تازہ ترین

مزید خبریں

12 فروری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک

مفتی فرید انجمن علماء جموں کے صوبائی صدر منتخب

سرینگر//انجمن علماء وائمہ مساجد کاایک اہم صوبائی اجلاس دارالعلوم قادریہ جموں میں امیرانجمن حافظ عبد الرحمن اشرفی مہتمم دارالعلوم سید المرسلین چوگام کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں علماء وائمہ مساجد کی متفقہ رائے سے معروف عالم دین مفتی فرید احمد قاسمی مہتمم دارالعلوم قادریہ جموں کو تنظیم کی طرف سے صوبہ جموں کیلئے صوبائی صدر منتخب کیا گیا۔ اجلاس میں مرکزکی طرف سے مولانا محمد یونس مظاہری مہتمم دارالعلوم شاہ ولی اللہ براکپورہ مہمان خصوصی تھے۔ اجلاس میںکہاگیا کہ ائمہ مساجد کو ملنے والا وظیفہ بہت ہی کم ہے جس سے ائمہ کا گھرخرچہ بھی نہیں چلتا ہے۔انجمن نے مساجد کی انتظامیہ کمیٹیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ائمہ مساجد کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے اور کم از کم ایک امام کی تنخواہ بیس ہزار روپے کیا جائے۔
 
 
 

 انقلاب ایران کی سالگرہ پر تحریک وحدت اسلامی کی مبارک 

نیوز ڈیسک

سرینگر // تحریک وحدت اسلامی کے سرپرست سید حسین نے ایران انقلاب کی چالیسویں سالگرہ پر ایرانی حکومت اورعوام کو مبارک پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران انقلاب کے رہبروں بالخصوص امام خمینی نے ایک اہم بات یہ کہی تھی کہ ایران دنیا بھر کے مظلوم، مقہور اور کمزور لوگوں کی بھر پور حمایت کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اس لحاظ سے کشمیر کے لوگ بجا طور پر توقع رکھتے ہیں کہ ایران ان کی تحریک آزادی کی پشت پناہی کرے گا اور بھارت کے ساتھ اپنے تمام تر تعلقات کو اس بات سے مشروط کرے گا کہ وہ جموں وکشمیر کی سرزمین پرقبضہ ختم کرے۔
 
 
 

چاڈورہ میں سنسنی، نوجوان کی نعش بر آمد

 سرینگر//اشفاق سعید//چاڈورہ میں اْ س وقت سنسنی کا ماحول پیداہو گیاجب علاقے میں ایک نوجوان کی نعش بر آمد کر لی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ شوکت احمد گنائی ولد غلام حسن گنائی ساکنہ پنزی پورہ چاڈورہ نے کیڑے مار دوائی کا استعمال کیا تھا جس کی وجہ سے مذ کورہ نوجوان کی موت واقع ہوئی۔  پولیس نے نعش کو اپنی تحویل لیکر قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد لواحقین کے سپردکیا۔ایس ڈی پی او چرار شریف فیاض احمد نے ’کشمیرعظمیٰ ‘کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہاکہ آج صبح یہ لاش ملی اور اس نوجوان نے زہر کھایا ہے۔
 
 
 

 وجے کمار نے نگروٹہ میں سرکاری ہسپتال کا معائنہ کیا 

جموں //گورنر کے مشیر کے وجے کمار نے نگروٹہ میں جگتی کا دورہ کر کے وہاں سرکاری ہسپتال کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے وہاں مائیگرنٹ کنبوں کیلئے دستیاب علاج و معالجہ کی سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں ڈاکٹر سمیر متو اور کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ مشیر نے تمام شعبوں کا معائینہ کر کے ڈاکٹروں سے دستیاب سہولیات اور آلات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں نے مشیر کو ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کی تعداد کے علاوہ سہولیات کے بارے میں جانکاری دی ۔
 
 

بانڈی پورہ ٹھیکیدار ایسوسی ایشن کے صدر کانگریس سے مستعفی

بانڈی پورہ//عازم جان//بانڈی پورہ ٹھیکیدار ایسوسی ایشن کے صدر نصیر احمد میر آل انڈیا نیشنل کانگریس کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہوئے ہیں۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے ضمیر کی آواز پر لبیک کہہ کر کانگریس سے استعفی دیااور وہ سیاسی حالات کا جائزہ لینے کے بعد ہی مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ نصیر احمد میر سابق وزیر مملکت اور ممبر اسمبلی بانڈی پورہ عثمان مجید کے نہایت ہی قریبی بھروسہ مند ساتھی تھے ۔
 
 
 

