تازہ ترین

مرکزی وزیر مملکت نے ریاست میں کھادوں کی سپلائی و دستیابی کا جائیزہ لیا

16 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

جموں//مرکزی وزیر مملکت برائے کیمکل و فرٹیلائزرز منسکھ ایل منداویہ نے آج یہاں ایک میٹنگ کے دوران ریاست میں کھادوں کی سپلائی اور دستیابی کا جائیزہ لیا۔ ریاستی سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار منظور احمد لون، ڈائریکٹر فرٹیلائزر مومنٹ حکومت ہند ہرویندر سنگھ، ڈائریکٹر زراعت جموں پی ایس راٹھور، ڈائریکٹر لاء انفورسمنٹ اے آر سامون نے میٹنگ میں شرکت کی۔کسانوں میں روائتی زرعی طور طریقے اپنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ کھادوں کے بیجا استعمال سے انسانوں اور جانوروں کی صحت پر مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں اس لئے حکومت کسانوں کو روایتی کاشتکاری کی جانب راغب کرنے کے اقدامات کررہی ہے جس کی بدولت بہتر فصل کے حصول میں کامیابی حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ریاست میں کھادوں کی سپلائی سے متعلق معاملات کا جائیزہ لیتے ہوئے مرکزی وزیر مملکت نے کہا کہ زرعی سرگرمیوں کے موسم کے دوران ریاست میں کھادوں کی دستیابی بڑے پیمانے پر یقینی بنائی جائے گی تا کہ کسان کھادوں کے حصول میں کسی بھی قسم کی مشکلات میں مبتلا نہ ہوں۔مرکزی وزیر نے ریاستی زرعی پیداوار محکمہ کے افسروں اور کھاد سپلائی کرنے والی کمپنیوںکو ہدایت دی کہ وہ مقررہ رہنما خطوط پر سختی سے عمل کرتے ہوئے کھادوں کی تجارت میں شفافیت لائیں اور کسانوں کو معیاری کھاد وقت پر فراہم کرنے کے اقدامات کریں۔اس سے قبل وزیر موصوف کو جموں اور کشمیر صوبوں میں دستیاب کھادوں کی سپلائی اور موجودہ بنیادی ڈھانچے کے بارے میں جانکاری دی گئی۔سیکرٹری زرعی پیداور محکمہ نے اس موقعہ پر ریاست میں کھادوں کی دستیابی کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔میٹنگ میں جوائنٹ ڈائریکٹر (اِن پُٹس) کشمیر دیپک کُچرو، جوائنٹ ڈائریکٹر ایگری کلچر( ایکسٹنشن) انل اروڑہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