سرپنچ ترقیاتی عمل میں بڑھ چڑھ کر شرکت کریں:گورنر

جموں میں صوبہ بھر کے نمائندگان کیلئے حلف برداری تقریب منعقد

12 جنوری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

 جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے جموں صوبے کے نئے منتخب شدہ سرپنچوں کی حلف برداری تقریب میں حصہ لیا جس کا اہتمام محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج نے کیا تھا۔ گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی اور کے ۔ وِجے کمار اس موقعہ پر موجود تھے۔ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری اُمنگ نرولہ ، سول و پولیس محکموں کے اعلیٰ افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔گورنر نے متعلقہ پنچایتوں کے لئے سرپنچوں کے انتخاب کے لئے اُنہیں مبارک باد دی ۔اُنہوں نے کہا کہ اُن کے علاقوں میں ترقیاتی عمل کی منصوبہ بند ی عمل میں لاتے ہوئے لوگوں کی ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے سرپنچ اپنا اہم رول ادا کرسکتے ہیںاور حکومت کی طرف چلائی جارہی بہبودی کی سکیموں کی عمل آوری پر بھی قریبی نگاہ رکھ سکتے ہیں۔گورنر نے سرپنچوں اور پنچوں کی اُن کاوشوں کو بھی سراہا جو انہوں نے کھلے دِل سے پنچایتی انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے انجام دیںاور جو لگ بھگ سات برس کے عرصے کے بعد منعقد کئے گئے۔ان انتخابات میں 74.1فیصد رائے دہندگی ریکارڈ کی گئی ۔اُنہوں نے لوگوں اور متعلقہ سرکاری افسروں کی طرف سے کی گئی کار کردگی کو بھی سراہا جس کے تحت صاف و شفاف انتخابات یقینی بنائے گئے ۔انہوں نے ملک میں اس عمل کو جمہوریت کی ایک بڑی کامیابی قرار دی۔گورنر نے کہا کہ پنچایتی راج ایکٹ میں بڑے پیمانے پر ترامیم کی گئیں جن کی بدولت حکومت نے پنچایتی راج اداروں کو 19محکموں کے رقومات دیگر اختیارات تفویض کئے ۔اُنہوں نے سرپنچوں پر زور دیا کہ وہ ان رقومات کا منصفانہ استعمال کر کے ترقیاتی عمل کو جاری رکھیں۔گورنر نے اس موقعہ پر یقین دلایا کہ انتظامیہ سرپنچوں اور پنچوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گااور جو بھی ترقیاتی اقدامات حکومت کو اٹھانے ہوں گے ان میں پنچوں اور سرپنچوں کی رائے کو مد نظر رکھا جائے گا۔گورنر نے سرپنچوں پر زور دیا کہ بنیادی سطح پر صحت و تعلیم سیکٹروں کو مضبوط بنانے اور انہیں استحکام بخشنے کے اقدامات یقینی بنائیں ۔اُنہوں نے مزید ہدایات جاری کیں کہ دیہی سطح پرکھیل کود کے بنیادی ڈھانچے کو ترقی دیتے ہوئے نوجوانوں کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کی کوششیں عمل میں لائیں ۔گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے اس موقعہ پر انتخابات میں حصہ لینے اور کامیابی حاصل کرنے کے لئے سرپنچوں کو مبارک باد دی ہے ۔اُنہوں نے دیہی ترقی کی سیکرٹری شیتل نندا کو صلاح دی کہ وہ پنچوں اور سرپنچوں کے لئے کثیر اللسان لٹریچر تیار کریں تاکہ ان لوگوں کو اپنی ذمہ داریوں کے بارے میں جانکاری حاصل ہو۔گورنر کے مشیر کے ۔ وِجے کمار نے بھی کامیابی سرپنچوں کو مبارک باد دیتے ہوئے اُنہیں اپنے اپنے علاقوں میں ترقیاتی عمل کو تیز تر کرنے کی ہدایت دی۔دیہی ترقی کی سیکرٹری شیتل نندا نے اپنے محکمہ کی طرف سے پنچایتوں کو بھرپور تعاون دینے کی یقین دہانی کی۔اُنہوں نے کہا کہ ان لوگوں کیلئے تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا جارہا ہے جسے محکمہ دیہی ترقی بہت جلد شروع کرے گا۔اِس سے قبل گورنر نے سرکاری محکموں کی طرف سے لگائے گئے اُن سٹالوں کا جائزہ لیا جو مختلف مرکزی و ریاستی حکومتوں کے بہبودی سکیموں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لئے لگائے گئے تھے۔پنچایتی انتخابات پر ایک مختص فلم کا بھی اس موقعہ پر فلمائی گئی۔ڈی جی محکمہ دیہی ترقی ریحانہ بتول نے خطبہ اِستقبالیہ اور اے سی ڈی سانبہ مدّ ثر لطیف تاثیر نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔
 

تازہ ترین