ڈی آئی جی شمالی کشمیر نے 48اہلکاروں کو ترقیوں سے نوازا 

نیوز ڈیسک

سرینگر //محکمانہ ترقیاتی کمیٹی کی ڈی آئی جی شمالی کشمیر اتل کمار کی سربراہی میں میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ایس ایس پی بارہ مولہ امتیاز حسین اور ضلع کے دوسرے آفیسران بھی موجودتھے۔ میٹنگ کے دوران ایگزیکٹیو رینج سے وابستہ 48پولیس اہلکاروں جن میں 11ہیڈ کانسٹیبل اور 37سلیکشن گریڈ کانسٹیبل شامل ہیں کو ایس آر او 14آف 1996بتاریخ 15/01/1996کے تحت ترقیوں سے نوازا گیا ۔ اس موقعے پر ڈی آئی جی شمالی کشمیر نے ترقی پانے والے پولیس افسراں اور اُن کے اہل خانہ کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ترقی پانے والے یہ اہلکار لگن اور تن دہی کے ساتھ اپنے فرائض بہ احسن خوبی انجام دیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی پرموشن پانے والے اہلکار عوامی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ امن و سلامتی کی بحالی کیلئے جوش و جذبہ اور پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے کی سعی کریںگے۔
 
 
 

اقتصادی ترقی میں بنکوں کا کلیدی رول:کیول کمار شرما

جموں//گورنر کے مشیر کیول کمار شرما نے کہا ہے کہ انسانی ترقی کو فروغ دینے اور اقتصادی ترقی یقینی بنانے میں بنکوں کا ایک کلیدی رول ہے۔ علاوہ ازیں کسی بھی ایک علاقے یا ریاست میں بنک کے دیرپا اثاثے قائم کرنے میں بھی مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔مشیر موصوف  نبارڈ کے علاقائی دفتر کی طرف سے منعقد کئے گئے ایک کریڈیٹ سمینار2019-20 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔سمینار میں پرنسپل سیکرٹری پشو و بھیڑ پالن ڈاکٹر اصغر سامون، علاقائی ڈائریکٹر آر بی آئی، چیئرمین جموں وکشمیر بنک، سی جی ایم نبارڈ اور کئی دیگر اعلیٰ افسروں نے بھی شرکت کی۔مشیر موصوف نے کہا کہ بنک خواہش مند کارخانہ داروں کو لازمی مالی معاونت فراہم کرتے ہیں اور حکومت کی لازمی کوششوں کی بدولت اقتصادی اور ترقیاتی اقدامات کو تقویت حاصل ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کی آبادی کا ایک بیشتر حصہ دیہی علاقوں میں آباد ہے لہذا نبارڈ کو ان علاقوں کی اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے میں اہم رول ادا کرنا ہوگا۔دیہی بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے میں نبارڈ کے رول کو اُجاگر کرتے ہوئے مشیر موصوف نے کہاکہ منظور کئے گئے پروجیکٹوں کی بدولت ان علاقوں میں سماجی و اقتصادی ترقی ممکن ہوتی ہے۔
 
 
 
 

ترال حادثے میں زخمی شہری چل بسا

ترال//سید اعجاز// ترال میںسوموار کے روز سوموکی ٹکرسے زخمی شہری اسپتال میں دم توڑ بیٹھا۔اس دوران پولیس نے واقعے کے حوالے سے کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی ہے ۔ ترال بازار میں سومو کی ٹکر سے زخمی 55سالہ محمد مقبول نائیک ولد غلام محمد نائیک ساکنہ ترال پائین اسپتال میں سوموار کی رات زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔ غلام محمد نائیک کو سوموار کے روز ترال بازار میں کسی نا معلوم سومو نے ٹکر مارکر بری طرح زخمی کر دیا تھا،جس کو بعد میں سرینگر منتقل کیا گیاجہاں وہ رات دیر گئے زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔
 
 
 

 اننت ناگ اورشوپیان میں مرکزی سکیم کی عمل آوری کا جائزہ لیاگیا

سرینگر//ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ محمدیونس ملک نے ڈاک بنگلہ کھنہ بل میں منعقدہ افسران کی ایک میٹنگ میں پردھان منتری کسان سمن ندھی سکیم کی موثر اورتیز عمل آوری کاجائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران ڈاٹا جمع کرنے،مستفیدین کی نشاندہی کرنے،ڈاٹا اپ لوڈ کرنے اورملازمین کی تعیناتی سمیت سکیم کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ سکیم کے تحت ایسے کسان کنبوں جن کے پاس دو ہیکٹر تک کاشت کی اراضی ہے کو براہ راست ماہانہ طور 6ہزار روپے کی معاونت دی جائے گی۔یہ آمدنی اُن کے کھاتوں میں دو دو ہزار روپے کی قسطوں میں جمع ہوگی ۔اس پروگرام پر یکم دسمبر2018ء کے تحت عمل آوری ہوگی۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ اس سکیم کا مقصد چھوٹے کسانوں کے لئے آمدنی کے ذرائع کو یقینی بنانا ہے۔ادھر اے ڈی ڈی سی شوپیان محمد سلیم ملک کی صدارت میں ضلع اورسیکٹورل افسران کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں پردھان منتری کسان سمن ندھی سکیم کے تحت ایسے کسانوں کی نشاندہی کے لئے حکمت عملی ترتیب دی گئی جو کہ اس سکیم کے لئے مستحق قراردئے جاسکتے ہیں۔اے ڈی ڈی سی نے زراعت،باغبانی ،مال اور دیہی ترقیاتی محکموں کو قریبی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی تاکہ مستحق کسان کنبوں کی نشاندہی کی جاسکے ۔
 
