تازہ ترین

مزید خبریں

15 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک

عارضی ملازمین کو مستقل کیا جائے، پیپلز کانفرنس کی  ریاستی گورنر سے اپیل 

سرینگر//پیوپلز کانفرنس کے سینئرنائب صدر اور سابق وزیر عبدالغنی وکیل نے ایک بیان میںریاست کے گورنر سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ وہ ماہ رمضان مبارک مہینہ کے پیش نظر ان تمام ڈیلی ویجروں اور کیجول مزدوروں کو مستقل کرنے کے احکامات صادر کریں جو کئی سالوں سے مختلف محکموں خاص کر پی،ایچ،ای ،بجلی، جنگلات، زراعت  اور فشریز میں کام کررہے ہیں اور حقیقت یہ ہے کہ ان کی محنت اور مشقت کی وجہ سے ذہنی سطح پر عوام کو سہولیات پہنچ رہی ہے اور یہ محکمے فعال نظرآرہے ہیں۔انہوں نے پچھلی سرکاروں پر الزام لگایا کہ انہوں نے ہمیشہ ہی ان کو مستقل کرنے کے وعدے تو کئے لیکن ہمیشہ دھوکہ دیا اور اس طرح غریب ڈیلی ویجر اور کیجول مزدور ہمیشہ پریشان حال رہا ہے۔عبدالغنی وکیل نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے کہ پچھلے کئی مہینوں سے مختلف محکموں میں کام کرنے والے ڈیلی ویجر ز اور کیجول مزدور اجرت سے بھی محروم ہیں اور ان کے عیال کسمپری کی حالت میں زندگی گذار رہے ہیں۔ لیکن سرکار ٹس سے مس نہیں ہورہی ہے۔عبدالغنی وکیل نے ریاستی سرکار خاص کر گورنر ملک سے اپیل کی ہے کہ وہ ماہ رمضان کے پیش نظر ایک تو پچھلے کئی مہینوں کی اور دوسرا ماہ رمضان کے مہینے کی اجرت فوری طور ترجیجی بنیادوں پر واگذار کریں تاکہ وہ بھی خوشی اور سکون کے ساتھ ماہ رمضان اور عید کی خوشیوں میں شامل ہو سکیں۔
 
 
 

 کنڈی بارہمولہ میں قہر انگیز ژالہ باری |  میوہ باغات ، سبزیوں اور پنیری کو شدید نقصان

بارہمولہ //فیاض بخاری // کنڈی بارہمولہ کے کئی علاقوں میں منگل کو  قہر انگیز ژالہ باری نے تباہی مچائی ہے جس کی وجہ سے کسانوں میں زبردست تشویش کی لہر دوڑگئی ہے ۔ کنڈی بارہمولہ کے کئی علاقوں جن میں لریڈورہ ،کاوہار ،ڈنگرپورہ ،رشمقام ،نارہ دری ، گوہن ،شملرن ،نوگام ،کٹیاوالی ، مرن ٹنگواری ،ٹھنڈکسی ، چندوسہ، ددھ بگ ،سلطان پور ہ اور راجپورہ  کے علاوہ کئی علاقوں میںمنگل کو موسم نے بعد دوپہر اچانک کروٹ لی اور شدید ژالہ باری شروع ہوئی جو دس منٹ تک جاری رہی جس نے میوہ باغات ، پنیری اور سبزیوں کے علاوہ کئی فصلوں کو تباہ کیا ہے جس کی وجہ سے کسانوں میں تشویش پائی جارہی ہے ۔اس صورت حال سے باغ مالکان اور کسانوں میں انتہائی فکر و تشویش پائی جا تی ہے۔ایک مقامی شہری الطاف حسین پرے نے بتا یا کہ دس منٹ تک جاری رہنے والی اس شدید ژالہ باری سے میوہ باغات اور دیگر فصلوں کو  زبر دست نقصان ہوا ہے اور اب ہم  سرکار سے اپیل کی ہے کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر متعلقہ علاقوںمیں اپنی ٹیم روانہ کر کے ژالہ باری سے میوہ باغات کو نقصا نات کا جائیزہ لیکر معا وضہ دیا جائے ۔ادھرموصولہ اطلاعات کے مطابق ٹنگمرگ کے کئی دیہات جن میں ریشی پورہ، کھئی پورہ ، ککوتھل اور مضافاتی دیہات شامل ہیں منگلوار بعد دوپہر سخت ژالہ باری کی زد میں آئے۔ مقامی نوجوان عبدالحمید نے بتایا کہ پنیری اور میوہ باغات کو نقصان پہنچا۔مقامی لوگوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ متاثرہ دیہات کا سروے کرکے نقصان کا تخمینہ لگاکر متاثرین کے حق میں معاوضے کا انتظام کریں۔
 
