تازہ ترین

قوم اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوسکتی :گیلانی

نعیم گیلانی اور یاسین خان کیخلاف این آئی اے نوٹس بلا جواز

18 اپریل 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر// حریت(چیرمین) سید علی گیلانی نے تحقیقاتی ادارے این آئی ات کی طرف سے کشمیری عوام کے خلاف بالعموم اور حریت قائدین، ان کے اہل خانہ اور معروف تاجروں کے خلاف بالخصوص کاروائیاں جاری رکھنے کی شدید مخالفت کی۔ انہوں نے کہاکہ اپنے فرزند ڈاکٹر نعیم گیلانی کی دہلی طلبی، ٹریڈ رس فیڈریشن کے صدر محمد یٰسین خان کے نام سمن جاری کرنے اور معروف تاجر ظہور احمد وٹالی کی جائیداد کی ضبطی کے احکامات کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ہم بار بار کہہ چکے ہیں کہ یہ ایک عوامی تحریک ہے جو عوام کی مالی مدد اور تعاون سے پچھلے 71سال سے چل رہی ہے۔ اس تحریک میں یہاں کا ہر فرد کسی نہ کسی طرح شامل ہے۔ قدمے، درمے اور سخنے اپنی مقدور کے مطابق ہر ایک اس ملی تحریک کا ساتھ دینا اپنے لیے سعادت سمجھتا ہے۔ اس کو بدنام کرنے اور فنڈنگ کے نام پر ذی عزت شہریوں، صنعت کاروں اور حریت قائدین کے اہل خانہ کو ہراساں کرنے سے یہاں کے زمینی حقائق تبدیل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے حکمران طبقوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اقتدار میں رہنے کے لیے کشمیریوں کو تختہ مشق کیوں بنارہے ہیں؟ یہ قوم نہتی اور کمزور ہی سہی ، لیکن اپنے بنیادی حقوق کے لیے کوئی کمپرومائز کرنے کی حماقت نہیں کریں گے۔