تازہ ترین

دھونی عالمی کپ میں ’گاڈ فادر‘ کے طور پر اتریں گے

22 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

یو این آئی
نئی دہلی//سابق ہندوستانی کپتان اور موجودہ وکٹ کیپر بلے باز مہندر سنگھ دھونی 30 مئی سے ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ میں‘ گاڈ فادر’ کے طور پر اتریں گے ۔ دھونی انگلینڈ کی سر زمین پر ہونے والے عالمی کپ کے سب سے تجربہ کار کھلاڑی ہوں گے ۔ وہ اس ٹورنامنٹ میں واحد ایسے کھلاڑی کے طور پر اتریں گے جس نے 300 سے زائد میچ کھیلے ہیں۔ اپنا چوتھا عالمی کپ کھیلنے جا رہے دھونی اب تک ہندوستان کی طرف سے 338 ون ڈے میچ کھیل چکے ہیں۔ اس ورلڈ کپ کی 10 ٹیموں میں دیگر کوئی کھلاڑی ایسا نہیں ہے جس نے 300 میچ کھیلے ہیں۔  ہندوستان کو اپنی کپتانی میں 2011 میں عالمی کپ جتا چکے ہیں اور 2015 کے عالمی کپ میں سیمی فائنل تک پہنچانے والے 37 سالہ دھونی کا یہ آخری ورلڈ کپ ہوگا۔ دھونی اپنے آخری ورلڈ کپ کو ایک اور خطابی جیت کے ساتھ یادگار بنانا چاہتے ہیں۔ ہندوستانی ٹیم میں کپتان وراٹ کوہلی 227 میچ، نائب کپتان روہت شرما 206 میچ، رویندر جڈیجہ 151 میچ، شکھر دھون 128 میچ اور بھونیشور کمار 105 میچ کھیل چکے ہیں۔ تجربے اور ون ڈے میں زیادہ میچ کھیلنے کے معاملے میں دھونی کے سب سے نزدیکی حریف ویسٹ انڈیز کے کرس گیل ہیں جنہوں نے 286 میچ کھیلے ہیں۔ گزشتہ چند برسوں میں زیادہ تر وقت ویسٹ انڈیز ٹیم سے باہر رہنے والے گیل کو اس عالمی کپ کے لیے کیریبین ٹیم میں شامل کیا گیاہے ۔وہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں 150 سے زائد ون ڈے کھیلنے والے واحد کھلاڑی ہیں۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم 1975 اور 1979 میں عالمی کپ فاتح رہی تھی۔  پاکستان کے آل راؤنڈر شعیب ملک 284 میچوں کے ساتھ اس عالمی کپ کے تیسرے سب سے تجربہ کار کھلاڑی ہوں گے ۔ ملک پاکستان کی ٹیم میں بھی سب سے زیادہ تجربہ کار کھلاڑی ہیں۔ پاکستان نے 1992 میں عمران خان کی کپتانی میں ورلڈ کپ جیتا تھا۔ پاکستان کی ٹیم کے ایک اور کھلاڑی محمدحفیظ نے 210 میچ اور کپتان سرفرازاحمد نے 106 میچ کھیلے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے جارح بلے باز راس ٹیلر 218 میچ کے ساتھ ایک اور تجربہ کار کھلاڑی ہوں گے ۔