 
 

ہندوارہ میں گھریلو تشدد کا واقعہ | خاتون جھلس گئی ،اسپتال داخل،شوہر گرفتار

سرینگر //پولیس نے ہندوارہ میں خاتون پر گھریلو تشدد کے ایک واقعے میں کاروائی کرتے ہوئے متاثرہ خاتون کے شوہر کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہے ۔تفصیلات کے مطابق پولیس کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ ایک خاتون جو کہ جھلس گئی تھی کو زخمی حالت میں ہندواڑہ اسپتال پہنچایا گیا ۔ چنانچہ اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم ہندواڑہ اسپتال پہنچی جہاں اُنہیں معلوم ہوا کہ مذکورہ خاتون کو مبینہ طورپراپنے ہی شوہر نے آگ لگائی ۔ پولیس نے ملزم کی گرفتاری عمل میں لا کر اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر 99/2019کے تحت ہندواڑہ پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی اور اس سلسلے میں فارینسک اور فوٹو ریکارڈنگ ٹیموں کو ثبوت و شواہد اکھٹا کرنے کیلئے جائے وقوع کی اور روانہ کیا گیاہے ۔
 
 
 

بادل پھٹنے سے ہلاک ہونے والے 2بھائیوں کے لواحقین کیلئے سرکاری امداد منظور

اننت ناگ//ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ نے پورو کوکر ناگ کے اُن دو سگے بھائیوں سمیر احمدلون اور عارف احمد لون ولد محمدابراہیم لون جو کہ سوموار کو بادل پھٹنے کے واقعہ میں جاں بحق ہوئے تھے کے لواحقین کے حق میں 4لاکھ روپے فی کس کی امداد کی منظوری دی ہے۔یہ رقم انہیں سٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فنڈس ے فراہم کی جائے گی۔جب کہ ڈسٹرک ریڈکراس نے نظام الدین بملا ولد جُما بملا کے حق میں بھی 10ہزار روپے نقد کی منظوری دی جوکہ اس واقعہ میں معمولی طور زخمی ہوا تھا۔
 
 
 

 لیبر کمشنر کی  پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن سے میٹنگ | پراویڈنٹ فنڈ ایکٹ پر عمل آوری کو یقینی بنایا جائے 

سرینگر//لیبر اینڈ پرویڈنٹ فنڈ کمشنر بشیر احمد خان نے یہاں پرئیویٹ سکولز ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں کے ساتھ ایک میٹنگ کی۔میٹنگ میں ایڈیشنل پرویڈنٹ فنڈ کمشنر، ڈپٹی پرویڈنٹ فنڈ کمشنر اور کشمیر صوبے کے تمام اسسٹنٹ پرویڈنٹ فنڈ کمشنروں نے شرکت کی۔جی این وار کی قیادت میں پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے افسروں کے ساتھ لیبر قوانین بشمول پرویڈنٹ فنڈ ایکٹ، شاپس اینڈ اسٹیبلشمنٹ ایکٹ، میٹرنٹی ایکٹ اور گریجوٹی ایکٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔تبادلہ خیال کے دوران ایسوسی ایشن کے صدر نے پرائیویٹ سکولوں کی جانب سے مطالبات کی ایک فہرست پرویڈنٹ فنڈ کمشنر کو پیش کی۔ایسوسی ایشن نے شاپس اینڈ اسٹیبلشمنٹ ایکٹ کے تحت سکولوں کی یک وقتی رجسٹریشن کی تجویز اُن کے سامنے رکھی۔اس کے علاوہ ایسوسی ایشن نے ای ڈی ایل آئی کے تحت فوائد کو وسعت دینے کی بھی تجویز دی۔کمشنر نے ایسوسی ایشن کے صدر کو یقین دلایا کہ اُن کی تجاویز پر مناسب غور کیا جائے گا۔ انہوں نے ایسوسی ایشن کے ممبران پر زو ردیا کہ وہ پرائیویٹ سکولوں کی کارکردگی کو مزید متحرک اور پرویڈنٹ فنڈ ایکٹ پر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔تا ہم انہوں نے کہا کہ پرویڈنٹ فنڈ ایکٹ پر عمل آوری نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔
 
