تازہ ترین

میں صرف گورنر نہیں چیف منسٹر بھی ہوں: ستیہ پال ملک

12 فروری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
 جموں//(یو این آئی) ریاست کے گورنر ستیہ پال ملک نے کہا کہ وہ جموں کشمیر کے صرف گورنر ہی نہیں بلکہ وزیر اعلیٰ بھی ہیں۔ گورنر موصوف نے گذشتہ روز ضلع ریاسی کے کٹرہ ٹاون میں ایک تقریب کے اختتام پر نامہ نگاروں کو بتایا کہ وہ ریاست کے صرف گورنر ہی نہیں بلکہ وزیر اعلیٰ بھی ہیں اور انہیں ہر معاملے پر بیان دینا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی روزانہ بنیادوں پر مرکزی حکومت کی تنقید کرے گا تو کسی کو اُن کا جواب دینا ہے اور میں اپنی حکومت کا نقطہ نظر عوام کے سامنے رکھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ راج بھون ہمہ وقت گالف کھیلنے کا کوئی میدان نہیں ہے۔ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کی طرف سے انہیں سیاسی بیانات دینے پر ہدف تنقید بنانے کے سوال کے جواب میں گورنر موصوف نے کہا’’کیا گورنر ہاوس صرف اس لئے ہوتا ہے کہ گورنر سارا وقت گالف کھیلے؟ گورنر راشٹر پتی( صدر جمہوریہ)کا نمائندہ ہوتا ہے۔ راشٹر پتی کی دلی میں سرکار ہے، تم روز اس سرکار کو گالی دو گے تو کوئی تو اس کا جواب دے گا۔ میں ابھی صرف گورنر نہیں ہوں، میں چیف منسٹر بھی ہوں۔ جس سرکار کی میں نمائندگی کرتا ہوں، مجھے اس کا نقطہ نظر بھی سامنے رکھنا ہے۔ یہ کونسی سیاست ہے‘‘۔ فوج کی بھر پور حمایت کرنے کا عزم دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہوں اور فوج کے ساتھ رہوں گا۔ انہوں نے کہا’’میں اپنی فورسز کے ساتھ کھڑا ہوں۔ میں اپنے فوجیوں کے ساتھ ہوں‘‘۔
 
 

عمرعبداللہ نے گورنر کے بیان کی تنقید کی

سرینگر//نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے گورنر کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ مستقبل قریب میں لوگ راج بھون کو سنجیدگی سے لینا بند کریں گے۔ قابل ذکر ہے کہ گورنر موصوف نے حال ہی میں کہا کہ پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو سنجیدگی سے نہیں لیا جانا چاہئے کیونکہ ان کی جماعت پاش پاش ہورہی ہے۔
 
 

رہنمائی کیلئے ووہرا سے رجوع کریں:نعیم اختر

سرینگر// پی ڈی پی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر نعیم اختر نے گورنر کے اس بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی گورنر ستیہ پال ملک کو رہنمائی کے لئے ریاست کے سابق گورنروں ایل کے جھا اور این این ووہرا کی طرف رجوع کرنا چاہئے۔ اختر نے کہا کہ گورنرنے بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر رانا کے اس بیان کو صحیح ثابت کردیا ہے جس میں انہوں نے گورنر ستیہ پال ملک کو اپنا ہی بندہ قرار دیا تھا۔