چودھری سلام دین کاانتقال ،نمازجنازہ میں بھاری تعدادمیں لوگوں کی شمولیت

سیاسی ،سماجی ومذہبی تنظیموں کاغمزدہ خاندان کے ساتھ اظہارتعزیت

9 نومبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

راجوری// ضلع راجوری کے علاقہ رہان سے تعلق رکھنے والی مشہور سماجی شخصیت سابق تحصیلدار حاجی سلام دین بدھ کے روز حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال کرگئے۔ مرحوم نے اپنی زندگی کی آخری سانس رہان میں اپنی رہائش گاہ پر لیں۔ قابل ذکر ہے کہ مرحوم سلام دین ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر شاہد اقبال اور معروف صحافی ظفر چودھری کے والد اور ممبر اسمبلی درہال و سابق وزیر چودھری ذوالفقار علی کے بہنوئی بھی تھے۔ چودھری سلام دین کی وفات پر سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی کے علاوہ متعدد سیاسی، سماجی و مذہبی شخصیات نے سوگوار کنبے کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ مرحوم حاجی سلام دین کوجمعرات کو ان کے آبائی گاؤں رہان میں بعد نماز ظہر ہزاروں پرنم آنکھوں کے سامنیسپرد خاک کیا گیا۔ انکے نماز جنازہ میں ضلع بھر کے ساتھ ساتھ ریاست کی دیگر علاقوں سے آے ہوئے افراد کی بھاری تعدادنے شرکت کی۔ 

جامعہ ضیاء الاسلام 

راجوری //موت ایک ایسا کڑوا گھونٹ ہے جس کا ذائقہ ہر ذی روح کو چکھنا ہے مگر مبارک ہیں وہ لوگ جو نیک نامی، باوقار اور دیندارانہ زندگی گزارتے ہیں، ان خیالات کا اظہار جامعہ ضیاء الاسلام منجہ کوٹ کے ناظم اعلی مولانا حافظ محمد الیاس نے جامعہ میں منعقدہ تعزیتی اجلاس کے دوران  کیا۔ انھوں نے کہا کہ مرحوم حاجی سلام دین حقیقت میں سلام دین تھے جنھوں نے جہدمسلسل، جانفشانی، عرق ریزی اور بے انتہا لگن کے ساتھ اپنی اولاد کی تعلیمی وتربیتی نشوونما کی جس کا نتیجہ ہے کہ آج ان کے فرزندان ظفر چوہدری ، جاوید چودھری اور ڈاکٹر شاہد اقبال ودختران باوقارزندگی بسر کررہے ہیں۔مولانا الیاس نے کہا کہ ایسے بزرگوں کے دستِ شفقت، حکیمانہ لہجے اور تربیتی سایے سے آج نہ صرف ان کی اولاد بلکہ ہم سب محروم ہو گئے۔انھوں نے کہا کہ مرحوم کی زندگی کا ہر اک باب اور ان کے گزرے ایام کی شیریں یادیں اور دین سے گہری وابستگی اور اہل علم سے مضبوط دوستی کی مثالیں جنھیں وہ اپنے پیار بھرے جملوں میں اداکرکے سناتے تھے بالترتیب کانوں میں گردش کررہی ہیں۔ مولانا نے مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے اور مرحوم کے خاندان کے ایک دوسرے کے ساتھ ساتھ اس قدر گہرے مراسم ہیں کہ آج جامعہ کے طلبہ اور خاندان کا ایک ایک فرد دکھ کی اس گھڑی میں مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہم تمام دعا گو ہیں کہ خداوند کریم مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے آمین۔ تقریب کا اختتام ناظم جامعہ کی دعا پر ہوا۔

پی ڈی پی راجوری

راجوری// پی ڈی پی اکائی ضلع راجوری کا ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں حاجی سلام دین سابق افسر محکمہ مال کی وفات پر اظہار افسوس کیا گیا۔ضلع راجوری پی ڈی پی کے ترجمان تعظیم ڈار نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ سلام دین مرحوم کی وفات نے سماج میں ایک خلا پیدا کر دی ہے جسے پر نہیں کیا جا سکتاہے۔ انہوں نے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے اللہ سے دعا کی ہے کہ مرحوم کی روح کو امن نصیب ہو اور لواحقین کو صبر جمیل عطا ہو۔ انہوں نے کہا کہ سلام دین مرحوم کی خدمات کو علاقے کے لوگ ہمیشہ یاد رکھیںگے۔

