تازہ ترین

پارلیمانی اِنتخابات ۔2019ء | گاندربل،ڈوڈہ اور کشتواڑ کے مختلف علاقوںکیلئے782 پولنگ پارٹیاںروانہ

18 اپریل 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
گاندربل ،ڈوڈہ//ڈوڈہ ،کشتواڑ اورگاندربل اضلاع کے مختلف علاقوں میں پولنگ ڈیوٹی انجام دینے کیلئے عملہ کی782جماعتوں کو روانہ کیا گیا۔ادھمپور پارلیمانی حلقہ اِنتخاب کے ڈوڈہ اور بھدرواہ اسمبلی حلقوں میں لگ بھگ 171 اِنتخابی جماعتوں کو پولنگ کے لئے تعینات کیاگیا  ہیں جہاں 18  اپریل کو ووٹ ڈالیں جائیںگے۔اِن اِنتخابی جماعتوں میں 94ڈوڈہ اور 77 بھدرواہ کے لئے روانہ کی گئیں جبکہ  اِنتخابی مواد بشمول ای وی ایم اوروی وی پی اے ٹی بھی اس عملے کے ساتھ روانہ کیا گیا۔اِنتخابی عملے کو روانہ کرنے کے عمل کی ضلع الیکشن آفیسر ڈوڈہ ڈاکٹر ساگر ڈی ڈائیفورڈ نے نگرانی کی۔منگلوار کو ڈوڈہ اور بھدر واہ کے دوردراز علاقو ںکے لئے179پولنگ پارٹیاں روانہ کی گئی تھیں۔ ضلع کشتواڑ کے دو اسمبلی حلقوں اندروال اور کشتواڑ میں اِنتخابات کے منصفانہ اِنعقاد کے لئے 376 پولنگ پارٹیاں روانہ کی گئی ہیں۔ضلع الیکشن آفیسر کشتواڑ انگریز سنگھ نے بتایا کہ کشتواڑ اسمبلی حلقے کے مختلف مراکز کے لئے 177 جبکہ اندروال اسمبلی حلقے کے پولنگ مراکز کے لئے 199پولنگ پارٹیاں روانہ کی گئی ہیں۔مڑواہ اور وڈوَن جیسے دُور دراز علاقوں کے لئے پولنگ عملہ ہوائی سروس کے ذریعے پہلے روانہ کیا جاچکا ہے ۔ا ِس کے علاوہ ای سی آئی ایل کے 26انجینئر بھی مختلف علاقوں کے لئے روانہ کئے جاچکے ہیں تاکہ اِنتخابات کے احسن اِنعقاد کو ممکن بنایا جاسکے۔اس سے قبل پولنگ عملے نے اپنے اپنے روانگی مراکز پر رِپورٹ کیا جہاں سے انہیں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور وی وی پی اے ٹی سمیت پولنگ مراکز کے لئے روانہ کیا گیا ۔اس دوران عملے کی روانگی سے پہلے انہیں ای وی ایم اور وی وی پی اے ٹی مشینوں کی تربیت فراہم کی گئی ۔بعد میں عملے کو سیکورٹی افراد اور پزائیڈنگ افسروں کے ہمراہ پولنگ مراکز کے لئے روانہ کیا گیا ۔ ووٹنگ کا عمل 18اپریل کو صبح 7سے شام 6بجے تک ہوگا۔ادھر ضلع گاندربل میں سرینگر پارلیمانی چنائو کے لئے کنگن اور گاندربل اسمبلی حلقوں کے پولنگ بوتھوں کے لئے تعینات 235پارٹیوں کو روانہ کیا گیا۔ان میں131پارٹیاں گاندربل کے لئے اور 104پارٹیاں کنگن اسمبلی حلقے کے لئے تعینات کی گئی ہیں۔پولنگ پارٹیوں کی روانگی حفاظتی دستوں کے ہمراہ ہوئی۔دونوں اسمبلی حلقوں کے چنائو مشاہد راہل شرما اورضلع چنائو آفیسر گاندربل حشمت علی خان نے پولنگ پارٹیوں کی روانگی کی نگرانی کی۔اس دوران ڈی ای او نے پولنگ آفیسران اور دیگر متعلقہ آفیسران کو فرض شناسی اورتندہی کے ساتھ کام کرنے کی تلقین کی۔اس موقعہ پر اے ڈی ڈی سی ،اے آر اووز،ڈی ڈی ای اواورنوڈل آفیسران کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