تازہ ترین

پریس کلب جموں نے فوٹو جرنلسٹ آنجہانی اشوک سوڈھی کو خراج عقیدت پیش کیا

12 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

جموں//جموں کی صحافی برادری نے ہفتہ کے روز فوٹو جرنلسٹ آنجہانی اشوک سودھی کو ان کی گیارہویں برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا۔بتادیں کہ شوک سودھی 11 مئی 2008 ءمیں ضلع سانبہ میں ایک تصادم آرائی کے دوران جان بحق ہوئے تھے۔پریس کلب جموں نے آنجہانی فوٹو جرنلسٹ کی یاد میں ایک تقریب کا اہتمام کیا تھا۔اس موقع پر الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا سے وابستہ صحافی جمع ہوئے اور انہوں نے موم بتیاں روشن کیں اور آنجہانی کے تئیں خراج عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔اس موقع پر پریس کلب جموں کے صدر اشونی کمار نے آنجہانی اشوک سودھی کے ساتھ گذارے دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ آنجہانی اشوک کمار ایک پیشہ ور صحافی تھے۔انہوں نے کہا کہ ہر سال آنجہانی فوٹو جرنلسٹ کی یاد میں 'اشوک سودھی میموریل فوٹوگرافی ایوارڈ' کے نام سے ایک فوٹو گرافی مقابلے کا انعقاد کیا جاتا ہے۔زی نیوز کے بیورو چیف راجیو کرنی نے اپنے تقریر میں کہا کہ سودھی نہ صرف ایک پیشہ ور صحافی تھے بلکہ وہ ہمیشہ سماجی سرگرمیوں میں بھی پیش پیش رہا کرتے تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پریس کلب جموں کے سیکریٹری جنرل زور آور سنگھ جموال نے صحافیوں سے اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران محتاط رہنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا 'نوجوان صحافیوں کو تصادم آرائیوں یا دوسرے امن وقانون کے واقعات کی عکس بندی یا قلم بندی کے دوران حد درجہ احتیاط برتنا چاہئے'۔صحافیوں نے آنجہانی سودھی کی یاد میں دو منٹوں کی خاموشی بھی اختیار کی۔