 الجمعیۃ جامعہ امام محمد انور شاہ کشمیری ؒ

پونچھ/حسین محتشم/ ضلع ترقیاتی کمشنربانڈی پورہ شاہد اقبال چوہدری کے والدریٹائرڈ تحصیلدار حاجی سلام دین کے انتقال پر ضلع پونچھ کی معروف تنظیموں اور سیاسی، سماجی کارکنان نے اظہار تعزیت کیا ہے۔اس سلسلہ میں جمعیۃکے آل انڈیا جنرل سکریٹری مولانا شہزاد انوری نے کہا ہے کہ خطہ پیرپنجال رفتہ رفتہ بزرگوں، علم دوست ہستیوں اور باوقار شخصیات سے خالی ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم خطے  پیر پنچال کے نامور سپوت اور ریاست کے تجربہ کار ماہر امور اور انتظامی امور سے گہری وابستگی رکھنے والے علم دوست بزرگ تھے۔انہوں نے کہا کہ حاجی سلام دین مرحوم سے اس عاجز کی بالمشافہ گرچہ کبھی ملاقات نہیں ہوئی مگر شنیدہ از بزرگان کی روشنی میں کہا جا سکتا ہے کہ مرحوم ایک ایماندار شخصیت کے مالک تھے اور ہمیشہ فقراء ، غرباء  ومساکین کی حوصلہ افزائی کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ حاجی مرحوم کے انتقال سے ایک سماجی خلا پیدا ہوگیاہے اور آج ہونہار فرزندان اپنے والد کی شفقت سے محروم ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ حاجی مرحوم ان خوش نصیب والدین میں سے تھے جنھوں نے اپنے فرزندان کو علمی میدان میں آگے بڑھایا اور آج شاندار منتظم کی صورت میں مرحوم کے فرزندشاہد اقبال چودھری آئی اے ایس اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الجمعیۃ جامعہ امام محمد انور شاہ کشمیری علیہ الرحمہ وجامعہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا للبنات وحضرت علامہ انورشاہ کشمیری اسلامک انٹر نیشنل اکیڈمی کے تمام اساتذہ، ملازمین، طلبہ وطالبات دکھ کی اس گھڑی میں مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ پاک انھیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔

سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن

پونچھ//غیر سرکاری سوشل دیولمنٹ آرگنائزیشن کے چیرمین عظیم علی شاہ کی قیادت میں ایک تعزیتی اجلاس ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ شاہد اقبال چودھری آئی اے ایس کے والد مرحوم سلام الدین کے انتقال کے سلسلے میں منعقد کیا گیا جس میں غیر سرکاری تنظیم کے درجنوں کارکنان نے شرکت کی۔اس دوران مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم سلام الدین کی موت سے جو خلاء پیدا ہوا ہے اسے پُر نہیں کیا جا سکتا ۔انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک نیک سیرت اور باکردار شخصیت تھے جنہوں نے  آخری سانس تک عوامی خدامات انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی ذہانت کا اس بات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے اپنے بچوں کی بہت اچھی پرورش کی جو آج علم و اداب کی دنیا کے ساتھ ساتھ سماجیات میں اپنا لوہا منوا رہے ہیں۔اس دوران مرحوم کے لئے خصوصی فاتحہ خوانی کی گئی اور خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ 

 پیس اینڈ برادر ہوڈ ہیومن ویلفیئر سوسائٹی

پونچھ// خطہ پیر پنجال کی معروف سماجی شخصیت حاجی سلام دین کے انتقال پر ماسٹر جلال الدین پیس اینڈ برادر ہوڈ ہیومن ویلفیر سوسائٹی پونچھ کی جانب سے بھی ایک تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم حاجی سلام الدین کے اس اچانک فراق سے پورے خطے کو جو نقصان ہوا ہے وہ ناقابل تلافی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسی شخصیات صدیوں میں جنم لیتی ہیں جو بیک وقت صوم و صلوٰۃ کی پابند اور حقوق العباد کی پاسدار ہوا کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرحوم کی وفات سے جہاں پورا خطہ پیر پنجال مغموم ہے وہیں ماسٹر جلال الدین پیس اینڈ برادر ہوڈ ہیومن ویلفیر سوسائٹی پونچھ بھی بے حد غمگین ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ  مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کے ساتھ ساتھ لواحقین کے ساتھ غم کی اس گھڑی  میں برابر کا شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ ہم سب کو موت سے پہلے پہلے موت کی تیاری کی توفیق عطا فرمائے۔

شیعہ فیڈریشن پونچھ 

 پونچھ//شیعہ فیڈریشن صوبہ جموں کے نائب صوبائی صدر الحاج محمد بشیر میر نے بھی مرحوم حاجی سلام الدین کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شعیہ فیڈریشن صوبہ جموں مرحوم کے تمام لواحقین کو تعزیت پیش کرتی ہے خصوصی طور پر مرحوم کے فرزند ارجمند ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ شاہد اقبال چودھری آئی اے ایس کے ساتھ اس غم کے موقع پر تعزیت کااظہار کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک قابل ترین شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے اپنی سروس کے دوران مختلف علاقہ جات میں اپنے فرائض منصبی انجام دیتے ہوئے عوام الناس کیبے پناہ خدمت کی۔انہوں نے کہا کہ موت حق ہے جس کا مزہ ہر انسان کو چھکنا پڑے گا لیکن کچھ افراد کے انتقال سے قومی نقصان ہوتا ہے جن میں ایک مرحوم بھی تھے۔انہوں نے کہا کہ وہ پرودگار عالم سے  دعا گو ہیں کہ وہ مرحوم کی مغفرت فرمائے ،انکو کروٹکروٹ جنت الفردوس عطا کرے اور ان کے تمام پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ 
 

تازہ ترین