 
 

اوڑی میں آنگن واڑی ورکروں کا احتجاج

اوڑی//ظفر اقبال// اوڑی میں آنگن واڑی ورکروں نے سرینگر مظفر آباد شاہراہ پر احتجاج کیا اور الیکشن ٹریننگ کا بائیکاٹ کیا۔سوموار کو گورنمنٹ بائز ہائر سکنڈری سکول میں انتظامیہ نے آنگن واڑی ورکروں اور آشاورکروں کے لئے الیکشن ٹریننگ پروگرام کاانعقاد کیا تھا مگر آنگن واڑی ورکروں نے اِس پروگرام کا بائیکاٹ کر کے سرینگر مظفر آباد شاہراہ پراحتجاج کیا اور ایک گھنٹے تک گاڑیوں کی آمد ورفت کو روک دیا۔آنگن واڑی ورکروں کا کہنا تھا کہ اْنہیں آٹھ ماہ سے تنخواہیں واگزار نہیں کی گئی ہیں اور اِس سے قبل بھی انہوں نے الیکشن ڈیوٹی دی ہے مگر آج تک اْنہیں کوئی پیسا نہیں ملا۔
 
 
 
 
 
 

جڑی بوٹیوں کیلئے جامع منصوبہ بندی 

 تحفظ دینے میں تجربہ کار کسانوں کو شامل کیا جانا چاہئے: وجے کمار/سکندن

جموں//گورنر کے مشیر کے وجے کمار اور کے سکندن نے ریاست میں ادویاتی اہمیت کے پیڑ  پودوں کو ترقی دینے اور انہیں تحفظ دینے کیلئے ایک جامع منصوبہ بندی اور اختراعی لایحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ مشیر موصوف جے اینڈ کے سٹیٹ میڈیسنل پلانٹس بورڈ کی پہلی میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے ۔ میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم اتل ڈولو ، پی سی سی ایف سریش چُگ ، ڈویژنل کمشنر جموں سنجیو ورما کے علاوہ کئی دیگر افسران اور یونیورسٹیوں کے نمائندے بھی موجود تھے ۔ ڈویژنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی ۔ مشیروں نے اس طرح کے پودوں کو تحفظ دینے کیلئے کئے جا رہے اقدامات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس کام میں مہارت رکھنے والے کسانوں کو تحفظاتی کام میں شامل کیا جانا چاہئیے ۔ انہوں نے بورڈ ارکان کو ہدایت دی کہ وہ اس طرح کے پودے اگانے والوں کی نشاندہی کر کے اُن کی صلاحیتوں میں اضافہ کریں اور اُن کے تجربے سے استفادہ حاصل کریں ۔ مشیروں نے کہا کہ پرڈیوسرس سوسائیٹی وجود میں لانے کیلئے ذمہ داریاں عاید کی جانی چاہئیں ۔ انہوں نے ڈویژنل کمشنروں سے کہا کہ وہ محکموں کی رہنمائی کریں تا کہ پرڈیوسروں کی نشاندہی کرنے کے ساتھ ساتھ پرڈیوسرس سوسائیٹی کی تشکیل بھی ممکن ہو سکے۔
 
 

اسمبلی انتخابات کیلئے ضلعی کمیٹیاں متحرک ہوجائیں : بھیم سنگھ

جموں// نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر بھیم سنگھ نے پارٹی کے ضلعی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ضلع سطح کی کمیٹیوں کی میٹنگ کریں تاکہ آئندہ اسمبلی انتخابات کے لئے امیدواروں کے نام طے کئے جاسکیں۔اس سلسلہ میں پارٹی کی مجلس عاملہ کی میٹنگ منعقد کی گئی ۔ کمیٹی نے طویل بات چیت اور غور و خوض کے بعد پارٹی کے چیئرمین ہرش دیو سنگھ اور ریاستی صدر بلونت سنگھ منکوٹیا سے اپیل کی کہ وہ تمام اضلاع کی ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر یا جموں ہیڈکوارٹر یا پھرکشمیر ہیڈکوارٹر پر دس دنوں کے اندر ایک میٹنگ بلائیں ۔
 
 
 