 
 
 
 
 
 
 

پاکستانی زیر انتظام کشمیر| میں داخلوں کی ممانعت AICTEکا حکم تاناشاہی، قابل مذمت:سکول ایسوسی ایشن

سرینگر// کی طرف سے جموںوکشمیر کے طلباء کو پاکستانی زیرانتظام کشمیر کے تعلیمی اداروں میں داخلہ نہ لینے کی ہدایات جاری کرنے پرپرائیویٹ سکولز ایسو سی ایشن آف جموں اینڈ کشمیر نے مذمت کی ہے۔ ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ اس طرح کی ہدایات سارک تعاون کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے ۔ ایسوسی ایشن کے چیرمین جی این وار نے کہا کہ وہ آج پاکستانی زیرانتظام کشمیر کے تعلیمی اداروں پر روک لگارہے ہیں ، کل دوسرے ممالک کے تعلیمی اداروں پر بھی روک لگا سکتے ہیں جس سے سینکڑوں طلباء کی تعلیم پر اثر پڑ سکتا ہے۔  ایسوسی ایشن نے حکومت سے تعلیم کو سیاست سے الگ رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تعلم ایک کو غیر جانبدارانہ رکھا جانا چاہئے اور اس پر کسی بھی قسم کی سیاست نہیں کرنی چاہئے۔
 
 
 
 
 

دویدی نے محکمہ اطلاعات کی کارکردگی کا جائیزہ لیا 

 سرینگر//کمشنر سیکرٹری جنگلات و ماحولیات اور اطلاعات ایم کے دویدی نے آج یہاں افسروں کی میٹنگ کے دوران محکمہ اطلاعات کی کارکردگی کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے دویدی نے محکمے کی سرگرمیوں میں بہتری لانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ محکمہ حکومت اور میڈیا کے درمیان ایک پُل کی حثیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے بہتر نتایج حاصل کرنے کیلئے فیلڈ سرگرمیوں اور پالیسی تشکیل دینے میں آپسی تال میل قایم رکھنے پر زور دیا ۔ کمشنر سیکرٹری نے قومی سطح اور دیگر ریاستوں میں جاری رہنما خطوط اور کا مطالع کرنے پر زور دیا تا کہ سوشل میڈیا سے پیدا شدہ معاملات سے نمٹا جا سکے ۔ انہوں نے التوا میں پڑے معاملات کو حل کرنے کیلئے مختلف محکموں کی کمیٹیوں کی میٹنگیں منعقد کرنے پر بھی زور دیا ۔ دویدی نے محکمے میں تمام خالی پڑی آسامیوں کو پُر کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے پر زور دیا ۔ اس سلسلے میں انہوں نے ڈیپارٹمنٹل پرموشن کمیٹی منعقد کرنے کی بھی ہدایت دی تا کہ محکمہ کے ملازمین کی بہبودی کے اقدامات اٹھائے جا سکیں ۔ کمشنر سیکرٹری نے اس موقعہ پر ریڈیو اور کیبل چینلوں کی ایم پینل منٹ کے عمل کا بھی جائیزہ لیا ۔ انہوں نے میڈیا مراکز کے بنیادی ڈھانچے و دیگر معاملات  کا بھی جائیزہ لیا ۔ اس سے قبل ناظمِ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ گلزار احمد نے محکمے کی سرگرمیوں کا ایک تفصیلی خلاصہ پیش کیا ۔ ایڈیشنل سیکرٹری رام سیوک ، جوائینٹ ڈائریکٹر انفارمیشن جموں نریش کمار ، جوائینٹ ڈائریکٹر انفارمیشن کشمیر عابد احمد ، فائنانشل ایڈوائیزر عارف علی ، ڈپٹی ڈائریکٹر پروین کمار اور راکیش کمار دوبے کے علاوہ دیگر افسران نے میٹنگ میں شرکت کی ۔ 
 
