تازہ ترین

ڈرنیج کی تعمیر کے دوران کھودی گئی سڑکوںپر کھڈے برقرار

شہر خاص کے اکثر علاقوں میں راہگیر پریشان، حکام پر غفلت کا الزام

13 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

سٹی رپورٹر
سرینگر // شہر خاص کے اکثر علاقوں میں امرت اسکیم کے تحت تعمیر ہونے والے ڈرنیج کیلئے کھودی گئی سڑک کی مرمت نہ ہونے کے خلاف مقامی آبادی سراپا احتجاج ہے اور مطالبہ کر رہی ہے کہ کھڈوں کی برائی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ معلوم رہے کہ ایک سال قبل شہر آفاق جھیل ڈل کے اردگرد رہنے والے لوگوں کے مکانوں سے نکلنے والے گندے پانی کی نکاسی کیلئے سعیدہ کدل، کاٹھی دروازہ، شاہ آباد اور دیگر کئی علاقوں میں ڈرنیج تعمیر کی گئیں مگر سڑک کی کھدائی سے پیدا ہونے والے کھڈوں کی برائی نہیں کی گئی ہے۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا کہ انہوں نے متعلقہ حکام کو کئی بار اس حوالے سے آگاہ کیالیکن اسکے باوجود بھی حکام نے نہ تو سڑکوں پر میگڈیم بچھایا اور نہ ہی کھڈوں کی برائی کی گئی۔ ہلال احمد نامی ایک شہری نے بتایا کہ ان کے محلہ میں جانے والی سڑک پر پچھلے سال ڈرنیج تعمیر کی گئی مگر اب بھی سڑک پر میگڈیم نہیں بچھایا گیا جسکی وجہ سے مقامی لوگوں کے عبور ومرور میں مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔ ہلال احمد نے بتایا کہ سڑک پر ڈرنیج کی تعمیر کے وقت اگر چہ محکمہ آر اینڈ بی نے لوگوں کو یقین دہانی کرائی تھی کہ امرت اسکیم کے تحت ڈرنیج تعمیر ہونے کے فوراً بعد سڑکوں کی میگڈائمزیشن کا کام ہاتھ میں لیا جائے گا مگر ایک سال گزر جانے کے باوجود بھی مذکورہ علاقوں میں سڑکوں پر میگڈیم نہیں بچھایا گیا جسکی وجہ سے نہ صرف مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ سکولی بچوں اور مختلف بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مقامی لوگوں نے محکمہ آر اینڈ بی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مذکورہ سڑک پر جلد میگڈائمزیشن کا کام شروع کرکے لوگوں کی مشکلات کا ازالہ کریں۔