تازہ ترین

ترال گرینیڈدھماکہ : اظہار فکر مندی پر عمر عبد اللہ نے محبوبہ مفتی کا شکریہ ادا کیا

16 اپریل 2019 (19 : 04 PM)   
(      )

عظمیِ نیوز ڈیسک

سرینگر/نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبد اللہ نے منگل کو پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی (پی ڈی پی) صدر محبوبہ مفتی کا اس بات کیلئے شکریہ ادا کیا کہ اُس نے ترال میں نیشنل کانفرنس کی الیکشن تقریب کے نزدیک گرینیڈ دھماکے پر فکر مندی کا اظہار کیا۔

 عمر نے اپنی ایک ٹویٹ میں محبوبہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا ''آپ کا شکریہ۔اللہ کی مہربانی سے پروگرام اختتام پذیر ہوا تھا اور مسعودی صاحب وغیرہ ایک ساتھی کے گھر میں تھے جب گرینیڈ دھماکہ ہوا۔بد قسمتی سے اشرف اور اُس کے گھروالوں کو کئی برس سے ایسے حملے جھیلنے پڑے ہیں''۔

اس سے قبل محبوبہ نے ایک ٹویٹ میں ترال گرینیڈ حملے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے تاہم اس بات کو لیکر اطمینان کا اظہار کیا تھا کہ اس حملے میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔ محبوبہ نے سب کی حفاظت کی دعا بھی کی تھی۔

واضح رہے کہ جنگجوئوں نے آج جنوبی کشمیر کے ترال میں نیشنل کانفرنس کی الیکشن تقریب کے نزدیک گرینیڈ دھماکہ کیا تاہم اس سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس ذرائع نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی الیکشن تقریب پارٹی کے مقامی لیڈر محمد اشرف بٹ کے گھر پر ہورہی تھی جس کے دوران گھر کے نزدیک گرینیڈ دھماکہ ہوا۔

پولیس ذرائع نے کہا کہ گرینیڈ زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا لیکن اس سے کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