تازہ ترین

پی ڈی پی ریاست کی خصوصی پوزیشن کی حفاظت کیلئے پارلیمانی چنائو لڑ رہی ہے: محبوبہ

24 اپریل 2019 (37 : 02 PM)   
(      )

عظمیِ نیوز ڈیسک

سرینگر/سابق وزیر اعلیٰ اور پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے بدھ کو کہا کہ اُن کی پارٹی دفعہ35اے کی حفاظت کیلئے چناوی میدان میں ہے جس سے ریاستی عوام کو خصوصی آئینی پوزیشن حاصل ہے۔

سرکٹ ہائوس شوپیان میں پارٹی کارکنان کی ایک چناوی تقریب میں تقریر کرتے ہوئے محبوبہ نے کہا کہ وہ پارلیمانی انتخاب بجلی، پانی اور سڑک کیلئے نہیں بلکہ ریاست کی منفرد شناخت کے تحفظ کیلئے لڑ رہی ہے۔

کانگریس پر برستے ہوئے محبوبہ نے کہا کہ یہ وہی پارٹی ہے جس نے اپنے دور اقتدار میں امرناتھ شرائن بورڈ کو سینکڑوں کنال اراضی منتقل کی تھی۔

محبوبہ نے دعویٰ کیا کہ اُنہوں نے پہلے ہی اننت ناگ سیٹ کیلئے ہونے والی ووٹنگ کے دوران سبقت حاصل کر رکھی ہے۔

انہوں نے الزام عاید کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کوششیں کی جارہی ہیں تاکہ کم سے کم تعداد میں ووٹران اپنی رائے کا اظہار کریں۔

محبوبہ اننت ناگ نشست سے پی ڈی پی کیلئے سبھا چنائو لڑ رہی ہیں جس کا پہلا مرحلہ گذشتہ روز اختتام پذیر ہوا، اور جس میں محض13.61فیصد ووٹران نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔خود محبوبہ کے آبائی حلقہ بجبہارہ میں فقط دو فیصد ووٹران نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