 
 

او پی ڈی نامکمل عمارت میں منتقل 

کپوارہ میں سول سو سائٹی کا احتجاج 

اشرف چراغ 

کپوارہ//سول سو سائٹی کپوارہ نے سب ضلع اسپتال میں او پی ڈی کی منتقلی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔سو ل سوسائٹی کپوارہ نے منگل کو احتجاج کیا کہ ابھی سب ضلع اسپتال کی نئی عمارت نامکمل ہے اور انتظامیہ نے سب ضلع اسپتال کی پرانی عمارت میں قائم او پی ڈی کو منتقل کیا ۔سول سوسائٹی نے خدشہ ظاہر کیا کہ عمارت نامکمل ہونے کی صورت میں اس میں ادھورے کام کو بعد میں مکمل نہیں کیا جائے گا جبکہ ابھی تک نئی عمارت کو محکمہ تعمیرات عامہ نے محکمہ صحت کے حوالے بھی نہیں کیا ہے اور ایسے میں او پی ڈی کو منتقل کرنے کا کیا جواز ہے ۔اس حوالہ سے بلاک میڈیکل آ فیسر کپوارہ ڈاکٹر ظفر نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر نے اسپتال میں او پی ڈی کے باہر مریضوں کا بھاری رش دیکھ کر او پی ڈی نئی عمارت میں منتقل کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ مریضوں کا رش کم ہو جائے ۔
 
 
 
 

سیکرٹری سیاحت نے  پی ایم ڈی پی پروجیکٹوں کا جائیزہ لیا

سرینگر//کمشنر سیکریٹری سیاحت ریگزن سیمفل نے ایک میٹنگ طلب کرکے وزیر اعظم ترقیاتی پیکج( پی ایم ڈی پی) کے تحت جاری پروجیکٹوں اور کیپکس بجٹ2019-20 کا جائیزہ لیا۔میٹنگ میں ناظم سیاحت کشمیر نثار احمد وانی، ناظم سیاحت جموں اوم پرکاش بھگت، ڈائریکٹر پلاننگ ٹورازم پرویز احمد ککرو، منیجنگ ڈائریکٹر جے اینڈ کے کیبل کار کارپوریشن شمیم احمد وانی، ڈائریکٹر ایس کے آئی سی بخشی جاوید ہمایوں اور دیگر کئی افسران موجود تھے۔میٹنگ کے دوران ریگزن سیمفل نے پروجیکٹوں کی طبعی اور مالی حصولیابیوں کے بارے میں تفصیلات طلب کیں۔ انہوں نے پی ایم ڈی پی کے تحت جاری پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کے لئے اُٹھائے جارہے اقدامات کے بارے میں بھی جانکاری طلب کی۔معیاد بند مدت کے اندر ماحول دوست ڈھانچہ قائم کرنے پر زور دیتے ہوئے کمشنر سیکرٹری نے افسروں کو کیپکس بجٹ2019-20 کے تحت مجوزہ یا منظور شدہ  پروجیکٹوں کاٹینڈرنگ کا عمل شروع کرنے کی ہدایت دی۔
 
 
 

