تازہ ترین

۔5 نقب زنوں کاگروہ پولیس کی گرفت میں

گاڑیاں ،تانبے کے برتن اور لاکھوں روپے مالیت کا سامان برآمد

16 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر // پولیس نے نقب زنوں کے ایک گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے پانچ چوروں کی گرفتاری عمل میں لا کر اُن کے قبضے سے لاکھوں روپیہ مالیت کا مالہ مسروقہ برآمد کرکے ضبط کیا۔ صفا کدل پولیس کو تحریری طورپر شکایت موصول ہوئی کہ باغ نند سنگھ علاقے میں قائم گودام سے نقب زنوں نے لاکھوں روپیہ مالیت کا مالہ مسروقہ اُڑایا ہے ۔ ایس ایس پی سرینگر ڈاکٹر حسیب مغل کی ہدایت پر ایس ڈی پی او ایم آر گنج ، ایس ایچ او صفا کدل ، انچارج پولیس پوسٹ باغیاث اور انچارج پولیس پوسٹ نورباغ کی سربراہی میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم کا قیام عمل میں لایا گیا ۔چنانچہ پولیس ٹیم نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لارتے ہوئے پانچ مشتبہ افراد محمد یاسین حجام ولد غلام مصطفی ساکنہ ترکول بل پٹن، مظفر احمد ڈار ولد غلام محمد ساکنہ ہانجی ویرہ پٹن، الطاف احمد میر ولد غلام احمد میر ساکنہ خمینی چوک بمنہ ، عرفان ناگر ولد غلام نبی ساکنہ سیدہ کدل اور سرور حسین بٹ ولد بشیر احمد ساکنہ لبرتل بڈگام کی گرفتاری عمل میں لا کران کی نشاندہی پر لاکھوں روپیہ مالیت کا ساز و سامان جس میں تانبے کے برتن ، الیکٹرانک سامان، سیگریٹ قابلِ ذکر ہے کو برآمد کرکے تحویل میں لے لیا۔ علاوہ ازیں پولیس ٹیم نے نقب زنوں کے قبضے سے سکارپیو زیر نمبر DL43CNB-5501، سینٹرو زیر نمبر JK01R-2266,، ہونڈا سٹی زیر نمبر DL7CF-8139اور ماروتی DL3CAD-8969سمیت چار گاڑیاں بھی برآمد کیں۔ نقب زنوں پر مشتمل یہ گروہ ، مکانوں ، دکانوں اور گوداموں کی پہلے جانچ پڑتال کیا کرتے تھے اور اُس کے بعد موقع پاتے ہی درمیانی رات کو چوری کی واردات انجام دینے میں کامیاب ہو جاتے تھے جس دوران وہ لاکھوں روپیہ مالیت کے سازو سامان پر ہاتھ صاف کرکے فرار کی راہ اختیار کرتے تھے۔ شاطر نقب زنوں کا یہ گروہ مخصوص آوازار استعمال کرکے چوری کی واردات کو اس طرح انجام دیتے تھے کہ کسی کو کانوں کان اُس کی بھنک بھی نہیں لگتی تھی جبکہ چوری کے دوران مذکورہ سارق گوداموں ، دکانوں میں نصب سی سی ٹی وی اور دیگر الیکٹرانک سامان جسے نگاہ رکھی جاتی ہو ثبوت مٹانے کیلئے اُن آلات کو بھی اپنے ساتھ لے کر اُنہیں بعد میں ناقابلِ استعمال بنا دیتے ہیں۔اس کیس کی تحقیقات جاری ہے اور اس سلسلے میں مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہے۔