تازہ ترین

لوک سبھاالیکشن 2019کا آخری مرحلہ

جموں و کشمیر سمیت پورے ملک میں ووٹ شماری آج

23 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

اشفاق سعید
سرینگر//17ویں لوک سبھا کی 542 نشستوں کی آج ریاست جموں و کشمیر سمیت ملک بھر میں ووٹ شماری ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی پہلے کی طرح ہی ہوگی اور گنتی پوری ہونے کے بعد ہی وی وی پی اے ٹی کی پرچیوں کو ایم وی ایم سے ملایا جائے گا۔ووٹوں کی گنتی صبح آٹھ بجے  شروع ہوگی اور بنا کسی وقفہ کے جاری رہے گی۔ریاست جموں و کشمیر میں ووٹ شماری کیلئے10مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ ریاست سمیت پورے ملک میں بنائے گئے ووٹوں کی گنتی کے مراکز پر بڑی تعداد میں سکیورٹی اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں اور میڈیا کے لیے بھی خبروں کی حصولیابی کے لیے ضروری سہولیات مہیا کرائی گئی ہیں۔ ایمرجنسی کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھی ہر طرح کا انتظام کیا گیا ہے ۔ ادھر واد ی میں سرینگر پارلیمانی نشست کیلئے ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن کمپلیکس(ایس کے آ ئی سی سی) میں انجام دی جائیگی اور اس سلسلے میں تمام حلقوں سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو ایس کے آئی سی سی منتقل کیا جا چکا ہے جہاں حفاظت کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔ووٹنگ مشینوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ایس کے آئی سی سی کے گردونواح میں تین دائروں والے حفاظتی بندوبست کے تحت پولیس اور نیم فوجی دستوں نے کمپلیکس کی تمام عمارات کو سیل کردیا ہے اور وہاں صرف خصوصی اجازت نامے رکھنے والے اہلکاروں اور افسران کو ہی جانے کی اجازت دی جارہی ہے جہاںووٹوں کی گنتی بیک وقت عمل میں لائی جائے گی۔۔ اننت ناگ پارلیمانی نشست کیلئے ووٹوں کی گنتی کے لئے گورنمنٹ ڈگری کالج بائز اننت ناگ میں 16 مراکز قائم کئے گئے ہیں۔بارہمولہ پارلیمانی نشست کیلئے ووٹوں کی گنتی گورنمنٹ بائز ڈگری کالج بارہمولہ میں ہوگی جہاں 15 اسمبلی حلقوں کے لئے ووٹوں کی گنتی کے 15مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ صوبہ لداخ کے لئے دو گنتی کے مراکز، ایک لیہہ اور ایک کرگل ، میں قائم کیاگیا ہے۔ مہاجر پنڈتوں کے ووٹوں کی گنتی کے لئے جموں، ادھم پور اور دلی میں ایک ایک مرکز قائم کیا گیا ہے۔ ووٹو ں کے 10 گنتی مراکز میں90  ہال قائم کئے گئے ہیں جن میں قریب 900 میز دستیاب رکھے گئے ہیں۔