تازہ ترین

عوامی شکایات کا ازالہ | شرما کا عوامی دربار ،جائز مطالبات کو حل کرانے کی یقین دہانی

14 جون 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر//گورنر کے مشیر کے کے شرما نے کہا ہے کہ حکومت نے لوگوں کی شکایات کا ازالہ کرنے کے لئے ایک مؤثر نظام قائم کیا ہے اور قلیل وقت میں لوگوں کی شکایات کو دُور کر نے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔مشیر ایک عوامی شکایات کے ازالے کے ایک کیمپ کے دوران کئی وفود سے بات چیت کر رہے تھے۔لگ بھگ 30وفود اور 20افراد مشیرسے ملاقی ہوئے اور انہیں اپنی شکایات سے آگاہ کیا۔فقیر گجری ڈیولپمنٹل فورم نے اپنے علاقوں کی کئی ترقیاتی معاملات اُٹھائے اور بجلی ، پینے کے پانی اور سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری لانے کا مطالبہ کیا۔مومن آباد بٹہ مالو کی ویلفیئر کمیٹی نے علاقے میں ڈرنیج نظام قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔اِقرأ کالونی بمنہ کی ویلفیئر کمیٹی کے ایک وفد نے سر ینگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے کالونی میں ترقیاتی سرگرمیوں می تیز ی لانے کا مطالبہ کیا۔جے کے پی سی سی ملازمین کے ایک وفد نے اپنے سرکاری کام کاج سے متعلق چند مطالبات مشیر کو گوش گزار کئے۔قمرواری کے ایک وفد نے سمینٹ پل کے نزدیک بنڈ پر جاری تعمیراتی کام کی تکمیل یقینی بنانے کا م مطالبہ کیا۔اعلیٰ تعلیم محکمہ کے اسسٹنٹ پروفیسر وں کے ایک وفد نے اضافی انکریمنٹ کی واگزاری کا مطالبہ کیا۔لینڈ سکیپ آرکیٹیکٹس کے ایک وفد نے مشیر کو سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔گاندربل کی کنٹریکٹر ایسو سی ایشن نے سال 2014ء کے واجب الادا رقومات کی واگزاری کا مطالبہ کیا۔چھتر گل کنگن کے ایک وفد نے پی ایم جی ایس وائی سکیم کے تحت سڑک کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔گڈس ٹرانسپورٹ ایسو سی ایشن، جے کے سیمنٹ ایمپلائز ایسو سی ایشن ، جے کے الیکٹریکل ایسو سی ایشن / سول کنٹریکٹر ایسوسی ایشن و کئی دیگر وفود نے مشیرموصوف کو اپنے مطالبات پیش کئے ۔مشیر نے تمام وفود و افراد کے مطالبات بغور سنے اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت ان کی جائز مطالبات کو متعلقہ محکموں کے ساتھ اُٹھائیں گے تاکہ ان کی شکایات کا ازالہ کیا جاسکے ۔بعدمیں مشیر نے ایک جائزہ میٹنگ کے دوران پی ایچ ای ، پی ڈی ڈی ، آبپاشی ، فلڈ کنٹرول اور مکانات و شہری ترقی سیکٹروں کے تحت کئی جاری پروجیکٹوں کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں متعلقہ محکموں کے چیف انجینئر ، ڈائریکٹر اربن لوکل باڈیز ، کمشنر ایس ایم سی و دیگر افسران موجود تھے۔