سوپور پولیس کی روہامہ رفیع آباد میں مارکیٹ چیکنگ 

سرینگر//سوپور پولیس نے ایگزیکٹیو مجسٹریٹ اور دیگر محکموں سے وابستہ ملازمین کے ہمراہ روہامہ رفیع آباد میں بازار وں کا معائنہ کیا ۔ چیکنگ کرنے کا مدعا و مقصد یہ تھا کہ اشیائے خوردنی کی قیمتوں کو اعتدال پر رکھا جاسکے۔ پولیس نے دکانداروں سے تلقین کی ہے کہ وہ نرخ نامے اپنی دکانوں پر آویزاں رکھیں ، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عوامی حلقوں نے پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے عمل میں لائی گئی اس کارروائی کو خوب سراہا۔
 
 
 

اونتی پورہ میں ناجائز منافع خوری کیخلاف کارروائی

قصورواردکانداروں سے جرمانہ وصول

اننت ناگ//اونتی پورہ میں اے ڈی سی کی قیادت میں مارکیٹ چیکنگ ٹیم نے مختلف بازاروں کا معائنہ کیا جس دوران کئی دکانداروں اورتاجروں کو ناجائز منافع خوری اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت میں ملوث پایا گیا ۔چنانچہ قصورواروں پر موقعہ پر ہی 8ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔اس دوران 2کوئنٹل گلی سڑی سبزیاں بھی ضائع کی گئیں۔اس کے علاوہ کئی دکانداروں کا چالان بھی کیا گیا۔
 
 
 

بڈگام میںریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی و ڈسٹرکٹ روڈ سیفٹی کمیٹی کی میٹنگ

بڈگام//ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ڈاکٹر سید سحرش اصغر کی صدارت میں ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی و ڈسٹرک روڈ سیفٹی کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی۔اس موقعہ پر اے آر ٹی او ممبر سیکریٹری کمیٹی نے محکمہ کی حصولیابیوں اورپہلے ہی طے کئے گئے فیصلوں کی مناسبت سے ایکشن ٹیکن رپورٹ کے بارے میں جانکاری دی۔میٹنگ کے دوران ڈسٹرکٹ روڈ سفیٹی کے بارے میں وسیع جانکاری دینے،محفوظ سڑکوں اور سفر، محفوظ ٹرانسپورٹ ڈھانچے کے قیام اوربہتر روڈ منیجمنٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترقیاتی کمشنر نے سیکٹر سطح پر محکموں کی سرگرمیوں کاجائزہ لیا ۔انہوںنے ڈرائیوروں کے لئے لازمی جانکاری ،ٹرانسپورٹروں اورسکولی بچوں کو جانکاری فراہم کرنے،ٹریننگ اینڈ میڈیکل کیمپ اور روڈ سگنلز کو نصب کرنے کے معاملات پر بھی آفیسران کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔انہوںنے بہتر ٹرانسپورٹ نظام کے لئے متعلقہ محکموں ،این جی اووز،اورٹرانسپورٹروں کے درمیان قریبی تال میل پر بھی زوردیا۔
 
 
 

