تازہ ترین

پنچایت بلنوئی میں پانی کی سکیم 1سال سے بند

عوام کو مشکلات کا سامنا ،پانی سپلائی بحال کر نے کا مطالبہ

16 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

جاوید اقبال
مینڈھر//منکوٹ بلاک کی پنچائت بلنوئی کے محلہ واریاںمیں پانی کی سپلائی سکیم گزشتہ ایک برس سے بند ہو ئی ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو درپیش مسائل کو حل کر نے کی جانب کو ئی توجہ نہیں دی جارہی ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو گز شتہ ایک برس سے کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر کے پینے کا صاف پانی لانا پڑتا ہے ۔ پنچائت بلنوئی کی خاتون سرپنچ نسیم اختر نے محکمہ صحت عامہ کے اعلی افیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کشتی لوہرسے محلہ واریاں جا رہی پانی کی سکیم ایک سال سے بند پڑی ہے جبکہ لوگ پانی کی بوند بوند کیلئے تڑپ رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ فوج کی جانب سے عوام کو پانی فراہم کیا جاتا ہے لیکن متعلقہ محکمہ اس طرف کوئی توجہ نہیں دے رہاہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ کے ملازمین ڈیوٹی پر حاضر ہی نہیں ہوتے جبکہ رمضان میں بھی عوام کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جاتی ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ علا قہ کی عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے اقداما ت اٹھا ئے جائیں ۔