تازہ برفباری کے بعد چوکی بل کرناہ سڑک بند

متعدد دوردراز علاقوں کا رابطہ صدر مقام سے منقطع

12 جنوری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

اشرف چراغ
 کپوارہ//تازہ برفباری کی وجہ سے چوکی بل کرناہ سڑک گاڑیو ں کی آ مد و رفت کیلئے دوبارہ بند ہوگئی ہے۔ادھر کپوارہ کے دیگر سرحدی علاقوں کا ضلع صدر مقام سے گزشتہ ایک ہفتہ سے رابطہ منقطع ہے جس کے نتیجے میں لوگو ں کا بنیادی سہولیات کے حوالہ سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ کپوارہ کے میدانی علاقوں میں 2سے 4انچ تازہ برف جمع ہوئی لیکن ضلع کے نستہ ژھن گلی ،فرکیا ں ٹاپ اور زیڈ گلی مژھل پر 1سے ڈیڑھ فٹ برف ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں چوکی بل کرناہ سڑک محض 3روز کے بعد دوبارہ گا ڑیو ں کی آ مد و رفت کے لئے بند کر دی گئی ۔اس دوران حد متارکہ پر واقع کیرن ،مژھل اور جمہ گنڈ علاقے حالیہ بھاری برفباری کی وجہ سے گزشتہ ایک ہفتہ سے ضلع صدر مقام سے کٹ کر رہ گئے ہیں اور ضلع انتظامیہ نے ان علاقوں کو جانے والی شاہرائو ں پر برف ہٹانے کاکام شروع کیا تھا تاہم تازہ برف باری کی وجہ سے کیرن ،مژحل اور جمہ گنڈ کی سڑکوں پر دو بارہ بھاری برف جمع ہوئی ہے ۔کیرن اورمژھل علاقوں میں بنیادی سہولیات ختم ہونے کی وجہ سے لوگو ں میں تشویش پائی جارہی ہے ۔کیرن سے ایک مقامی شہریو ں نے ایس ٹی ڈی فون کے ذریعے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ سڑک بند رہنے کی وجہ سے یہا ں ایک درجن سے زائد مریض بہتر علاج و معالجہ کے لئے ترس رہے ہیں جبکہ بازار میں اشیا ئے ضرورریات کی قیمتیں آ سمان کو چھو رہی ہیں ۔انہو ں نے کہا کہ ان کے عزیز ،جو کسی ضروری کام سے کپوارہ یا وادی کے دیگر علاقوں میں گئے تھے ،سڑک بند رہنے کی وجہ سے وہ کپوارہ کے مختلف مقامات پر درماندہ ہوکر رہ گئے ہیں اور سڑک رابطہ مسلسل بند رہنے کی وجہ سے پیسے ختم ہو چکے ہیں ۔لوگو ں نے مطالبہ کیا کہ اگر موسم ناساز گار ہونے کی وجہ سے سڑک رابطہ نہیں کھلتا تو ان علاقوں کو ہیلی کا پٹر سروس کا اہتمام کیا جائے تاکہ ضرورت مند لوگو ں کو آنے جانے میںآسانی ہو ۔
 

تازہ ترین