمام کاروباری اہداف کو اپنے مقررہ وقت پر چھوئے گا اور ہر شعبے میں بہتر کار کردگی دکھائے گا۔