تازہ ترین

تحصیل بھلوال کی پنچایت حلقہ گورڈہ میں عوامی دربار کا انعقاد

ایس ڈی ایم جموں نارتھ اور تحصیلدار بھلوال نے عوام کو درپیش مسائل کا موقعہ پر ہی ازالہ کیا

15 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

بھلوال جموں//سب ڈویژنل مجسٹریٹ جموں نارتھ ستیش کمار شرما نے تحصیل بھلوال کی پنچایت حلقہ گورڈہ میں متعلقہ تحصیلدار بھلوال رفیق احمد جرال کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمیشنر جموں رمیش کمار کے حکم کی پیروی کرتے ہوئے گزشتہ روز پیر کو ایک عوامی دربار منعقد کر کے عوام کے درپیش مسائل کا موقع پر ہی ازالہ کیا ہے۔ عوامی دربار میں ایس ڈی ایم جموں نارتھ کے ہمراہ تمام تر سب ڈویژن جموں نارتھ کے منسلک  محکمہ اور متعلقہ محکمہ جات کے اعلی آفیسر ان بھی موجود تھے۔ لوگوں کے مسائل اور مشکلات کو موصوف تحصیلدار بھلوال اور ایس ڈی ایم جموں نارتھ نے بڑے ہی غور سے سماعت فرمایا اور موقع پر ہی متعلقہ محکمہ جات کے آفیسران نے حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔ عوام نے دربار میں موصوف کو علاقہ میں درپیش مسائل سے آگاہ کرایا جن میں خاص طور پر سڑک رابطہ، بجلی، پینے کا پانی، گورنمنٹ ہائی اسکول گورڈہ میں اساتذہ کی خالی اسامیاں، ایم جی نریگا کی بقایاجات اجرتیں، نائب تحصیلدار متھوار کی دفتر میں غیر حاضری، ادھار کارڈ، راشن کارڈ اور آنگن واڑی سینٹرز کی دھاندلی کے بارے میں مختلف علاقوں اور پنچایتوں سے جیسے لاسو، چکھڑ، دھونگ،دھنوں،رابطہ اور بگانی سے آئے ہوئے لوگوں نے روشناس کرایا۔ ایس ڈی ایم جموں نارتھ اور تحصیلدار بھلوال نے بتایا کہ عوامی دربار میں علاقہ کے لوگوں کو ہر چیز بروقت اور بہم پہنچانے کے خاطر خواہ انتظام کئے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ عوامی دربار میں آج مستحق لوگوں کو مستقل ریاست باشندہ سرٹیفکیٹ، آمدنی سرٹیفکیٹ، بیکورڈ سرٹیفکیٹ اور دوسرے کیٹیگوری سرٹیفکیٹ موقع پر بغیر کسی عزر کے لوگوں کو تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر دوسرے مختلف محکمہ جات کے آفیسران موجود تھیجن میں بلاک ڈویلپمنٹ آفیسر متھوار شالینی رینہ، محکمہ صحت کے بلاک میڈیکل آفیسر چوہدری ڈاکٹر منظور حسین محکمہ مال کے گرداور جگدیش راج ورما کے علاوہ محکمہ تعمیرات عامہ، پبلک ہیلتھ انجینرنگ ڈیپارٹمنٹ، ایگریکلچراور ہارٹی کلچر محکمہ جات کے افسران بھی موجود تھے۔ موصوف آفیسران ایس ڈی ایم جموں نارتھ اور تحصیلدار بھلوال نے ضلع ترقیاتی کمیشنر جموں آئی اے ایس رمیش کمار کی ہدایات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے تمام محکمہ جات کے افسران اور ملازمین کو ہدایت جاری کی ہیں کہ لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں کوئی لیت و لعل سے کام نہ لیں۔ ایس ڈی ایم نے کہا ہے کہ تحصیل بھلوال کے دوسرے مختلف علاقوں اور پنچائتوں میں بھی اس طرزِ کے عوامی دربار منعقد کئے جائیں گے تاکہ لوگوں کو متذکرہ بالا شکایات سے دوچار نہ ہونا پڑے۔ وہیں تحصیلدار بھلوال نے متعلقہ حکام کو احکامات صادر کیے ہیں کہ رمضان المبارک میں علاقہ کے لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