تازہ ترین

شاہراہ بندش پر معذرت خواہ ہوں:گورنر

انتظامیہ صدارتی راج کے خاتمے کی خواہاں

23 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

اشفاق سعید
 سرینگر // ریاستی گورنر ستیہ پال ملک نے قریب 2ماہ تک شاہراہ کی بندش رکھنے کے فیصلے پر لوگوں سے معافی مانگ لی ہے۔جہانگیر چوک رامباغ فلائی اوور کے دوسرے حصے کی افتتاحی تقریب کے دوران گورنر شاہراہ پرپابندیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پابندی 27مئی سے ختم ہو جائے گی۔ گورنر نے کہا ’’ میں لوگوں کا بے حد شکر گزار ہوں جنہوں نے شاہراہ پر پابندی کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، اس دوران انہیں جن سخت مراحل سے گزرنا پڑا اس کیلئے میں اُن سے معافی چاہتا ہوں‘‘۔انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ملکی مفاد میں لیا گیا تھا ۔ریاستی اسمبلی انتخابات کے بارے میں گورنر نے کہا کہ اُن کی انتظامیہ ریاست میں منتخب سرکار کے حق میں ہے لیکن ریاست میں الیکشن کے انعقاد کے متعلق فیصلہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کو ہی لینا ہے ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کچھ ایک سیاسی لیڈران کہتے ہیں کہ انتظامیہ منتخب حکومت کو اقتدار سونپنے کے حق میں نہیں ہے تو اْنہوں نے صاف انکار کیا۔گورنر نے کہا’’میری نگاہ میں ایسا کچھ نہیں ہے، ہم چاہتے ہیں کہ صدر راج جتنا جلد ممکن ہوسکے، ختم ہونا چاہیے،اور لوگوں کی منتخب سرکار ہو لیکن اسمبلی انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کو ہی لینا ہے‘‘۔امر ناتھ یاتراکے حوالے سے پوچھے گے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہیں اُمید ہے کہ پچھے سال کی طرح اُس سال بھی یاتری اچھے طریقے سے چلے گئی اور بڑی تعداد میں یاتری گھپا کے درشن کیلئے آئیں گے۔