تازہ ترین

ڈپٹی کمشنر پونچھ کا سرحدی علاقے چھجلہ منکوٹ میں عوامی دربار

27 اپریل 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

جاوید اقبال
مینڈھر//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ راہل یادو نے جمعہ کے روز منکوٹ تحصیل کے چھجلہ علاقہ میں عوامی دربار منعقد کرکے لوگوں کے مسائل سنے ۔اس موقعہ پر مقامی معززین اور پنچایتی نمائندگان کے علاوہ ڈی آئی جی راجوری پونچھ اور ایس ایس پی پونچھ ، ایس ڈی ایم مینڈھر ،تحصیل منکوٹ،ایس ڈی پی او مینڈھر،ایس ایچ او مینڈھر کے علاوہ کئی آفیسران بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر علاقہ کے لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے مخاطب ہو کر کہا کہ علاقہ میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ بجلی ،پانی اور سڑکوں کی حالت نہایت ہی خستہ ہے جبکہ آر پارفائرنگ اور گولہ باری کی زد میں آنے والے علاقوں میں بنکروں کا کام سست رفتاری سے چل رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بنکروں کے کاموں میں تیزی لائی جائے تاکہ لوگ اپنی جان کی حفاظت کر سکیں۔اس دوران علاقہ کے لوگوں نے محکمہ بجلی کے ملازمین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سپلائی کاکوئی شیڈیول ہی نہیں ہے جس میں بہتری لائی جائے ۔انہوں نے سڑکوں کی خستہ حالت کیلئے بھی ڈی سی پونچھ سے بات کی۔ان کاکہنا تھا کہ پانی کا کوئی بندو بست نہیں اور متعلقہ محکمہ زمینی سطح پر بری طرح ناکام ثابت ہو رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پانی کے نظام کو بہتر بنایا جائے کیونکہ رمضان کا مہینہ شروع ہونے والا ہے۔مقامی لوگوں نے ایمبولینس خدمات کی فراہمی کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ایک گاڑی فوری طور پر دی جائے تاکہ زخمیوں کو فوری ہسپتال منتقل کیاجاسکے ۔انہوں نے کہاکہ تعلیمی نظام بھی خستہ حالی کاشکار ہے ۔انہوں نے کہا کہ سرحدی پٹی پر ایک سکول کو مڈل سکول بنایا گیا جبکہ اس میں صرف دو ہی ٹیچر تعینات ہیں ۔اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ وہ لوگوں کے جائز مطالبات کے فوری ازالے کی کوشش کریں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ بجلی اور پانی کو بہتر بنانے میں اہم رول اد اکیاجائے گاجبکہ تعلیم کے نظام کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایمبولنس کیلئے وہ اعلیٰ حکام سے بات کریں گے ۔موصوف نے ضلع آفیسران کو ہدایت دی کہ وہ بجلی و پانی کی سپلائی اور سڑک روابط کو بہتر بنانے کے اقدامات کریں اور لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔عوامی دربار میں امان اللہ چوہدری سرپنچ چھجلہ،چوہدری عمران ظفر،سائیں ابراہیم،سرپنچ اظہر نسیم،سرپنچ محمد شفیع،سرپنچ محمد اسمٰعیل وغیرہ بھی موجو دتھے۔
 

تازہ ترین