لورن میں شبانہ آتشزدگی،چار منزلہ رہایشی مکان خاکستر

نقدی اورزیورات بھی ہوئے راکھ کے ڈھیرمیں تبدیل

9 نومبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

عشرت حسین بٹ
منڈی//تحصیل منڈی کے علاقہ لورن بیڑاں میں دیر رات گئے ایک چار منزلہ رہائشی مکان میں اچانک آگ نمودارہوئی جس کی وجہ سے مکان اوراس میں موجودساٹھ ہزار نقد اور کچھ زیورات بھی جل کر راکھ ہو گئے ۔پولیس ذرائع کے مطابق منڈی صدر مقام سے تیرہ کلو میٹر دوری پر واقعہ لورن بیڑاں میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کو محمد رفیق ولد غلام احمد کے چار منزلہ رہایشی مکان میں اچانک آتشزدگی کی واردات پیش آئی جس کے نتیجے میں مکان کی چاروں منزلیں جل کر تباہ ہوگئیں۔ اس آتشزدگی کی واردات  میں ساٹھ ہزار روپے نقدی کے علاوہ سونے اور چاندی کے زیورات بھی جل کر راکھ ہو گئے ۔آگ کی واردات 2.30 پیش آئی۔ ایس ایچ او لورن شکیل منہاس نے واقع کے حوالے سے کشمیر اعظمی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات کو آتشزدگی کی وارداد پیش آئی ۔انہوں نے کہا کہ محمد رفیق کا بھائی منظور احمد جو کہ میراذاتی محافظ بھی ہے نے رات کے ڈھائی بجے پولیس تھانہ لورن میں فون کر کے انہیں اطلاع دی کہ ان کے رہایشی مکان میں آگ لگ گئی ہے جس پر انہوں نے منڈی فایر اینڈ امرجنس محکمہ کو مطلع کیا جنہوں سے وہاں سے پانی کی گاڑی بھی بھیجی انہوں نے کہا کہ جب تک فائرسروس کی گاڑی لورن بیڑاں پہنچتی تب تک مکان کا آگ کی وجہ سے کافی نقصان ہوچکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں اور پولیس کی مدد سے جانی نقصان ہونے سے بچا لیا گیا البتہ مکان میں نقد اور زیورات جل کر راکھ ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ مکان میں آگ لگنے کی وجوہات ابھی تک معلوم نہ ہو سکیں البتہ پولیس کی تحقیقات جاری ہے۔
 

تازہ ترین