تازہ ترین

کانگریس کے ذہن میں ہار کا ڈربیٹھ گیا :شاہ

16 اپریل 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

کوڈینار//بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ نے آج کہا کہ کانگریس کے ذہن میں ہار کا ڈر بیٹھ جانے کی وجہ سے وہ ابھی سے ای وی ایم کا بہانا بنانے لگی ہے ۔مسٹر شاہ نے گجرات کے کوڈینار میں آج ایک انتخابی جلسے میں کہا کہ ابھی ایک مرحلہ کی ہی ووٹنگ ہوئی ہے ابھی سے کانگریس ای وی ایم کا بہانابنانے لگی ہے ۔وہ ہار کو پہچان گئی ہے اور اسی لئے کہہ رہی ہے کہ بی جے پی ای وی ایم کی وجہ سے ہی جیتے گی۔تین ریاستوں مدھیہ پردیش ،راجستھان اور چھتیس گڑھ میں اسمبلی انتخابات میں بھی ای وی ایم کا استعمال ہوا تھا اور کانگریس وہاں جیتی تھی۔اگر ای وی ایم میں خرابی ہے تو کانگریس نے وہاں اپنی حکومتوں کو حلف کیوں دلایا۔جہاں وہ جیت جائے وہاں تو ای وی ایم اچھی ہیں پر جب ہار ہو تو ای وی ایم بری ہوجاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کو پتہ نہیں ہے کہ اسے کیا کرنا چاہئے ۔ابھی حال ہی میں رافیل سے متعلق ایک فیصلے پر پارٹی کے صدر راہل گاندھی نے یہ کہنا شروع کردیا کہ عدالت نے حکومت کی سرزنش کی ہے جبکہ ایسا کچھ تھا ہی نہیں۔مسٹر شاہ نے الزام لگایا کہ پاکستان میں دہشت گرد کیمپ پر فضائیہ کی کارروائی کے بعد جب پورے ملک میں جشن کا ماحول تھا تب کانگریس کے دفتر میں پاکستان جیسا ماتم کا ماحول تھا۔اس کے ایک سینئرلیڈر سیم پترودا چار پانچ دہشت گردوں کی پلوامہ کارروائی کے لئے پاکستان کے خلاف بڑی کارروائی نہ کرنے کی وکالت کررہے تھے ۔مسٹر شاہ نے مودی حکومت کی مختلف کامیابیوں کا ذکر بھی تفصیل سے کیا جس میں پسماندہ طبقے کے کمیشن کو آئینی درجہ دینے اور غیر ریزرو طبقے کے غریبوں کو 10فیصد ریزرویشن دلانے کا بھی ذکر تھا ،جسے انہوں نے ملک کی سلامتی کے لئے سب سے بڑی کامیابی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی ملک کو محفوظ رکھ سکتے ہیں ۔کانگریس تو ووٹ کے لئے ملک کے اتحاد اور سالمیت سے بھی سمجھوتہ کررہی ہے ۔بی جے پی کشمیر کو ملک سے الگ نہیں ہونے دے گی۔انہوں نے کہاکہ اس وقت جیسا ماحول ہے اس سے نریندرمودی کی واپسی طے ہے ۔انہوں نے گجرات کے لوگوں سے ایک بار پھر سبھی 26لوک سبھا سیٹوں پر بی جے پی کو جتانے کی اپیل کی۔یواین آئی۔