بارہمولہ میں ملیٹنسی متاثرین کے حق میں7 لاکھ روپے منظور

بارہمولہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر ناصر احمد نقاش کی صدارت میں ڈی ایل ایس سی سی کی میٹنگ منعقد ہوئی۔میٹنگ کے دوران 21معاملات کو زیر بحث لایاگیا۔جن میں سے5معاملات نمٹائے گئے جبکہ باقی 13معاملات مزید وضاحت اوردوبار ہ جانچ کی اجازت کے لئے جی اے ڈی کو ریفر کئے گئے۔5معاملا ت میں 3معاملات کے تحت فی کس ایک لاکھ روپے کی ادائیگی کی منظوری دی گئی جب کہ ایک معاملے کے لئے 4لاکھ روپے کی ادائیگی کو بھی منظور کیا گیا۔
 
 
 
 
 
 
 

مزاحمتی کارکنان تھانہ نظربند

سرینگر// محمد مقبول بٹ کی برسی پر پولیس نے تحریک حریت کے سینئر رکن سید امتیاز حیدر ، بشیر بڈگامی، محمد یوسف بٹ، محمد یاسین عطائی، گلزار احمد پہلوان کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے مذکورہ افراد کو 10فروری کو گرفتار کرکے پولیس تھانہ بڈگام میں بند رکھا ۔ محمد افضل گورو کی 9فروری کو برسی کے تناظرمیں پولیس نے مذکورہ افراد کو 8فروری کو بھی گرفتار کیا تھا۔ 
 
 

درماندہ مسافروں کیلئے رہائشی انتظامات

بانہال // برفباری اور بارشوں کے دوران پسیوں کی وجہ سے شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے درماندہ مسافروں کیلئے نوگام ، ٹھٹھہاڑ ، گنڈ عدلکوٹ بانہال ، ڈگڈول اور پیڑاہ کے مقام پر مسافرخانوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ جن میں نوگام ، ٹھٹھہار اور گنڈ عدلکوٹ بانہال کے مسافر خانے قابل استعمال ہیں اور شاہراہ کے بند ہونے کی صورت میں یہاں چار سو سے پانچ سو تک مسافروں کے ٹھہرنے کی گنجائش ہے۔ 
 
 
 

 برفباری کے بعد اہم خدمات کی بحالی

شوپیان میں خصوصی ٹیم نے اقدامات کا جائز ہ لیا

شوپیان//ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان ڈاکٹر اویس احمد کی طرف سے ضلع میں برفباری کے بعد اہم خدمات کی بحالی کے لئے قائم کی گئی خصوصی ٹیم نے ضلع ہسپتال شوپیان مختلف میونسپل وارڈوں،امام صاحب،ناگہ بل ،چھتری گام اور زینہ پورہ علاقوں کادورہ کیا۔قصبہ میں ٹیم نے اہم سڑکوں اورگلی کوچوں میںبرف ہٹانے کے کام کاجائزہ لیا اور سڑکوں کی کشادگی کے لئے مزید برف ہٹانے کے لئے ایم سی شوپیان کے آفیسران کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا۔خصوصی ٹیم نے ضلع ہسپتال میں مختلف وارڈوں کا معائنہ کیا اورمریضوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ہسپتال میںدستیاب علاج ومعالجہ کے بارے میںجانکاری حاصل کی۔امام صاحب میںٹیم نے پی ایچ سی کادورہ کیا تاہم اِسے مُقفل پایا گیا۔بعد میں مقامی لوگوں کے ساتھ مختلف معاملات پر بات چیت کی گئی۔ٹیم نے واٹر سپلائی سکیموں کی بحالی کا بھی جائزہ لیا۔ضلع انتظامیہ نے عوام اور وفود کو یقین دہانی کرائی کہ اُن کی شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیا جائے گا۔
 
 
 

جموں میں درماندہ کشمیری مسافروںپرحملہ تشویشناک:جمعیت علماء

سرینگر// جمعیت علماء اہل السنت والجماعت جموں وکشمیر نے جموں میں درماندہ کشمیری مسافروں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے انہیں فوراً گرفتار کرنے کا مطالہ کیا ہے۔جمعیت علماء کے سکریٹری اور مہتمم دارالعلوم شیری بارہمولہ مولانا شیخ عبدالقیوم قاسمی نے کہاکہ مجبوروں اور لاچاروں کو ستانے کی اجازت کسی بھی مذہب میں نہیں ہے اور جن ہندو بلوائیوں نے نہتے کشمیری درماندہ مسافروں پر جموں میں حملہ کیا ہے انہوں نے ہندو مذہب کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے اورہندو مذہبی رہنماؤں کو اس کا سخت نوٹس لینا چاہئے۔ مولانا قاسمی نے حکومت سے  مطالبہ کیا کہ ملوثین کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ اسطرح کا معاملہ پیش نہ آئے۔