تازہ ترین

ملنگا کو آخری اوور دینے کا فیصلہ درست رہا:روہت

14 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
حیدرآباد/انڈین پریمیئر لیگ -12 کے ہائی وولٹیج فائنل مقابلے کو آخری گیند پر صرف ایک رن سے جیتنے کے بعد ممبئی انڈینس کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ فیصلہ کن آخری اوور لست ملنگا جیسے تجربہ کار بولر کو دینے کا فیصلہ درست رہا۔ہٹ مین نام سے مشہور روہت نے میچ کے بعد آخری اوور کی حکمت عملی پر کہاکہ میں آخری اوور ہردک پانڈیا کو دینے پر غور کر رہا تھا لیکن میں ایسے بولر کو گیند سپرد کرنا چاہتا تھا جس نے پہلے بھی ٹیم کے لئے ایسی صورت میں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہو۔ لست ملنگا چمپئن ہے اور بہت تجربہ کار بھی ہیں۔ وہ ٹیم کے لئے بہت برسوں سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔چنئی کو جیتنے کے لئے آخری چھ گیندوں پر نو رن چاہئے تھے ۔ ملنگا کی پہلی گیند پر ایک رن گیا۔ دوسری گیند پر رویندر جڈیجہ نے سنگل چرا لیا۔ تیسری گیند پر شین واٹسن نے دو رن لئے لیکن چوتھی گیند پر واٹسن دوسرا رن لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہو گئے ۔ چنئی کو اب دو گیندوں پر چار رن چاہیئے تھے ۔ پانچویں گیند پر دو رنز سے اسکور 148 رن ہو گیا۔ اب ایک گیند اور چنئی کو چاہئے تھے دو رن۔ لیکن ملنگا نے شاردل ٹھاکر کو آخری گیند پر ایل بی ڈبلیو کر ممبئی کو جشن میں ڈبو دیا۔روہت نے دلچسپ مقابلے کو جیتنے کے بعد کہاکہ ہم نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے ہم پوائنٹس ٹیبل میں سب سے اوپر رہنے میں کامیاب ہوئے ۔ ہم نے ٹورنامنٹ کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ ہم نے جو بھی کیا وہ ایک ٹیم کے طور پر کیا اور اس کا ہمیں جیت کے طور پر نتیجہ ملا۔ٹیم کی کارکردگی پر کپتان نے کہاکہ ہماری ٹیم میں 25 کھلاڑی ہیں ۔ تمام کھلاڑیوں نے کسی نہ کسی موقع پر انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ اسپورٹ عملے نے بھی شاندار کام کیا۔ ہماری بولنگ خاص طور پر لاجواب رہی۔ گیند بازوں نے خوب محنت کی اور ہمیں ہر میچ میں واپسی کرنے کے لئے اہم کردار دیاسبھي گیند بازوں نے اپنی ذمہ داری سنبھالی جس کا ہمیں فائدہ ملا۔انہوں نے کہاکہ میں ہر میچ میں کچھ نہ کچھ سیکھ رہا ہوں۔ جیت کا کریڈٹ ٹیم کو بھی جاتا ہے کیونکہ ان کی کارکردگی کے بغیر کپتان بیکار ہے ۔یو این آئی ۔