پانی کے ضیاع کو روکنے کے اقدامات

پرمود جین کاگورنر کے مشیر سے تبادلہ خیال 

سرینگر//چیئرپرسن جے اینڈ کے سٹیٹ واٹر ریسورسز ریگولیٹری اتھارٹی ( جے کے ایس ڈبلیو آر آر اے ) پرمود جین نے یہاں گورنر کے مشیر کے کے شر ما سے ملاقات کی اور اتھارٹی کی کارکردگی اور پانی سے متعلق مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ چیئر پرسن نے مشیر کے ساتھ پینے کے پانی کے استعمال سے متعلق مختلف معاملات کے علاوہ آبپاشی مقاصد کے لئے پانی کے استعمال کے بارے میں بھی غور و خوض کیا۔اُنہوں نے رین واٹر ہاروسٹنگ کے معاملے پر بھی کے کے شرما کے ساتھ بات چیت کی تاکہ کنڈی علاقوں  میں زیادہ سے پانی دستیاب رکھا جاسکے۔مشیر نے چیئرپرسن کے ساتھ مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پانی کے ضائع ہونے کے عمل کو روکنے کے لئے کئی اہم اقدامات پہلے ہی اٹھائے ہیں تاکہ یہ پانی ضرورت مند لوگوں کو فراہم کیا جاسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں کئی اور اقدامات زیر عمل ہے تاکہ رین واٹر ہاروسٹنگ یقینی بنائی جاسکے ۔بعد میں سابق رکن اسمبلی شیخ اشفاق جبار بھی مشیر موصوف سے ملاقی ہوئے اور گاندربل حلقہ انتخاب سے متعلق کئی معاملات اُن کی نوٹس میں لائے۔ان معاملات میں سڑکوں کی بدحالی جنہیں حال میں میکڈم بچھایا گیا تھا کے علاوہ علاقے میں زیر تعمیر پل کی موجودہ صورت حال شامل ہیں۔مشیر موصوف نے سابق رکن اسمبلی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقین کو پہلے ہی ہدایات جاری کئے گئے ہیں تاکہ علاقے کے لوگوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس کے علاوہ وادی کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے کئی وفود بھی مشیر موصوف سے ملاقی ہوئے اور انہیں اپنے اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ مشیر موصوف نے تمام وفود کے مشکلات و مطالبات بغور سنے اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت ان کے جائز مطالبات پر جلد غور کرے گی۔
 
 
 

اوڑی میں خاتون کی عدم شناخت لاش برآمد 

ظفراقبال

اوڑی//اوڑی میں این ایچ پی سی ڈیم سے ایک خاتون کی عدم شناخت لاش برآمد ہوئی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ منگل کو این ایچ پی سی عملے نے ڈیم میں لاش دیکھ کر اوڑی پولیس کو مطلع کیا۔پولیس نے فوری طور پر لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
 
 
 

ولگام ہندوارہ میں پولیس پبلک میٹنگ

سرینگر//ولگام ہندواڑہ میں پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ ایس ڈی پی او ہندواڑہ طاریق محمود کی سربراہی میں منعقدہ اس میٹنگ کے دوران ذی عزت شہریوں ، ٹریڈریس فیڈریشن ولگام، سومو اسٹینڈ ولگام ؍تہارت پورہ سے وابستہ صدوران نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران شرکاء نے عوامی اہمیت کے مسائل پر روشنی ڈالی ۔ پولیس افسران نے میٹنگ میں موجود لوگوں کو یقین دلایا کہ اُن کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی سعی کی جائے گی تاکہ اُنہیں درپیش مسائل کا سامنا کرنے پر مجبور نہ ہوناپڑے۔
 
 
 

تلہ کھن اور بجبہاڑہ میں پولیس کی کاروائی 

۔10کنال اراضی پر خشخاش کی فصل تباہ

سرینگر//اننت ناگ پولیس نے ایکسائز اور محکمہ مال سے وابستہ افسران کے ہمراہ ضلع اننت ناگ کے تل کھن اور بجبہاڑہ علاقوں میں دس کنال اراضی پر اُگائی گئی خشخاش کی فصل کو ضائع کیا۔عوامی حلقوں نے پولیس کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے ضلع کے دوسرے علاقوں میں بھی خشخاش اور بھنگ کی فصل کو ضائع کرنے پر زور دیا ہے۔ پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کا قلع قمع کرنے کی خاطر مقامی پولیس کو اپنا دستِ تعاون بہم رکھیں اور جو کوئی بھی ممنوعہ فصل کو کاشت کرنے کامرتکب قرار پائے گا اُس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
 
 
 

