تازہ ترین

امرناتھ یاترا 2019 | صوبائی کمشنر نے انتظامات کاجائزہ لیا

15 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر//یکم جولائی سے شروع ہونے والی امرناتھ یاترا کے احسن انعقاد کے لئے صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں انتظامات کاجائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران یاترا سے جڑے مختلف پہلوئوں بشمول یاترا روٹ پر برف ہٹانے،یاتریوں کی رجسٹریشن ،اقامتی وطبی سہولیات،راشن،ٹرانسپورٹ،پینے کے پانی،صفائی ستھرائی اور کنٹرول رومز کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔جبکہ اے ٹی ایم سہولیات ،بائیو ٹائیلٹس ،ملازمین کی تعیناتی اوراجازت نامے اجرأ کرنے کے معاملات کو بھی زیربحث لایا گیا ۔صوبائی کمشنر نے یاترا اسٹیشنوں پر لازمی اشیائٔ کی دستیابی اورصفائی ستھرائی کی بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔جبکہ محکمہ اینمل ہسبنڈری کو تمام ٹٹوئوں کی تندرسی کا آڈٹ کرنے پر بھی زوردیا گیا۔بصیر احمد خان نے پہلگام اور بال تل کے راستوں سے یاترا شروع ہونے سے پہلے ہی روٹ کو قابلِ آمدورفت یقینی بنانے کی ہدایت دی۔انہوںنے مرکبانوں اورمزدوروں کی رجسٹریشن کے لئے بھی احکامات صادر کئے۔میٹنگ میں ایڈیشنل چیف ایگزیکٹیو آفیسر شرائین بورڈ ،ترقیاتی کمشنر سرینگر،مختلف محکموں کے چیف انجینئران ،ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز،اینمل ہسبنڈری اینڈ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اورجوائنٹ ڈائریکٹر ٹورازم کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔جب کہ اننت ناگ اورگاندربل کے ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔
 
 
 

بنیادی سہولیات کو یقینی بنایا جارہا ہے :ڈی سی اننت ناگ

اننت ناگ//ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ خالد جہانگیر نے افسران کی ایک میٹنگ میں امرناتھ یاترا 2019کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کاجائزہ لیا۔ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ یاترا روٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ اس ٹریک کو آمدورفت کے قابل بنانے کے لئے ٹھوس توجہ مبذول کی جاسکے۔انہوںنے اس روٹ پر لازمی تجدیدی کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت دی۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر کو بتایا گیا کہ یاترا روٹ پر پوتر گھپا تک برف ہٹانے کا کام 25مئی تک مکمل کیا جائے گا۔میٹنگ میں یہ جانکاری بھی دی گی کہ روٹ پر بنیادی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنایا جارہا ہے اوریاتریوں کے لئے 43ڈھانچے اچھی حالت میں ہیں البتہ5ڈھانچوں کی معمولی مرمت کی ضرورت ہے جس کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں میٹنگ کے دوران یاترا کے سلسلے میں بیس کیمپوں پر بجلی اورپانی کی سپلائی کے علاوہ طبی سہولیات اور لازمی اشیأ کی فراہمی کو سپلائی بنانے کے لئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترقیاتی کمشنر نے یاترا کے احسن اور خوش اسلوبی سے انعقاد کے لئے افسران کو فرض شناسی ،لگن اور تندہی سے کام کرنے کی تلقین کی۔میٹنگ میں ایس پی ہیڈ کواٹرس ،اے ڈی سی اننت ناگ،ایس ڈی ایم پہلگام اور سی ایم او اننت ناگ کے علاوہ مختلف متعلقہ محکموں کے ایگزیکٹیو انجینئر اورآفیسران بھی موجود تھے۔