تازہ ترین

چوتھی بار خطاب کے لئے چنئی اور ممبئی آمنے سامنے

12 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
حیدرآباد/ آئی پی ایل کی تاریخ کی دو سب سے زیادہ کامیاب ٹیمیں چنئی سپر کنگس اور ممبئی انڈینس اتوار کو ہونے والے ٹورنامنٹ کے 12 ویں ایڈیشن کے فائنل میں چوتھی بار خطاب کے لئے ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گے ۔چنئی اور ممبئی آئی پی ایل میں تین تین بار خطاب جیت چکی ہے اور دونوں ٹیمیں چوتھی بار خطاب اپنے نام کرنے کی ہرممکن کوشش کریں گی ۔ آئی پی ایل کی تاریخ کے دو سب سے زیادہ کامیاب کپتانوں چنئی کے مہندر سنگھ دھونی اور ممبئی کے روہت شرما ایک دوسرے کو چیلنج پیش کرنے کے لئے کمر کس چکے ہی۔. ٹورنامنٹ کے لیگ مرحلے میں ممبئی چوٹی اور چنئی دوسرے نمبر پر تھی۔دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے کوالیفائر میں مقابلہ ہوا تھا جس میں ممبئی نے کامیابی حاصل کی تھی۔ چنئی نے دوسرے کوالیفائر میں کل وشاکھاپٹنم میں دہلی کیپٹلس کو شکست دے کر آٹھویں بار فائنل میں جگہ بنائي تھی۔ چنئی نے اس سے پہلے 2008، 2010، 2011، 2012، 2013، 2015 اور 2018 کے فائنل میں جگہ بنائي تھی اور اس نے 2010، 2011 اور 2018 میں خطاب جیتا تھا۔دوسری طرف ممبئی کا یہ پانچواں فائنل ہے ۔ ممبئی نے اس سے پہلے 2010، 2013، 2015 اور 2017 کے فائنل میں جگہ بنائی تھی اور اس نے 2013، 2015 اور 2017 میں خطاب جیتا تھا۔چنئی اور ممبئی اس سے پہلے 2010، 2013 اور 2015 کے فائنل میں آمنے سامنے تھے جس میں چنئی نے 2010 میں اور ممبئی نے 2013 اور 2015 میں خطابی کامیابی حاصل کی تھی۔ ممبئی نے اپنا آخری خطاب 2017 میں پونے کو شکست دے کر جیتا تھا جبکہ چنئی نے 2018 میں حیدرآباد کو شکست دے کر خطاب اپنے نام کیا تھا۔ دونوں ٹیموں نے اس سیشن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ان کے مابین سخت مقابلے کی پوری امید ہے ۔دونوں کے درمیان پہلے کوالیفائر میں ممبئی نے یک طرفہ انداز میں کامیابی حاصل کی تھی۔ممبئی نے چنئی میں پہلے کوالیفائر میں چھ وکٹ سے شکست دی تھی۔ ممبئی کی چنئی پر یہ مسلسل پانچویں جیت تھی۔ لیگ میچوں میں ممبئی نے چنئی کو ممبئی میں 37 رنز سے اور پھر چنئی کو اسی کے میدان میں 46 رن سے شکست دی تھی۔پہلے کوالیفائر میں ممبئی نے اپنے اسپنروں کی شاندار گیندبازی اور سوریہ کمار یادو کی ناٹ آؤٹ 71 رن کی بہترین اننگز سے چنئی کو 6 وکٹ سے شکست دی تھی۔ممبئی نے چنئی کو چار وکٹ پر 131 رن کے معمولی اسکور پر روکنے کے بعد 18.3 اوور میں چار وکٹ پر 132 رن بنا کر جیت اپنے نام کی تھی۔دوسرے کوالیفائر میں چنئی نے اپنے گیند بازوں کی شاندار کارکردگی اور سلامی بلے باز فاف ڈو پلیسس (50) اور شین واٹسن (50) کی شاندار نصف سنچریوں سے دہلی کیپٹلس کو چھ وکٹ سے شکست دی تھی۔چنئی نے دیپک چاھر، ہربھجن سنگھ، رویندر جڈیجہ اور ڈیون براوو کے دو دو وکٹ کی بدولت دہلی کو نو وکٹ پر 147 کے اسکور پر روکنے کے بعد 19 اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنا کر مقابلہ جیت لیا تھا۔آئی پی ایل -12 کا فائنل دھونی اور روہت کی کپتانی کے ساتھ ساتھ دونوں ٹیموں کے اسپنروں کے درمیان بھی مقابلہ ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے فائنل میں پہنچنے میں ان اسپنروں کا اہم تعاون رہا ہے ۔ چنئی کے لیگ اسپنر عمران طاہر 24 وکٹ لے کر ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹ لینے میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ انہیں دہلی کیپٹلس کے کیگسو ربادا کے 25 وکٹ سے آگے نکلنے اور سب سے زیادہ وکٹ کے لئے پرپل کیپ اپنے نام کرنے کے لئے دو وکٹ کی ضرورت ہے ۔چنئی کے آف اسپنر ہربھجن سنگھ اپنی پرانی ٹیم ممبئی کو کرارا جواب دینے کے لئے تیار ہوں گے ۔ 11 سیزن تک ممبئی کی جانب سے کھیلنے والے ہربھجن کو ممبئی نے اس بار رٹین نہیں کیا اور نیلامی میں ہربھجن کو چنئی نے خریدا تھا۔ دھونی نے اس سیزن میں ہربھجن کو تریاق ہتھیار کے طور پر پیش کیا ہے جو 16 وکٹ لے چکے ہیں۔چنئی کے لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ نے 15 وکٹ حاصل کئے ہیں۔ تینوں اسپنر اب تک 55 وکٹ لے چکے ہیں۔ چنئی کے فاسٹ بولر دیپک چاھر نے 19 وکٹ حاصل کئے ہیں۔ چنئی کی چوتھی بار خطابی امید کا دار و مدار ان چاروں گیند بازوں پر رہے گا۔گزشتہ چمپئن چنئی کو بلے بازی میں سب سے تجربہ کار کھلاڑیوں فاف ڈو پلیسس، شین واٹسن، کپتان دھونی، سریش رینا اور امباٹي رائیڈو سے امیدیں رہیں گی کہ وہ اچھا ا سکور بنائیں یا پھر ہدف کا کامیاب تعاقب کریں۔