صحافت میں خواتین کو درپیش رکاوٹیں

 راسیہ نعیم ہاشمی کو پی ایچ ڈی عطا

حیدرآباد// مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے شعبۂ مطالعاتِ نسواں کی اسکالر راسیہ نعیم ہاشمی بنت سید وحیدالحسن ہاشمی کو ان کے مقالہ بعنوان ’’صحافت میں خواتین اور گلاس سیلنگ (اندیکھی رکاوٹ) ۔ پبلک ریلیشنز آفیسر عابد عبدالواسع کے ایک بیان کے مطابق انگریزی، تلگو اور اردو صحافت کا تقابلی مطالعہ‘‘ کی بنیاد پر پی ایچ ڈی کی ڈگری کا اہل قرار دیا گیا۔ انہوں نے اپنا مقالہ پروفیسر شاہدہ، صدر شعبہ کی نگرانی میں تحریر کیا ۔ راسیہ نعیم ہاشمی، سینئر صحافی ہیں۔ وہ حیدرآباد کے موقر اردو روزناموں سے وابستہ رہی ہیں اور فی الحال ایک انگریزی پورٹل کے لیے خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ان کا وائیوا  15 ؍اپریل 2019 کو منعقد ہوا تھا۔ 
 
 
 

نیشنل کانفرنس نے پارٹی کارکن پر حملے کی مذمت کی

سرینگر//نیشنل کانفرنس نے پارٹی کے رکن سجاد احمد گنائی ساکن چترا گام شوپیان پر جان لیوا حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ پارٹی کے ترجمان عمران نبی ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس قسم کے واقعات کی ایک مہذب سماج میں کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی نظریات کی بنیاد پر کسی پر جان لیوا حملہ کرنا انسانی اور جمہوری اصولوں کیخلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس سیاسی کارکنوں پر کسی بھی قسم کے حملوں کی مذمت کرتی آئی ہے اور کرتی رہے گی۔ ترجمان نے سجاد احمد گنائی کی فوری صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔ پارٹی کے لیڈران شیخ محمد رفیع اور شوکت حسین گنائی نے بھی اس واقعہ کی مذمت کی ہے۔ 
 
 
 
 
 
 

جموں و کشمیر یتیم ٹرسٹ کی تقریب

گوپالپورہ میں 280غذائی کٹ بیواؤں میں تقسیم 

سرینگر//جموں و کشمیر یتیم ٹرسٹ نے سب آفس گوپالپورہ چاڈورہ بڈگام میںمنگلوار کوایک تقریب پر بے آسرا بیواؤں میں1500/= روپے فی کس مالیت کے280 کٹ تقسیم کئے۔ چار لاکھ بیس ہزار روپے مالیت کے یہ کٹ ٹرسٹ کے سربراہ ظہور احمد ٹاک کے ہاتھوں تقسیم ہوئے۔ غذائی اجناس کے یہ کٹ تقسیم کرنے کا واحد مقصد یہ تھا کہ یہ بیوائیں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں تنگدستی کا شکار نہ ہونے پائیں۔ اس موقعہ پر ٹاک نے بیواؤں سے مخاطب ہو کر انہیں تاکید کی کہ وہ اپنی تمام تر توجہ اپنے بچوں کو تعلیم کے نور سے آراستہ کرنے کی طرف مرکوز رکھیں۔ انہوں نے ان کنبہ جات کو تلقین کی کہ وہ اپنے آپ اور اپنے بچوں میں خودداری ، خدا ترسی اور بہترین اخلاق وکردار پیدا کرنے میں کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہ کریں۔
 
 
 

سکینہ ایتو کا ژالہ باری متاثرین سے اظہار ہمدردی

سرینگر //نیشنل کانفرنس نے نور آبادکولگام کے سی آر پورہ، یاری کھاہ، پاٹنگ، نندی مرگ، ڈبہ دھن، لنہ کھل سمیت کئی علاقوں میں حالیہ ژالہ باری سے ہوئے نقصان پر تشویش کا اظہارکیا ہے۔ پارٹی لیڈرسکینہ ایتو نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرین کے ساتھ انصاف کیا جائے۔
 
 

بشیر ناز کے انتقال پر تعزیت

سرینگر//سابق ممبر اسمبلی اورسٹیٹ گوجر بکروال ایڈوائزی بورڑ کے وائس چیئر مین چودھری بشیر احمد ناز کی وفات پر گوجر بکروال کانفرنس نے تعزیت کا اظہار کیاہے ۔