یورپ نے تشویش کا اظہار کردیا

15 مئی 2019 (43 : 11 PM)   
(      )

یو این آئی
برسلز// ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی پر یورپ نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کے حل پر زور دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایران کی جانب سے جوہری ڈیل کے شرائط نہ ماننے کے اعلان کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان تنازعے میں مزید شدت آگئی ہے، جبکہ یورپ پر بھی شدید دباؤ ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق ایران نے جوہری ڈیل میں شامل یورپی ممالک پر زور دیا ہے کہ اگر وہ معاہدے کی شرائط کی مکمل پاسداری کریں تو ایران پر اس پر عمل کرنے کے لیے تیار ہے۔ دریں اثنا امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز کا دورہ کیا اور کئی یورپی رہنماؤں سمیت جرمن وزیرخارجہ ہائیکو ماس سے خصوصی ملاقات کی اس دوران تنازعے کے حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے موقع پر جرمن وزائے خارجہ کا کہنا تھا کہ وہ نہیں چاہتے کہ کشیدگی اس قدر بڑھے کہ بات فوجی تصادم تک جا پہنچے، معاملہ سنگین ہے باہمی مشاورت سے حل ہونا چاہیئے۔ قبل ازیں برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ کا اپنے بیان میں بھی کچھ ایسے ہی خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ اس بارے میں فکرمند ہیں کہ کسی حادثے کے نتیجے میں باقاعدہ تصادم کا خطرہ بڑھ نہ جائے، جو دونوں فریق نہیں چاہتے۔ دوسری جانب ایران نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عالمی مالیاتی امور میں شفافیت کے قوانین پر عملدرآمد کا یورپ اور ایران کے درمیان تجارتی روابط یا سہولیات کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