تازہ ترین

حملے کے بعدایڈوائزر کمار اور چیف سیکریٹری کا دورہ اننت ناگ

یاترا کیلئے حفاظتی بندوبست کا جائزہ ، پولیس کو بلا چوک سیکورٹی بندو بست کرنے کی ہدایت

14 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

خالد گل
اننت ناگ//اننت ناگ قصبے میں جنگجوئوں کے تازہ حملے ،جس میں کئی سی آر پی ایف اہلکار جبکہ دیگر کئی زخمی ہوگئے تھے،کے ایک روز بعد ریاستی گورنر کے مشیر کے وجے کمار اور چیف سیکریٹری بی وی آر سبرامنیم نے ضلع پولیس لائنز میں جمعرات کو سیکورٹی جائزہ لیئے طلب کی گئی میٹنگ کی صدارت کی۔ ایڈوائزر وجے کمارکے ہمراہ چیف سیکریٹری نے ڈی جی پولیس دلباغ سنگھ ،اے ڈی جی پی لاء اینڈ آرڈر منیر احمد خان ،آئی جی پی کشمیر ایس پی پانی ،ڈی آئی جی جنوبی کشمیر اتل کمار گوئل ،ایس ایس پی اننت ناگ الطاف خان اور دیگر پولیس افسران سے ملاقات کی ۔میٹنگ کے دوران امرناتھ یاترا کی سیکورٹی کو لے کر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا جبکہ گذشتہ روز ہوئے جنگجویانہ حملے کے بارے میں بھی صورتحال کاجائزہ لیا گیا۔ واضح رہے کہ اننت ناگ قصبے میں کے پی روڑ پر ایک غیر مقامی جنگجو نے سی آر پی ایف کی گاڑی پر حملہ کرکے 5اہلکاروں کو ہلاک کیا جبکہ اس حملے میں مقامی ایس ایچ او سمیت دیگر کئی اہلکار اور ایک خاتون زخمی ہوگئیں تھی۔اس موقعے پر ایڈوائزر کمار اور چیف سیکریٹری نے فورسز کو ہدایت دی کہ وہ چوکنا رہیں اور امرناتھ یاترا کی بحسن خوبی انجام دہی کیلئے سیکورٹی کو مستعد رکھیں۔بعد میں اعلی حکام نے گذشتہ روز ہوئے حملے کی جگہ کا معائنہ کیا ۔اس جگہ پر جمعرات کو اکثر دکانیں بند رہیں جبکہ ٹریفک بھی کم ہی دیکھنے کو ملا ۔کے پی روڑ پر فورسز نے جگہ جگہ ناکے کھڑے کئے ہیں اور راہگیروں اور گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی تھی ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ 14فروری کو لیتہ پورہ میں ہائے وے پر فورسز کی گاڑی کو بارودی دھماکے سے اڑانے اور متعدد اہلکاروں کی ہلاکتوں کے بعد کل کا حملہ اپنی نوعیت کا بڑا حملہ قرار دیا جارہا ہے ۔
 
 

 امرناتھ یاترا کا احسن انعقاد 

صوبائی کمشنر کی متعلقہ افسران کومستعد رہنے کی ہدایت

سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے ضلع ترقیاتی کمشنروں اننت ناگ اور گاندربل کو امرناتھ یاترا کے احسن اور خوش اسلوبی سے انعقاد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔صوبائی کمشنر نے یہ ہدایا ت آفیسران کی ایک میٹنگ کے دوران دیں جس میں یکم جولائی سے15اگست تک جاری رہنے والی امرناتھ یاترا کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کاجائزہ لیا گیا ۔میٹنگ میں بتایاگیا کہ پہلگام اور بالہ تل سے گھپا تک راستوں کو برف سے صاف کردیا گیا ہے البتہ جن مقامات پر حالیہ دنوں برفباری ہوئی ہے وہاںسے برف ہٹانے کی ہدایت دی۔انہوںنے متعلقہ محکموں کو یاترا کے سلسلے میں تمام لازمی سہولیات بہم رکھنے کے احکامات دئیے تاکہ شردھالوئوں کو یاترا کے دوران کسی بھی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ اور گاندربل نے اپنے متعلقہ اضلاع میں اضافی اقامتی سہولیات کے لئے پہلے ہی جگہوں کی نشاندہی کی ہے۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز نے بتایا کہ یاترا کے دوران ڈاکٹروں اورنیم طبی عملے کی ڈیوٹی کیلئے روسٹر کو ترتیب دیا جارہا ہے جو کہ 25جون تک مکمل کیاجائے گا جب کہ اس وقت تک ایمبولینسز اورآکسیجن بوتھ میں تیاری کی حالت میںرکھے جائیں گے۔اس دوران صوبائی کمشنر نے ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ،اننت ناگ اورگاندربل کو اپنے متعلقہ اضلاع میں 20جون تک مشترکہ کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت دی۔دریں اثنأ ڈائریکٹر ڈیزاسٹر منیجمنٹ نے بتایا کہ بچائو اقدامات کے لئے ایس ڈی آ رایف،این ڈی آر ایف اوررضاکاروں کے روسٹر کو بھی ترتیب دیا جارہا ہے۔