تازہ ترین

ایس سی /ایس ٹی/او بی سی کی جانب سے کٹھوعہ میں تعلیمی بیداری کیمپ کا اہتمام

15 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

کٹھوعہ// آل انڈیا کنفڈریشن آف ایس سی / ایس ٹی /او بی سی کٹھوعہ یونٹ نے نانکے چک میں تعلیمی بیداری کیمپ کا اہتمام کیا۔کیمپ منعقد کرنے کا مقصد تعلیم کی ضرورت کے سلسلہ میں بیداری پھیلانا تھا ،خاص طور سے غریبی کی سطح سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کیلئے۔اس موقعہ پر سکول جانے والے بچوں میں تعلیم حاصل کرنے کی حوصلہ افزائی کیلئے کاپیاں اور اسٹیشنری بھی تقسیم کی گئی۔اس موقعہ پر بچوں کی مائوں نے بھی شرکت کی،اُنہیںاپنے بچوں کے ساتھ چند گھنٹے گُذارنے اور انہیں پڑھائی میں مدد کرنے کی صلاح دی گئی ۔کنفیڈریشن کے ریاستی صدر آر کے کلسوترہ ، جو کہ اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے،نے خطاب کرتے ہوئے مائوں سے بچے پڑھانے کو کہا۔انہوں نے کہا کہ آزادی سے قبل بھارت میں تعلیمی معیار بہت ہی خراب تھااور فقط چند ہی مذاہب کو تعلیم دینے کا اختیار دیا گیا تھالیکن آئین ہند لاگو کرنے کے بعد ہر ایک کو تعلیم حاصل کرنے کا حق دیا گیا ۔انہوں نے مائوں سے کہا کہ اگر وہ اپنے بچوں کو اعلیٰ پوزیشنوں پر دیکھنا چاہتے ہیں ،تو انہیں اپنے بچوں کے ساتھ چند گھنٹے گُذارنے ہونگے۔انہوں نے طلاب سے ڈاکٹر مبید کر کو اپنا رول ماڈل بنانے کو کہا ۔انہوں نے کہا کہ کنفیڈریشن کا ایک سال میں ایسے ایک سوکیمپ منعقد کرنے کا ہدف ہے،تاکہ سکول جانے والے بچوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا سکے۔انہوں نے کنفیڈریشن کے کٹھوعہ یونٹ کو رواں سیشن میں کم سے کم 10کیمپ منعقد کرنے کو کہا ۔پنچایت کی پنچ گیتانجلی ،سماجی کارکن شُبھ اور بچوں کی کئی مائوں نے بھی کیمپ میں شرکت کی ،کنفیڈریشن کے کٹھوعہ یونٹ کے جنرل سیکرٹری روشن چودھری نے بھی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے بیداری کیمپ منعقد کرنے کی ستائش کی۔