تازہ ترین

گول میں 2مشتبہ جنگجوئوں کی گرفتار

اے کے 47رائفل اور اسلحہ و نقدی رقم برآمد

14 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

زاہد بشیر
گول //پولیس اور فوج کی طرف سے ایک مشترکہ کارروائی کے دوران گول ہارا رام بن سے دو مشتبہ جنگجوئوں کی گرفتاری کا دعویٰ کیا جن کا تعلق جنوبی کشمیر سے ہے ۔ان کی تحویل سے اسلحہ و نقدی رقم بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیاگیاہے ۔پیر کی علی الصبح ساڑھے تین بجے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کی گئی جس دوران دو مشتبہ افراد کی گرفتار ی عمل میں لائی گئی ۔گول میں سات سال کے بعد ایسا واقعہ رونماہواہے ۔58آر آر کے ہیڈ کوارٹر گول میں ایک پریس کانفرنس کے دوران آرمی برگیڈیئر نودیپ دیا نے اسے فوج اور پولیس کی ایک بہت بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہاکہ مصدقہ اطلاع کے بعد علاقے کوگھیرے میں لیکرصبح3:30بجے تلاشی شروع کی گئی جس دوران دو جنگجوگرفتار ہوئے جن کی شناخت شوکت احمد شیخ ولد غلام نبی شیخ ساکنہ چرسو پلوامہ اونتی پورہ اور تاویل محی الدین ڈار ولد غلام محی الدین ڈار ساکنہ مالی پورا کولگام کے طور پر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگجوئوں کے قبضہ سے ایکAK۔47رائفل، 30روند، ایک میگزین اور 8771نقد ی رقم برآمد ہوئی ہے ۔اس کے علاوہ ان کی تحویل سے ایک ریل ٹکٹ ،دو موبائل فون ، ایک سم ، اے ٹی ایم کارڈ او ر ایک الیکشن کارڈ و آدھارکارڈ بھی ملاہے ۔برگیڈیئر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ ابھی یہ نہیں بتا سکتے کہ یہ جنگجو کس تنظیم سے وابستہ ہیں تاہم تحقیقات جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ لو گ امن و امان کو بگاڑنے کی تاک میں تھے جن کا مقصد پولیس اور آرمی نے پہلے ہی ناکام بنا دیا۔ اس موقعہ پر ایس ایس پی رام بن انیتاشرما، سی او  پرشانت مشرا،ایڈیشنل ایس پی سنجے پریہار ، ایس ڈی پی او گول محمد رفیع گیری اور دیگر افسران بھی موجودتھے۔دریں اثناء فوج کی طرف سے جاری بیان میں بتایاگیاہے کہ فوج اور پولیس کی مشترکہ کوششوں سے جنگجوئوں کی پیر پنچال کے شمال میں ملی ٹینسی کو دوبارہ زندہ کرنے کی کوشش کو ناکام بنادیاگیا۔بیان کے مطابق مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بناپر فورسز نے گول تحصیل کے گائوں ہرا میں آپریشن کیا اور صبح کے اوقات میں دو مشتبہ جنگجوئوں کو گرفتار کرتے ہوئے ان کی تحویل سے اسلحہ و بارود برآمد کیاگیا۔بیان میں بتایاگیاہے کہ دونوں افراد کا تعلق جنوبی کشمیر سے ہے ۔