تازہ ترین

برائو بنڈنہ اونتی پورہ میں مختصر مسلح تصادم آرائی ،2لشکرجنگجوجاں بحق

دونوں جنگجو آبائی علاقوں میں سپرد لحد، پلوامہ کے بیشتر علاقوں میں ہڑتال، انٹرنیٹ اور ریل خدمات معطل

15 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

سید اعجاز
پلوامہ(اونتی پورہ )پلوامہ ضلع کے برائو بنڈنہ نامی گائوں میں فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان ایک مختصر مسلح تصادم آرائی میں2مقامی لشکر جنگجوئوںجاں بحق ہوئے ہیں جنہوں نے پولیس کے مطابق حال ہی میں جنگجوئوں کے صف میں شمولیت اختیار کی تھی۔اس دوران پولیس نے جھڑپ کے مقام سے دو جنگجوئوں کی لاشوں کو برآمد کرکے قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد لواحقین کے حوالے کیا جس کے بعد انہیں سُردلحد کیاگیا ۔ دونوںکی نماز جنازہ میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کر کے اسلام اور آزادی کے حق میں نعرے بلند کئے ۔اس دوران ہلاکتوں کے خلاف علاقے میں مکمل ہڑتال کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر رہی جبکہ انتظامیہ نے علاقے میں امن وقانون کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لئے پولیس ضلع اونتی پورہ کے تحت آنے والے علاقوں میں انٹر نیٹ سروس اور بانہال بارہمولہ ٹرین سروس کو معطل رکھا ۔جنوبی کشمیر کے قصبہ اونتی پورہ سے چند کلو میٹر دور فوج کے55RRسی آر پی ایف 130,185اور ایس او جی اونتی پورہ نے برائو بنڈنہ نامی گائوں کو جمعہ علیٰ الصبح جنگجوئوں کی موجود گیکی مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد محاصرے میں لے کر گائوں کی طرف آنے اور جانے والے تمام راستوں کوسیل کرکے کاروائیوں کا سلسلہ شروع کیا ۔ پولیس ذرائع نے بتایا اسی دوران جب تلاشی پارٹی محمد رمضان نامی ایک شہری کے گھر میں تلاشی لینے کے غرض سے داخل ہوئی تو مکان میں موجود جنگجوئوں نے فورسز پارٹی پر فائرنگ کر کے فرار ہونے کے کوشش کی جس دوران فورسز اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی جس کے ساتھ طرفین کے درمیان گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا جو کچھ وقت جاری رہا جبکہ ایک رہائشی مکان بھی اس جھڑپ میں مکمل طور تباہ ہوا ۔جھڑپ ختم ہونے کے بعد پولیس نے جائے واردات سے2جنگجوئوں کی لاشیں برآمد کر لی ۔پولیس نے اس جھڑپ میں جاں بحق جنگجوئوں کی شناخت عرفان احمد ڈگو ولد منظور احمد ڈگو ساکن نائن بٹہ پورہ اورتصدق امین شاہ ولد محمد امین شاہ ساکن کدل بل کاکا پورہ پانپور کے طور کی ہے۔ دونوں لشکر طیبہ سے وابستہ تھے ۔پولیس ذرائع کے مطابق دونوں مہلوکین حال ہی میں جنگجوئوں کے صف میں شامل ہوئے تھے جبکہ تصدق امین کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ انہوں چند روز قبل ہی شمولیت کی تھی ۔پولیس بعد میں جاں بحق جنگجوئوں کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے کیا جہاں ان کے نماز جنازہ میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کر کے اسلام اور آزادی کے حق میں نعرے بلند کئے ۔ اس دوران علاقے میں جنگجوئوں کی ہلاکت کے خلاف مکمل ہڑتال رہی جس دوران تمام دکانیں اور کار باری ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں سے ٹرانسپورٹ بھی غائب رہا۔ انتظامیہ نے پولیس ضلع اونتی پورہ کے تحت آنے والے علاقوں میں انٹر نیٹ سروس پر روک لگا دی ہے جبکہ بانہال بارہمولہ ٹرین سروس کو بھی معطل رکھا ۔